تلنگانہ میں جاریہ ماہ ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے پریکٹیکل امتحانات ملتوی
حیدرآباد: 3۔اپریل(سحر نیوز ڈاٹ کام)
تلنگانہ میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے تحت ہونے والے سیکنڈ ائیر (جنرل) ، انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر (ووکیشنل) کے ہونے والے پریکٹیکل امتحانات کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

اس سلسلہ میں آج سیکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اگزامینیشن جناب سید عمر جلیل کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں تمام سرکاری اور خانگی کالجس کے پرنسپلس اور طلبہ کو اطلاع دی گئی ہے کہ کوویڈ۔19 کی وباء کے باعث ان پریکٹیکل امتحانات کو ملتوی کردیا گیا ہے جس کا جاریہ ماہ 7 اپریل تا 20 اپریل انعقاد عمل میں لایا جانے والا تھا۔
پریس ریلیز کے مطابق اب ان امتحانات کا 29 مئی تا 7 جون انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔اور ان امتحانات کے انعقاد کی دیگر تفصیلات ، ہال ٹکٹس کی اجرائی اور امتحانات کے اؤقات کا بعد ازاں اعلان کیا جائے گا۔