کرناٹک کے چنچولی بس اسٹانڈ سے آر ٹی سی بس کی چوری
12 گھنٹوں کی تلاشی کے بعد وقارآبادضلع کے تانڈور میں دستیاب
وقارآباد/تانڈور: 21۔فروری (سحرنیوزڈاٹ کام)
گزشتہ دنوں ریاست بہار میں چوروں نےناقابل یقین چوری کی وارداتوں کےذریعہ چوری کےتمام ریکارڈز توڑ کررکھ دئےتھے۔جبکہ مکانات،دُکانات اور مذہبی مقامات سے چوری،مختلف خانگی گاڑیوں اور اشیاء کی چوری عام بات ہیں۔لیکن بہار کےمختلف مقامات پر گذشتہ چند ماہ کے دؤران لگاتار ریل انجن کی چوری،لوہے کے پل کی چوری،موبائل ٹاور کی چوری اور ایک گاؤں کی دو کلومیٹر سڑک کی چوری کامعاملہ تازہ ہی تھا کہ جاریہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں اسی بہار کےسمستی پور میں دو کلومیٹر طویل ریل کی پٹریاں (ریلوے ٹریک) چوری کرنے کا ناقابل یقین اورسنسنی خیز معاملہ سامنے آیا تھا۔
اسی دؤران آج ریاست تلنگانہ کے وقارآبادضلع کے تانڈور ٹاون سےملحق کرناٹک ریاست میں موجود چنچولی تعلقہ کے بس اسٹانڈ سے ایک کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن(کے ایس آرٹی سی)کی بس کےسرقہ کاتعجب خیز معاملہ سامنے آیاہے۔بالآخر کرناٹک اور تلنگانہ پولیس کی جانب سے 12 گھنٹے کی لگاتار تلاشی کے بعد سرقہ شدہ بس وقارآباد ضلع کے تانڈور میں دستیاب ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق چنچولی بس اسٹانڈ سے آج منگل کی صبح کی اولین ساعتوں میں 30-3 بجے نامعلوم شخص نے کے ایس آر ٹی سی کی بس نمبر KA 38 F 971 کا سرقہ کرلیا۔جب 6 بجے صبح اس بس کو بس اسٹانڈ کے پارکنگ اسٹانڈ پر لانے کے لیے ڈرائیور وہاں پہنچا تو یہ بس اپنے مقام سے غائب پائی گئی۔
چنچولی کے بس ڈپو اور بس اسٹانڈ میں مکمل تلاش کرنے کے بعد بھی اس بس کا پتہ نہیں چل پایا۔بعدازاں بس ڈپو انتظامیہ نےگلبرگہ میں موجود ڈی سی محکمہ آر ٹی سی ویریش کواس بس کےسرقہ کی اطلاع دی۔جنہوں نےچنچولی پولیس اسٹیشن میں اس بس کی چوری کی شکایت درج کروائی ۔جس کےفوری بعد چنچولی پولیس نے اس مسروقہ بس کا پتہ چلانے کےلیے تین خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دیں۔جو بس کی تلاش میں مصروف ہوگئیں۔
ساتھ ہی چنچولی بس ڈپو کےعہدیداروں نے چنچولی سے 30 کلومیٹر کےفاصلہ پر موجود تانڈور کے پولیس عہدیداروں کو اس بس کے سرقہ کی اطلاع دیتے ہوئے اس کی تلاشی میں تعاون کی گزارش کی۔
تانڈور پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر نصب سی سی ٹی کیمروں کی مدد سے اس مسروقہ بس کا سراغ لگانے کی کوشش کے دوران تانڈور منڈل میں موجود بھوکیلاش کے قریب مسروقہ بس کا سراغ دستیاب ہوا۔جسے سرقہ کرنے والا وہاں چھوڑ کر فرار ہوگیاتھا۔فوری کرناٹک اور تانڈور پولیس،ڈی سی گلبرگہ اور دیگر عہدیدار جائے مقام پر پہنچ گئے اور بس کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
اس طرح پورے 12 گھنٹوں کی تگ و دد اور تلاشی مہم کےبعد کرناٹک سے مسروقہ بس تلنگانہ کے تانڈور سے برآمد کرلی گئی۔اب چنچولی (کرناٹک) اور تانڈور ( تلنگانہ) کی پولیس اس بس کوچنچولی بس اسٹانڈ سے سرقہ کرنےوالے نامعلوم شخص یا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ڈی سی کے ایس آر ٹی سی گلبرگہ شیوا کمار نے تانڈور اور چنچولی پولیس کا شکریہ ادا کیا کہ اندرون 12 گھنٹے اس مسروقہ آر ٹی بس کا پتہ لگالیا گیا۔
” بہار میں پیش آنے والی چوری کی وارداتوں کی تفصیلات اس لنک پر "
بہار میں دو کلومیٹر طویل ریل کی پٹریاں چوری, آر پی ایف کے دو ملازمین معطل

