لاک ڈاؤن کے مکمل نفاذ کیلئے عوام پولیس کے ساتھ بہتر تعاون کو یقینی بنائے : آئی جی پولیس کا دؤرہ وقارآباد

لاک ڈاؤن کے مکمل نفاذ کیلئے عوام پولیس کے ساتھ بہتر تعاون کو یقینی بنائے
آئی جی پولیس حیدرآباد رینج کا دؤرہ وقارآباد،راول پلی چیک پوسٹ کا معائنہ

وقارآباد/تانڈور:26۔مئی (سحرنیوزڈاٹ کام)

انسپکٹر جنرل آف پولیس (ایف اے سی) حیدرآباد رینج این۔شیوشنکر ریڈی آئی پی ایس نے آج شام وقارآباد کا دؤرہ کرتے ہوئے ضلع ایس پی ایم۔ نارائنا کیساتھ وقارآبادکے مختلف مقامات پر جاری لاک ڈاؤن پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔

بعدازاں انہوں نے ضلع ایس پی کیساتھ مدگل چٹم پلی،پر گی اور کوڑنگل کے راول پلی کے قریب موجود کرناٹک سرحد پر موجود چیک پوسٹس کا بھی دؤرہ کرتے ہوئے ریکارڈس کا جائزہ لیا اور عملہ سے تفصیلات حاصل کیں۔

بعدازاں پولیس عہدیداروں کیساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس (ایف اے سی) حیدرآباد رینج این ۔شیوشنکر ریڈی آئی پی ایس نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے مکمل نفاذ کیلئے عوام پولیس کے ساتھ بہتر تعاون کو یقینی بنائے اور ساتھ ہی پولیس کو بھی ہدایت دی کہ وہ اس سلسلہ میں سخت اقدامات کریں تاکہ کورونا وائرس کی روک تھام کو ممکن بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس رات دن سڑکوں پر رہ کر خدمات انجام دے رہی ہے اس کا واحد مقصد عوام کا تحفظ ہی ہے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس (ایف اے سی) حیدرآباد رینج این ۔شیوشنکر ریڈی آئی پی ایس نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں دئیے جارہے چار گھنٹوں کے وقفہ کے دؤران بھی عوام بھیڑ کی شکل میں ہرگز جمع نہ ہوں اور سماجی فاصلہ کا خاص خیال رکھیں۔

انہوں نے ضلع وقارآباد میں لاک ڈاؤن کی سختی کیساتھ عمل آوری کے متعلق کیے جارہے اقدامات کے متعلق بھی ضلع ایس پی ایم۔ نارائنا سے تفصیلات حاصل کیں۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس (ایف اے سی) حیدرآباد رینج این ۔شیوشنکر ریڈی آئی پی ایس نے مختلف مقامات اور چیک پوسٹس پر خدمات انجام دے رہے ملازمین پولیس اور دیگر محکمہ جات کے ملازمین میں خشک میوہ جات ، ماسک اور سینی ٹائزر تقسیم کیے ۔