درگاہ حضرت سید شاہ افضل بیابانی ؒ قاضی پیٹ کی عرس تقاریب کا 30ستمبر سے آغاز، بڑے پیمانے پر انتظامات جاری

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

درگاہ حضرت سیدشاہ افضل بیابانیؒ قاضی پیٹ کی عرس تقاریب کا 30ستمبر سے آغاز،بڑے پیمانے پر انتظامات جاری
زائرین کے لیے تمام درکار سہولتوں کی فراہمی،گورنمنٹ چیف وہپ ونئے بھاسکر کاجائزہ اجلاس
میئر،کمشنر پولیس اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ درگاہ پہنچ کر انتظامات کا جائزہ

حیدرآباد/قاضی پیٹ: 23۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

تلنگانہ کے قاضی پیٹ میں موجود بین الاقوامی سطح پر شہرت کی حامل درگاہ حضرت سید شاہ افضل بیابانی ؒ کے 170 ویں عرس شریف تقاریب کے 30ستمبر تا 6 اکتوبر شایان شان انعقاد کے لیے تمام تیاریاں زوروں پر ہیں۔

اس سلسلہ میں گورنمنٹ چیف وہپ داسیم ونئے بھاسکر نے گزشتہ دنوں ضلع کلکٹر ورنگل(اربن) راجیو گاندھی ہنمنتو اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ہدایت دی کہ درگاہ قاضی پیٹ کی عرس تقاریب کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات کو قطعیت دی جائے۔

اس اجلاس میں سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹھ مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ بھی شریک تھے۔

اس جائزہ اجلاس میں گورنمنٹ چیف وہپ ڈی۔ونئے بھاسکر نے کہا کہ عرس شریف میں ملک اور بیرون ممالک سے بڑی تعداد میں عقیدتمندوں اور زائرین کی شرکت کے پیش نظر تمام درکار تمام سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ کوویڈ قواعد کو ملحوظ رکھتے ہوئے زائرین میں بھی کوویڈ قواعد پر عمل آوری سے متعلق شعور پیدا کیا جائے اور اس کے لیے سرکاری سطح پر مناسب اقدامات کیے جائیں۔

اس جائزہ اجلاس میں میئر ورنگل میونسپل کارپوریشن گنڈو سدھا رانی نے کہاکہ سڑکوں کی مرمت،صاف صفائی اور مناسب آبی سربراہی کو ممکن بنانے کے لیے ورنگل میونسپل کارپوریشن کے عہدیدار اور ملازمین ہمہ وقت دستیاب رہیں گے۔

ضلع کلکٹر ورنگل اربن راجیو گاندھی ہنمنتو نے کہاکہ عرس تقاریب میں دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والےعقیدتمندوں  کی کثیر تعداد شرکت کرتی ہے اس سلسلہ میں عہدیدارمتحرک رہیں۔اس جائزہ اجلاس میں میونسپل کمشنر پراونیا ریڈی، سنٹرل زون ڈی سی پی پشپا،ڈ ی آر او واسو چندرا،میناریٹی ویلفیئر آفیسر ایم سرینو،محمد ابوبکر سابق کارپوریٹر کے علاوہ متعلقہ عہدیدار شریک تھے۔

بعد ازاں درگاہ قاضی پیٹ عرس تقاریب کے انتظامات کا جائزہ لینے کی غرض سے کل گورنمنٹ چیف وہپ داسیم ونئے بھاسکر،میئرگریٹرورنگل میونسپل کارپوریشن گنڈو سدھا رانی،پولیس کمشنر ڈاکٹر ترون جوشی،سابق کارپوریٹر محمد ابو بکر اور دیگر عہدیداروں نے درگاہ حضرت سید شاہ افضل بیابانی ؒ قاضی پیٹ پہنچ کر انتظامات کاجائزہ لیا۔

بعدازاں سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹ حضرت سید غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ کی رہائش گاہ میں عرس تقاریب کے ضمن میں درکار سہولتوں سے متعلق اجلاس منعقد کیا گیا۔

اس موقع پر گورنمنٹ چیف وہپ ونئے بھاسکر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ورنگل ہمیشہ سے گنگا جمنی تہذیب کاگہوارہ رہا ہے۔ یہاں کے ہندو اور مسلمان تمام تہوار ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے مناتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب کی برقراری کو اولین ترجیح دیتی ہے اورتلنگانہ حکومت تمام مذاہب کا احترام کرتے ہوئے ہر تہوار کو بہتر طور پر منانے کے اقدامات کو یقینی بناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ درگارہ قاضی پیٹ کی عرس تقاریب کو بھی بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے تمام درکار سہولتوں کی فراہمی کے لیے انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔گورنمنٹ چیف وہپ ونئے بھاسکر نے عہدیداروں کو اس بات کی بھی ہدایت دی کہ بالخصوص عرس تقاریب کے دؤران بلارکاوٹ برقی سربراہی عمل میں لائی جائے،پانی کی بہترسربراہی کو یقینی بنایا جائے،درگاہ شریف جانے والی سڑکوں کے مرمتی کاموں کو فوری طورپرانجام دیا جائے،پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے اس کے علاوہ دیگر تمام سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کیے جائیں۔

اس موقع پر میئر گنڈو سدھا رانی نے کہا کہ عرس تقاریب میں بلدیہ کی جانب سے متعلقہ تمام انتظامات قبل ازوقت انجام دئیے جائیں گے۔زائرین کے لیے پانی کی سہولت اور دیگر تمام درکار سہولتوں کی فراہمی کا انہوں نے تیقن دیا۔

اس موقع پر سجادہ نشین درگاہ حضرت سید شاہ افضل بیابانی ؒ قاضی پیٹ، خسرو پاشاہ نے کہاکہ ورنگل ہندو۔مسلم اتحاد کا گہوارہ ہے۔اس درگاہ کی عرس تقاریب میں بلا مذہب و ملت تمام مذاہب کے لوگ شرکت کرتے ہیں اور فیض پاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عرس تقاریب میں ملک کی مختلف ریاستوں سے زائرین کی ایک کثیر تعداد شرکت کرتی ہے۔

سجادہ نشین خسرو پاشاہ نے اس موقع پر ان عہدیداروں کی توجہ منبدول کروائی کہ گزشتہ میں عرس تقاریب میں شرکت کی غرض سے آنے والے زائرین کو بریج کے پاس ہی پارکنگ کے لیے روکا گیا تھا جس کے سبب معمرین،بزرگ حضرات اور معذورین کو بریج سے درگاہ تک پہنچنے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا تھا لہذا اس مرتبہ احاطہ درگاہ کے عقب میں موجود کھلی اراضی میں گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

پولیس کمشنر ڈاکٹر ترون جوشی نے کہا کہ عرس تقاریب کے دؤران پولیس کا معقول بندوبست کیا جائے گا اور بڑی تعداد میں ملازمین پولیس کو متعین کیا جائے گا۔کمشنر پولیس نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی واقعات کو روکنے کی غرض سے قبل ازوقت تمام احتیاطی اقدامات کیے جائیں گے۔اس موقع پر بختیار بیابانی،چیر مین کوڈامری یادو ریڈی ،ڈی سی پی پشپا ،میونسپل کمشنر پراونیا ریڈی اور دیگر موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے