حیدرآباد میں دھواں دھار بارش،تلنگانہ کے تین اضلاع کے لیے آرینج الرٹ جاری، 26 اضلاع میں بھی بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد میں دھواں دھار بارش،تین اضلاع کے لیے آرینج الرٹ جاری
حیدرآباد سمیت 26 اضلاع میں دو دنوں کے دؤران شدید بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد: 16۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد کے کئی علاقوں میں آج 11 بجے دن سے دھواں دھار اور موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔جس کے باعث کئی نشیبی علاقے اور سڑکیں زیرآب آگئی ہیں اور عام زندگی پر اثر پڑا ہے۔

وہیں محکمہ موسمیات نے آج ہفتہ کے دن حیدرآباد میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔

https://twitter.com/arshad2399/status/1449281789424373764

 

اسی دؤران محکمہ موسمیات نے لکشادیپ کے قریب مشرقی وسطی اور جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث تلنگانہ،آندھرا پردیش اور کیرالا میں شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کے تین اضلاع عادل آباد، نرمل اور کومرم بھیم آصف آباد اضلاع میں ہفتہ اور اتوار کو شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے آرینج الرٹ Orange Alert جاری کیا ہے۔

جبکہ بشمول حیدرآباد تلنگانہ کے 26 دیگر اضلاع کے لیے Yellow Alert جاری کرتے ہوئے ان اضلاع میں شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔

تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ ڈیولپمنٹ سوسائٹی(ٹی ایس ڈی پی ایس) نے بھی کہا ہے کہ تلنگانہ میں آئندہ چند دنوں کے دوران شدید گرج اور چمک کے ساتھ بارش ہوگی اور حیدرآباد میں ہفتہ کو گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔

محکمہ موسمیات کی اس پیش قیاسی کے بعد حکومت تلنگانہ نے تمام اضلاع کے ضلع انتظامیہ کو چوکس رہنے اور تمام احتیاطی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔

لکشادیپ کے قریب مشرقی وسطی اور جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث آندھراپردیش کے ساحلی علاقوں اور رائلسیما کے کئی مقامات پر شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے اورمحکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دؤران شدید ترین بارش اور فی گھنٹہ 40 تا 50 کلومیٹر کی رفتار سے ہواؤں کی پیش قیاسی کرتے ہوئے مچھیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔