حیدرآباد کی نمائش میں مرد حضرات!! انسٹاگرام پر 13 ملین سے زائد افراد نے دلچسپ ویڈیو دیکھا

بکھرنے کا مجھ کو شوق ہے بڑا
سمیٹے  گا  مجھ  کو  تُو  بتا  ذرا

حیدرآباد کی نمائش میں مرد حضرات!!
انسٹاگرام پر 13 ملین سے زائد افراد نے دلچسپ ویڈیو دیکھا

حیدرآباد: 03۔فروری
(سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

ایک دؤر ہوا کرتا تھا کہ جب بیویوں سےمتعلق لطائف عام ہوتے تھے۔سوشل میڈیا بالخصوص فیس بک اور ٹک ٹاک کےآغاز کے بعد باقاعدہ بیویوں اور خواتین کےمتعلق لطائف اور مزاحیہ پوسٹ بہت زیادہ پسند کیےجانےلگے اور آج بھی کیے جاتے ہیں۔لیکن جب سے شاٹ ویڈیوز اور ریلز  Reels# کا دؤر شروع ہوا ہے معاملہ الٹا ہوگیا ہے۔

ان ویڈیوز میں شوہروں کو بیویوں کا تابعدار,خدمت گزار,فرمانبردار,گھر کی دیکھ بھال کرنے والا اور محکوم ومظلوم کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔اور ایسے مواد کو بھی بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔سوشل میڈیا صارفین اس سے لطف اندوز بھی ہورہے ہیں۔پہلے بیویوں کی شبیہ مظلوم اور ناسمجھ کے طور پر پیش کی جاتی تھی۔اب شوہروں کومظلوم کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے اور شاید ایک حد تک سچ بھی ہے۔!؟

کسی سیاحتی و تاریخی مقامات کی سیر و تفریح کے لیے جانے والے خاندانوں کے ایسے ویڈیوز اور تصاویر اکثر نظر آتے ہیں جہاں خواتین توسیر و تفریح میں مصروف نظر آتی ہیں،لیکن بیچارہ مرد ان خواتین کے بیاگس،کھانے پینے کی اشیاء،بچوں کی چپلیں اور دیگر سامان اٹھائے ہوئے نظر آتے ہیں۔یہ کوئی عیب یا غلط بات نہیں ہے۔لیکن اس کو پیش کرنے کاطریقہ مزاح پیدا کرتا ہے،جومعاشرہ اور انسانی زندگیوں سے آہستہ آہستہ ختم ہوتا جارہا ہے۔

ماہرین کےمطابق افراد خاندان اور دوستوں کےساتھ کی جانےوالی ہنسی مذاق اور ہلکی نوک جھونک جہاں رشتوں کو پائیدار بناتی ہےوہیں ڈپریشن کو بھی ختم یا کم کرنے کا بہترین ذریعہ ہوتا ہے۔لافنگ تھیراپی اس کی ایک مثال ہےلیکن ہنسی مذاق کا پیمانہ یہ ہونا چاہئے کہ اس میں کسی کی تضحیک نہ کی جائے۔اور نہ اس میں طعنہ زنی کا کوئی عنصر موجود ہو۔!!

اب آئیے اصل بات پر کہ اوپر ذکر کیے گئے مرد حضرات جو کہ تفریح کی غرض سے خواتین کے ساتھ جاتے ہیں لیکن خود تفریح بھول کر خواتین کی جانب سے خریدی جانے والی اشیاء یا چھوٹے بچوں کو اٹھائے ہوئےتفریح سے دور ہوجاتے ہیں۔ایسا ہی ایک شارٹ ویڈیو Reel# ان دنوں سوشل میڈیا پر مزاح کا موضوع بنا ہوا ہے۔یہ ویڈیو کسی اور مقام کا نہیں بلکہ ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کا ہے۔

جہاں ہر سال یکم جنوری سے بلاناغہ سالانہ صنعتی نمائش کا آغاز ہوتا ہے۔جو گزشتہ کئی سال سے ملک،بیرون ممالک اور ریاست میں اپنی ایک مخصوص پہچان رکھتی ہے۔یہ نمائش 45 دنوں تک نمائش گراؤنڈ،نام پلی حیدرآباد میں لگائی جاتی ہے۔یہاں تک کہاجاتا ہےکہ جس نے نمائش نہیں دیکھی اس نے کچھ بھی نہیں دیکھا۔

اس صنعتی نمائش میں ملک کے کونے کونے سے ہزاروں بیوپاری اپنی تیار کردہ مختلف اشیاء لے کر آتے ہیں اوران اشیاء کی بڑے پیمانے پر خرید و فروخت ہوتی ہے۔2021ء میں کورونا وبا کے باعث اور گزشتہ سال 2022 میں اومیکرون کے اندیشوں نے ساری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا تھا۔کورونا وبا اور اومی کرون وائرس کے اثرات اس نمائش پر بھی پڑے تھے۔نمائش کو منسوخ کردیا گیا تھا۔تاہم چند دنوں کے لیے دوبارہ اس نمائش کا انعقادعمل میں آیا تھا۔لیکن خوش قسمتی سےجاریہ سال ایسی کوئی وباء نہیں ہےتو نمائش زور و شور کے ساتھ جاری ہے۔

حیدرآباد کی اس نمائش میں جہاں مختلف اشیاء کی 3,500 سے زائد چھوٹی بڑی دکانات میں خرید و فروخت ہوتی ہے،وہیں تفریح کا سامان بھی موجود ہوتا ہے۔کھانے پینے کی مختلف اقسام کی اشیاء بھی نمائش دیکھنے کی غرض سےبشمول حیدرآباد،تلنگانہ،آندھراپردیش،کرناٹک اورمہاراشٹرا سے نمائش دیکھنے کی غرض سے آنے والوں کے لیے دستیاب رہتی ہیں۔بچوں کے لیے بھی ہمہ اقسام کے جھولوں،مِنی ٹرین، موت کا کنواں کے علاوہ دیگر کئی کھیل کود کی چیزیں موجود ہوتی ہیں اس طرح ان کو تفریح فراہم ہوجاتی ہے۔

عائشہ سلطانہ جوکہ حیدرآباد کی ایک ناموربلاگر ہیں اور انسٹاگرام پر فعال رہتی ہیں نےایک ہفتہ قبل اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس نمائش کی ایک Reel# پوسٹ کی ہیں۔اس شارٹ ویڈیو / Reel# میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حیدرآباد کی اس صنعتی نمائش میں خواتین کے ساتھ سیر و تفریح کے لیے آئے ہوئے مرد حضرات کہیں بچوں کوسنبھالے ہوئے ہیں تو کہیں خریدا گیا سامان اٹھائے ہوئے گھومنے پھرنے میں مصروف ہیں۔!

ویسے یہ کوئی غلط بات نہیں ہے کہ یہ مرد حضرات یہ کام کررہے ہیں بلکہ اس ویڈیو کو محض تفریح اور مزاح کی غرض سے شوٹ کیا گیا ہے۔اس ویڈیو کا مزہ اس وقت اور دوبالا ہوجاتا ہے جب اس ویڈیو میں”

بکھرنے کا مجھ کو شوق ہے بڑا
سمیٹے  گا  مجھ  کو  تُو بتا  زرا

غزل/گیت کا موسیقی ریز شعر شامل کیا گیا ہے۔جو اپنی مثال آپ ہے۔اس گائیکی اور شعر نے اس ویڈیو میں جان ڈال دی ہے۔

" تکنیکی وجوہات کے باعث یہ Reel# یہاں نہیں چل رہی،براہ کرم انسٹاگرام کے اس ویڈیو کو ہی کلک کرکے دیکھا جاسکتا ہے "

عائشہ سلطانہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جہاں ان کے 76,300 فالوورز ہیں،لیکن حیرت انگیز طور پر اس 16 سیکنڈ کے شارٹ ویڈیو/ریل کو آج تک 13.3 ملین سے زائد سوشل میڈیا صارفین نے دیکھاہے اور اس ویڈیو/ریل کو 7 لاکھ 63 ہزار سے زائد صارفین نے لائیک کیا ہے۔جبکہ اس ویڈیو پر 5 ہزار سے زائد دلچسپ کمنٹ کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ یہ ویڈیو واٹس ایپ اور فیس بل پربھی وائرل ہواہے۔اس ویڈیو کو”نمائش میں مرد” Men In Exhibition# ” کا نام دیا گیا ہے۔

اس ویڈیو پر بہت ہی دلچسپ کمنٹس کیےگئے ہیں۔ایک صارف نےلکھا ہے کہ”اسی کو کہتے ہیں فیملی کی دیکھ بھال کرنا”۔جبکہ ایک اور صارف نے لکھا ہےکہ”مدر ٹریسا نےکہا کہ”اگر آپ دنیا کوبدلنا چاہتے ہیں،تو گھر جائیں اور اپنے خاندان سے پیار کریں”اور آپ نے الفاظ کے جذبات کو اتنا کچا لیکن اتنا خوبصورت دکھایا۔سب سے طویل وقت میں بالکل میری پسندیدہ ترین ریلوں میں سے ایک۔”وہیں ایک اور صارف نے لکھا کہ ” یہی وجہ ہے کہ میں شادی نہیں کر رہا۔”

یاد رہےکہ حیدرآباد کی یہ مشہورسالانہ صنعتی نمائش ہر سال یکم جنوری تا 15 فروری منعقدہوتی ہے۔جس میں ملک کےمختلف مقامات کےتاجرین ،تیارکنندگان اور بیوپاری اپنی اپنی مختلف اشیاء کی دُکانات لگاتے ہیں۔وہیں بچوں اور تمام عمر کے افراد کے لیے حیدرآباد کی یہ صنعتی نمائش گزشتہ 82 سال سے خرید و فروخت اور تفریح کا ایک بہترین ذریعہ ہوتی ہے۔جس میں حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے اضلاع کے بشمول دیگر ریاستوں کے خاندانوں کی بڑی تعداد اس سالانہ نمائش کو دیکھنے کے لیے حیدرآباد کا رخ کرتی ہے۔

ایسے مزاحیہ نوک جھونک پرمشتمل چند ویڈیوز یہاں پیش ہیں "

 

https://www.facebook.com/khanreport/videos/698425771150296

https://www.facebook.com/khanreport/videos/3845884928776790

 

انسٹاگرام پر شاہجہاں پور، اتر پردیش کے منیب حسن خان کا feelmuneeb@ نامی ہینڈل بھی اس معاملہ میں بہت مشہور ہے۔جو زیادہ تر ایک فرمانبردار شوہر کی طرز پرمشتمل Reels# بناتےہیں۔منیب حسن خان کو انسٹاگرام پر 66.000 سے زائد صارفین فالو کرتے ہیں اور ان کے اس مزاح سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

ان کے Reels# بہت زیادہ دیکھے اور پسند بھی کیے جاتے ہیں۔قدم قدم پر نفرتوں اورمشکلات سے دوچار سماج کے چہرے پر منیب حسن خان کچھ پل کے لیے ہی سہی اپنے ویڈیوز کے ذریعہ مسکراہٹ بکھیر دیتے ہیں۔جبکہ خود پر ہنس کر اؤروں کو ہنسانا آسان نہیں ہوتا۔!! یقیناً منیب حسن خان کے ان Reels# کو دیکھ کر آپ بھی ہنسنے اور مسکرانے پر مجبور ہوجائیں گے۔

 

حیدرآباد کی 81 ویں سالانہ صنعتی نمائش کو کوویڈ کے پیش نظر مکمل طور پر بند کردینے کا فیصلہ

 

” نوٹ: یہ خصوصی فیچر اور ویڈیوز/ریلز Reels# محض قارئین کی تفریح کی غرض سے پیش کیے جا رہے ہیں۔کسی کی ذاتی زندگی سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔”

ترتیب و پیشکش: یحییٰ خان

Instagram : http://khan_yahiya276
Facebook : https://www.facebook.com/khanreport
Twitter :  https://twitter.com/khanyahiya 

Mail : khanreport@gmail.com