آئی پی ایل کے بقیہ میچ 19ستمبر سے یواے ای میں کھیلے جائیں گے، 15اکتوبر کو ہوگا فائنل
نئی دہلی :7،جون(سحر نیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) 2021ء کے بقیہ میچوں کو اب 19 ستمبر سے متحدہ عرب امارات (یواے ای) میں کھیلا جائے گا اور 15 اکتوبر کو فائنل میچ ہوگا۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق آئی پی ایل کو گورننگ کونسل اوربورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کو یقین ہے کہ دبئی ، شارجہ اور ابو ظہبی میں 25 دنوں کے شیڈول میں کامیابی کیساتھ آئی پی ایل 2021ء کو مکمل کرلیا جائے گا۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دؤران ملک میں جاری انڈین پریمئرلیگ (آئی پی ایل )کے بقیہ میچوں کو 4 مئی کو منسوخی کا آئی پی ایل چیرمین برجیش پٹیل نے اعلان کیا تھا۔
ٹوئنٹی۔ٹوئنٹی کی آئی پی ایل سیریز کا 9 اپریل سے آغاز ہوا تھا اور پہلا میچ 9 اپریل کو ممبئی انڈینس اور رائل چیلنج بنگلور کے درمیان چدمبرم اسٹیڈیم ،چنئی میں کھیلا گیا تھا جس کا اختتام 30 مئی کو احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہونا تھا۔
تاہم اس سیریز کے دؤران 6 کھلاڑیوں کے بشمول دیگر اسٹاف کے کوروناوائرس سے متاثر ہونے کے باعث 4 مئی کو آئی پی ایل گورننگ کونسل اوربورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے عہدیداروں کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے آئی پی ایل کے بقیہ میچوں کو منسوخ کردینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

آئی پی ایل 2021ء میں جملہ 60 میچ کھیلے جانے تھے جن میں سے 31 واں میچ 4 مئی کوسن رائزرس حیدرآباد اورممبئی انڈینس کے درمیان دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلاجانے والا تھا کہ اسی دن آئی اپی ایل کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
………………………………………………………..


