حیدرآباد میں مسلم جے اے سی کی قیادت میں مسلمانوں نے سیکریٹریٹ کے قریب سڑک پر نماز ادا کی

ریاستی خبریں

مسلم جے اے سی کی قیادت میں مسلمانوں نے سیکریٹریٹ کے قریب سڑک پر نماز ادا کی
سیکریٹریٹ کی منہدمہ دونوں مساجد کی دوبارہ تعمیر کا مطالبہ

حیدرآباد۔24۔جنوری (سحر نیوز ڈاٹ کام ) مسلم جوائنٹ ایکشن کمیٹی (جے اے سی ) قائدین اور مسلمانوں کی بڑی تعداد نے آج  پولیس اور محکمہ خفیہ کو چکمہ دیتے ہوئے حیدرآباد میں تلنگانہ سیکریٹریٹ کے قریب سڑک پر نماز ادا کی۔

یاد رہیکہ گزشتہ سال جولائی میں جدید سیکریٹریٹ کی عمارت کی تعمیر کی غرض سے وہاں موجود دو مساجد کو منہدم کردیا گیا تھا ۔جے اے سی نے جدید سیکریٹریٹ کی تعمیر کی غرض سے وہاں موجود دو مساجد کو منہدم کردئیے جانے اور حکومت کی جانب سے دونوں مساجد کی جلد تعمیر کے اعلان کے باجود مساجد کی عدم تعمیر کیخلاف آج چلو سیکریٹریٹ احتجاج کا اعلان کیا تھا جس پر محکمہ پولیس چوکس ہوگیا اورآج صبح سے ہی پولیس کی جانب سے چند جے اے سی قائدین کو احتیاطی طور پر تحویل میں لے لیا اور چند قائدین کو انکے مکانات میں محصور کردیا گیا تھا !!تاہم صدر جوائنٹ ایکشن کمیٹی مشتاق ملک کی قیادت میں پولیس اور محکمہ خفیہ کو چکمہ دیتے ہوئے جے اے سی قائدین اچانک سیکریٹریٹ کے قریب موجود بی ایس این ایل کے دفتر کے روبروپہنچ گئے اورنماز ادا کرنے میں کامیاب ہوگئے۔نماز کی ادائیگی کے بعداس مقام پر مسلمانوں کے جمع ہونے کی اطلاع کے فوری بعد سنٹرول زون پولیس کے عہدیدار پولیس جمعیت کیساتھ وہاں پہنچ گئے اور احتجاجیوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔اس موقع پر صدر جے اے سی مشتاق ملک نے کہا کہ 6ماہ قبل ریاستی سیکریٹریٹ میں دومساجد کو منہدم کردیا گیا تھا اس وقت سے ہی دوبارہ مساجد کی تعمیر کا مطالبہ کیا جارہا ہےاور وزیر اعلیٰ کے سی آر نے اعلان بھی کیا تھا کہ منہدمہ مساجد کی جلد تعمیر عمل میں لائی جائے گی تاہم آج تک کوئی اقدام نہیں کیا گیا جس سے ریاست کے مسلمانوں میں بے چینی پیدا ہوگئی ہے ۔صدر جے اے سی مشتاق ملک نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طورپر سیکریٹریٹ میں منہدم کی گئیں دونوں مساجد کے تعمیراتی کاموں کو آغاز کیا جائے۔

3 thoughts on “حیدرآباد میں مسلم جے اے سی کی قیادت میں مسلمانوں نے سیکریٹریٹ کے قریب سڑک پر نماز ادا کی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے