ریلوے اس کتے کو سیکیورٹی کی ملازمت فراہم کرے!!
وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کے کمنٹ
حیدرآباد :02۔جنوری
(سحر نیوز/سوشل میڈیا ڈیسک)
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر کئی ایسے ویڈیوز پوسٹ کیےجاتے ہیں جنہیں دیکھ کر انسانی عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ان میں زیادہ تر پالتو جانوروں بالخصوص کتوں اور بلیوں کے ہوتے ہیں۔اور سوشل میڈیا پر ایسے ویڈیوز اور ریلز Reels# کو بہت زیادہ پسند بھی کیا جاتا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ان ویڈیوز میں پالتو جانوروں کی انسانوں سے اُنسیت دیکھ کر حیرت ہوتی ہےاور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انسانی میراث کو ان بے زبان جانوروں نے اپنالیا ہے اور آج کے دؤر کا انسان انسانیت،رشتہ داری اور دوستی کو اپنے مفاد کی صلیب پر چڑھانے پر آمادہ ہوگیا ہے۔!!
سڑکوں پر پیش آنے والی قتل کی وارداتوں اور ملک کے مختلف شہروں میں عصمت ریزی کے واقعات کی خبریں اور ویڈیوز روزآزنہ اخبارات اور سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہتی ہیں۔پھر بھی کسی پر کوئی اثر پڑتا ہوا نظر نہیں آتا۔؟ جبکہ ایک دؤر ایسا بھی ہوا کرتا تھا کہ دہلی یا کسی اور شہر میں میں اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کے واقعات کے خلاف پورے ملک میں شدید احتجاج کیا جاتا تھا۔روز شام ہوتے ہی گاؤں گاؤں، گلی گلی اور شہر شہر کینڈل مارچ اسی زندہ سماج کا ایک حصہ ہوا کرتے تھے لیکن اب؟ خیر یہ تو تھا پالتو جانوروں اور زندہ سماج کا ذکر۔لیکن
چند دنوں سے سوشل میڈیا بالخصوص ایکس ” X ” (سابقہ ٹوئٹر) اور انسٹاگرام پر ایک آوارہ کتے کا ویڈیو وائرل ہواہے۔جسے بہت زیادہ پسند بھی کیا جا رہا ہے۔اکثر ہم ٹرینوں میں ایسے غیر ذمہ دار مسافرین کو دیکھتے ہیں جو ٹرین کے دروازے (فٹ بورڈ ) پر بیٹھ کر خطرناک طریقہ سے اپنی زندگی کو جوکھم میں ڈال کر سفر کرتے ہیں۔
وائرل شدہ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ ایک آوارہ کتا انتہائی ذمہ داری کےساتھ پلیٹ فارم پر چلتی ہوئی ٹرین کےساتھ دؤڑتے ہوئے فٹ بورڈ پر بیٹھے مسافرین کے پیروں کو پکڑنے کوشش کرتے ہوئے ڈرا رہا ہے، جیسے کہہ رہا ہو کہ اندر جاکر بیٹھو۔!!
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر انڈین ریلوے اکاؤنٹ سرویس (آئی آر اے ایس IRAS# ) کے عہدیدار اننت روپنا گڑی Ananth Rupanagudi@ نے چلتی ٹرین کے دؤران آوارہ کتے کی اس حرکت اور فٹ بورڈ پر بیٹھے ہوئے مسافرین کی ہڑبڑاہٹ والا ویڈیو ٹوئٹ کیا ہے۔اس ویڈیو کے ساتھ انہوں نے لکھا ہے کہ ” فٹ بورڈ سفر کے خلاف مہم میں بہترین مدد۔ "
اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ آوارہ کتا پلیٹ فارم پر تیز دؤڑ رہی ٹرین کی مخالف سمت دؤڑتے ہوئے ہر ایک بوگی کا جائزہ لیتا جاتا ہے اور جس بوگی کے فٹ بورڈ پر کوئی مسافر نظر آ جائے تو اس کا پیر پکڑ نے کی کوشش کرتا ہے، جس سے وہ مسافر گھبراکر اٹھ جاتا ہے۔
اس ویڈیو کو دیڑ ھ لاکھ سے زائد سوشل میڈیا صارفین نے دیکھا ہے۔جبکہ اس ویڈیو پر کئی صارفین نے کمنٹس کر کے لکھا ہے کہ اس کتے کو ریلوے سیکیورٹی کی ملازمت فراہم کرے۔جبکہ ایک صارف نے لکھا ہے کہ یہ عمل کتے کے لیے بھی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
https://twitter.com/Ananth_IRAS/status/1740726731617730687
جبکہ ایک اور ایکس صارف نے اپنے کمنٹ میں لکھا ہے کہ کیا یہ حقیقی ہے! ابتدائی طور پر سمجھاکہ یہ کتا کمپارٹمنٹ میں جگہ تلاش کر رہا ہے۔ایک اور صارف نے اپنے کمنٹ میں لکھاہے کہ آر پی ایف اس کتے کو ڈیوٹی میں شامل کرنے پر غور کر سکتا ہے۔تصور کریں کہ ایک ڈوبرمین ایسا کر رہا ہے۔
انڈین ریلوے اکاؤنٹ سرویس (آئی آر اے ایس IRAS#) کے عہدیدار اننت روپنا گڑی نے اپنے اس ویڈیو کے ساتھ انکشاف نہیں کیا کہ یہ کس مقام کے ریلوے اسٹیشن کا ویڈیو ہے۔؟
” یہ بھی پڑھیں "
تلنگانہ میں ایس ایس سی کے سالانہ امتحانات کے انعقاد کا شیڈول جاری

