وقارآباد ضلع میں ٹرین کی ٹکر سے 60 بھیڑ بکریاں ہلاک

وقار آباد ضلع میں ٹرین کی ٹکر سے 60 بھیڑ بکریاں ہلاک

وقارآباد : 02۔جولائی (سحر نیوز ڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع میں پیش آئے ایک افسوسناک حادثہ میں ٹرین کی ٹکر سے 60 بھیڑ بکریاں ہلاک ہوگئیں۔جبکہ خوش قسمتی سے بھیڑ  بکریوں کے اس ریوڑ میں موجود دیگر بھیڑ بکریاں اور ان کا مالک و چرواہا محفوظ رہے۔تاہم چند بھیڑ بکریوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

وقارآباد ضلع کے دھارور ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات موضع ڈورنال کے ساکن ہلاک ہونے والی بھیڑ بکریوں کے مالک و چرواہا کروا کشٹپا Kurva Kishtappa# اور مقامی افراد کی اطلاع کےمطابق روزآنہ کی طرح صبح سےشام تک جملہ 120 بھیڑبکریوں کو جنگل میں چروانے کے بعد کروا کشٹپا انہیں ریل کی پٹریوں کے کنارے سے ہانک کر واپس موضع ڈورنال لے جارہا تھا کہ دھارور ریلوے اسٹیشن کے قریب پودوں میں موجود خنزیروں کو دیکھ کر خوفزدہ بھیڑ بکریاں اچانک ریل کی پٹریوں پر چڑھ کر دوڑنے لگیں۔

اسی دؤران اسی ریل کی پٹری پر حیدرآباد سے کرناٹک کے ہبلی جانےوالی ہبلی ایکسپریس ٹرین وقارآباد کی جانب سےآگئی اور یہ بھیڑ بکریاں اس ٹرین کی زد میں آگئیں۔ ٹرین کی ٹکر سے 60 بھیڑ بکریاں ہلاک ہوگئیں۔اس حادثہ کے بعد ٹرین کی پٹریوں اور ہر طرف بھیڑ بکریوں کی نعشیں بکھر گئی تھیں۔جنہیں دیکھ کر چرواہا کروا کشٹپا رونے لگا اور وہاں موجود افراد نے شدید افسوس کا اظہار کیا۔

ٹرین کی ٹکر سے ہلاک ہونے والی 60 بھیڑ بکریوں کے مالک و چرواہا کروا کشٹپا نےحکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بھیڑ بکریوں کی پرورش کے ذریعہ ہی روزگار حاصل کرتے ہوئے اپنے خاندان کی کفالت کرتا ہے۔اور اتنی بڑی تعداد میں اچانک بھیڑ بکریوں کی ہلاکت سےاسے شدید مالی نقصان ہوا ہے اور حکومت اس کی مدد کرے۔

https://youtu.be/Zhyze_UaOMk