تلنگانہ میں شدید بارش: اضلاع وقارآباد اور سنگاریڈی کے لیے ریڈ الرٹ جاری
سیاح اننت گیری ہلز اور کوٹ پلی پراجکٹ کا رخ نہ کریں
ضلع کلکٹر وقارآباد پرتیک جین اور ایس پی نارائن ریڈی کا مشورہ
حیدرآباد/وقارآباد: 26۔ستمبر(سحر نیوز ڈاٹ کام)
محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہےکہ آئندہ دو دنوں تک ریاست کے مختلف اضلاع میں شدید ترین بارش ہوگی۔جبکہ گذشتہ رات سے ہی بشمول حیدرآباد ریاست کے کئی اضلاع میں لگاتار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بعد وقارآبادضلع میں بھی گذشتہ رات سے وقفہ وقفہ سے تیز، ہلکی اور موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ رات سے آج 8 بجے صبح تک وقارآباد ضلع میں888.8 ملی میٹر (88سینٹی میٹر) بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ضلع میں موجود تمام ذخائر آب لبریز ہوگئے ہیں اور ان کے پشتوں سے زائد پانی کا اخراج جاری ہے۔بڑی مقدار میں سیلابی پانی سڑکوں پر موجود ندیوں اور نالوں کے پلوں کے اوپر سے بہہ رہا ہے جہاں ٹریفک نظام مفلو ج ہوگیا ہے۔سیلابی پانی کو عبور کرنے سے عوام کو روکنے کے لیے
ایسے ندی اور نالوں کے کناروں پر پولیس بندوبست کیا گیا ہے۔
تانڈور میں موجود کاگنا ندی میں بھی بڑی مقدار میں سیلابی پانی ٹھاٹھیں مارتا ہوا کرناٹک کی جانب رواں دواں ہے۔جبکہ کوٹ پلی پراجکٹ کے پشتے سے جاری زائد پانی موضع ناگ سمندر کے قریب بریج کے اوپر سے بہہ رہا ہے جس کے باعث کوٹ پلی اور دھارور کے درمیان سڑک رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ اننت گیری ہلز سے جاری ہونے والی موسیٰ ندی میں بھی ٹھاٹھیں مارتا ہوا سیلابی پانی براہ شنکر پلی حیدرآباد کی جانب رواں ہے۔
اسی دوران محکمہ موسمیات کی جانب سے 27 ستمبر بروز ہفتہ اور 28 ستمبر بروز اتوار ریاست تلنگانہ میں شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے جبکہ اضلاع وقارآباد اور سنگاریڈی میں شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کے بعد دونوں اضلاع کا انتظامیہ چوکس ہوگیا ہے۔
ضلع کلکٹر وقارآباد پرتیک جین اور ضلع ایس پی کے۔نارائن ریڈی آئی پی ایس نے آج ضلع کے مختلف ذخائر آب اور سڑکوں پر موجود پلوں کے اوپر سے بہنے والے سیلابی پانی کا مشاہدہ کیا۔ بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئےضلع کلکٹر پرتیک جین نے کہاکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے وقارآبادضلع میں دو دنوں تک شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے اس سلسلہ میں عوام چوکس رہیں، بلاء ضرورت سفر نہ کریں اور اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
انہوں نے شکستہ عمارتوں میں رہنے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں، کسان اور گاڑی سوار سڑکوں پر پلوں کے اوپرسے بہنے والے سیلابی پانی کو عبور کرنے کی ہرگز کوشش نہ کریں اور ان دودنوں کے دوران کسان اپنے کھیتوں کو بھی نہ جائیں،بارش کے دوران اونچی عمارتوں اور درختوں کے نیچے پناہ نہ لیں کیونکہ وہاں بجلیوں کے گرنے کا زیادہ امکان رہتا ہے۔ضلع کلکٹر نے کہا کہ ضلع انتظامیہ چوکس ہے اور عوام ہدایات پر عمل کرتے ہوئے عہدیداروں سے تعاون کرے۔
ضلع ایس پی کے۔ نارائن ریڈی آئی پی ایس نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے ضلع کے لیے جاری کردہ ریڈ الرٹ کے پیش نظر عوام چوکس رہیں،سفر ضروری نہ ہو تو ملتوی کر دیں۔ انہوں نے بشمول حیدرآباد دیگر مقامات سے سیاحت کی غرض سے ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات کے دوران اننت گیزی ہلز اور کوٹ پلی پراجکٹ آنے والے سیاحوں کو ہدایت دی کہ وہ شدید بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر ان سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر ان احکام پر عمل نہ کیا گیا تو سیاحوں کو واپس بھیج دیا جائے گا۔
رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی نے اپنے صحافتی بیان میں کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے ضلع وقارآباد اور حلقہ اسمبلی تانڈور میں شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کےپیش نظر عوام اور عہدیدار چوکس رہیں، نشیبی علاقوں اور شکتہ مکانات میں رہنے والے افراد عہدیداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
سابق رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے بھی اپنے صحافتی بیان میں عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
وقارآباد ضلع میں جاریہ بارش کے باعث فصلوں اور پہلے ہی سے خراب سڑکوں کو مزید نقصان پہنچا ہے اس پر مزید دو دنوں تک شدید ترین بارش کی پیش قیاسی پر مشتمل ریڈ الرٹ جاری کیے جانےکے بعد بالخصوصی دیہی عوام، کسان اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے مکین پریشانی کا شکار ہیں جو پہلے ہی سے جاری بارش کے باعث شدید دشواریوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
” یہ بھی پڑھیں ”
تلنگانہ میں دو دنوں تک شدید ترین بارش کی پیش قیاسی، 18 اضلاع کے لیے ایلو الرٹ جاری