لیفٹیننٹ گورنر پدوچیری کرن بیدی عہدہ سے ہٹادی گئیں

ریاستی خبریں قومی خبریں

لیفٹیننٹ گورنر پدوچیری کرن بیدی عہدہ سے ہٹادی گئیں

نئی دہلی : 16۔ فروری ( ایجنسیاں)

عہدہ سے برطرف کرن بیدی ـ (تصویر : انڈین ایکسپریس)

آج رات لیفٹنٹ گورنر پدوچیری ( سابق پانڈیچری) کرن بیدی کو ان کی خدمات سے ہٹادیا گیا ہے اورصدر جمہوریہ مسٹر رام ناتھ کووند کے دفتر سے جاری ہدایت میں گورنر تلنگانہ محترمہ تمل سائی سندرراجن کوانچارج گورنر پدوچیری کی زائد ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔

گورنر تلنگانہ تمل سائی سندرراجن جنہیں پدوچیری کے لیفٹنینٹ گورنر کی زائد ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ ( تصویر : دکن کرانیکل )

سابق آئی پی ایس کرن بیدی کو 2016ء میں پدوچیری کی لیفٹنٹ گورنر بنایا گیا تھا ۔این ڈی ٹی وی کی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ چیف منسٹر پدوچیری وی ستیہ نارائنا سوامی نے این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی میں شامل ہونے کی غرض سے برسر اقتدار کانگریس پارٹی کو چھوڑنے والے رکن اسمبلی ملاڈی کرشنا راؤکو کرن بیدی نے کئی مرتبہ ہراساں کیا تھا۔اور ہم نے صدر جمہوریہ سے ملاقات کرتے ہوئے اس کی شکایت کی تھی اور کرن بیدی حکومت کے کاموں میں بیجا مداخلت کرتے ہوئے مسائل پیدا کرنے میں مصروف تھیں۔

کرن بیدی کی عہدہ سے برطرفی اس وقت عمل میں لائی گئی ہے جب ریاست پدوچیری میں سیاسی اتھل پتھل کے باعث موجودہ کانگریسی حکومت اقلیت میں آگئی ہے کیونکہ اس کے چار ارکان اسمبلی نے اپنی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

چیف منسٹر پدوچیری نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی مرکزی زیر انتظام پدوچیری میں آپریشن کنول کے ذریعہ موجودہ کانگریسی حکومت کو کمزور کرنے کی کوشش کررہی ہے!۔

یاد رہے کہ پدوچیری میں جاریہ سال ماہ مئی میں انتخابات ہونے ہیں اس کی پڑوسی ریاستوں ٹاملناڈو ، کیرالا ، مغربی بنگال اور آسام میں بھی انتخابات ہونے ہیں بی جے پی پدوچیری میں کانگریس کو کمزور کرکے انتخابات میں کامیابی کی شروعات کرنا چاہتی ہے۔

33 ارکان والی پدوچیری اسمبلی کیلئے 2016ء میں ہونے والے انتخابات میں کانگریس نے 15 نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے ڈی ایم کے اور ایک آزاد ایم ایل اے کی تائید سے حکومت تشکیل دی تھی۔

اپوزیشن اے آئی اے ڈی ایم کے نے چار نشستوں پر، اے آئی این آرسی نے سات نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ بی جے پی کے تین نامزد ارکا ن ہیں ۔صدر جمہوریہ کی جانب سے گورنر تلنگانہ محترمہ تمل سائی سندرراجن کو انچارج گورنر پدوچیری کی زائد ذمہ داری تفویض کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نئے لیفٹنٹ گورنر کے تقرر تک وہ خدمات انجام دیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے