حیدرآباد : گستاخ رسول ﷺ راجہ سنگھ کے خلاف احتجاج اور کشیدگی، پرانے شہر میں امتناعی احکامات، پولیس الرٹ، رات 8 بجے سے قبل دکانات بندکرنے کی ہدایت

ریاستی خبریں

حیدرآباد: گستاخ رسولﷺ راجہ سنگھ کے خلاف احتجاج اور کشیدگی
امتناعی احکامات،رات 8 بجے سے قبل دکانات بندکرنے کی ہدایت
پرانے شہر میں پولیس الرٹ،ریپڈ ایکشن فور س بھی تعینات
افواہوں پر دھیان نہ دینے پولیس کی اپیل، سوشل میڈیا پر نظر

حیدرآباد: 24۔اگست(سحرنیوز ڈاٹ کام)

رکن اسمبلی گوشہ محل ٹی۔راجہ سنگھ جنہیں بی جے پی سےمعطل کیا گیا ہے کی جانب سے پیغمبر اسلامﷺ کی شان اقدس میں گستاخی ان کی گرفتاری اور رہائی کے بعدگزشتہ دو دنوں سےحیدرآباد کے پرانے شہر کے چندحصوں میں بدستوراحتجاج اور کشیدہ حالات کے پیش نظر پولیس نے مختلف پابندیوں کے ساتھ پرانےشہر حیدرآباد میں آج شام 7 بجے احتیاطی طورپر امتناعی احکامات نافذ کیے ہیں۔چارمینار،مغلپورہ،پتھرگٹی،چھتہ بازار ،چنچل گوڑہ،ملک پیٹ،ملے پلی،بازار گھاٹ،نامپلی،آغاپورہ،لکڑی کا پل کے علاوہ دیگرعلاقوں میں دکانات اور کاروباری اداروں کو بند کردیا گیا۔تاہم پٹرول پمپس،میڈیکل ہالس اور ہسپتال کھلے رہیں گے۔اس دوران شہر کے کئی علاقے سنسان ہوگئے ہیں۔چند مقامات پر پٹرول بنکس بھی بند کروائے جانے کی اطلاعات ہیں!۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس کی گاڑی کے ذریعہ عوام سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ رات 8 بجے سے قبل اپنی دکانات بند کردیں۔اطلاع ہے کہ یہ احکامات تین دنوں تک شام 7 بجے سےصبح تک نافذ العمل رہیں گے۔تاکہ حالات کو معمول پر لایا جائے۔پولیس کی جانب سے پرانے شہر حیدرآباد کے 14 علاقوں کی حساس علاقوں کے طور پر نشاندہی کرتے ہوئے پولیس بندوبست بڑھادیا گیا ہے۔

دوسری جانب حیدرآباد اورتلنگانہ کےحالات کا جائزہ لینے کی غرض سےوزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نےآج شام پرگتی بھون میں ایک اعلیٰ سطحی پولیس عہدیداروں کا ہنگامی اجلاس طلب کیا۔جس میں ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار،ڈی جی پی تلنگانہ ڈاکٹر ایم۔مہندر ریڈی،ایڈیشنل ڈی جی پی،حیدرآباد،سائبرآباد اور راچہ کونڈا کے کمشنران پولیس سی وی آنند،اسٹیفن رویندرا اورمہیش بھاگوت کےعلاوہ دیگر عہدیدار شریک تھے۔اس اجلاس میں وزیراعلیٰ نے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ چوکس رہیں۔اور کسی کوبھی حالات بگاڑنے کی اجازت نہ دی جائے ساتھ ہی غیر سماجی عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

ریاستی وزیرداخلہ محمدمحمود علی نے میڈیا کو جاری کردہ پریس نوٹ میں کہا ہےکہ حکومت تلنگانہ کسی بھی مذہب کے جذبات کو مجروح کرنے اور ریاست میں بگاڑ پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ قانون کے ہاتھ لمبے ہوتے ہیں،کوئی بھی مجرم متعدد مرتبہ جرم کرنے کے بعد قانون کے شکنجے سے بچ نہیں سکتا۔اور کہا کہ ہرمذہب کے ماننے والوں کو ان کے مذہب،خداؤں اور پیغمبروں سے ایمانی و روحانی تعلق ہوتا ہے۔کوئی بھی شخص اپنے مذہب کے خلاف کسی قسم کی بیہودگی کو برداشت نہیں کرسکتا۔

وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ بالخصوص مسلمان آقائے دوجہاں حضور اکرمﷺکے خلاف کسی بھی ریمارک و گستاخی کو برداشت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ ان معاملات میں کسی کی پشت پناہی نہیں کرتی۔اور نہ ہی یہ برداشت کرے گی کہ اس طرح کے واقعات دوبارہ رونما ہوں۔

وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے کہاکہ تلنگانہ پولیس نے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے متنازعہ بیان پر فوری کارروائی کرتےہوئے انہیں گرفتار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ محسن انسانیت ﷺ کی شان میں گستاخانہ جملےاور تبصرے کرنے والوں کوبرداشت نہیں کیا جائے گا۔ قانون کے مطابق ان پرسخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیر داخلہ محمدمحمود علی کہا کہ تلنگانہ حکومت کے وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ اور پارٹی کے کارگزار صدر کے ٹی راماراؤ اور تمام قائدین سیکولر ازم کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں اور تمام مذاہب اور ان کی تعلیمات کا احترام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ گستاخ رسولﷺ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے گی۔

انہوں نےمسلمانوں کےایمانی جذبات کو سراہتے ہوئےمسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں۔صبروتحمل سے کام لیں اور قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔اور نہ ہی جذباتی نعروں کا استعمال کریں۔انہوں نے مسلمانوں کو تیقن دیا کہ گستاخ رسول ﷺ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائےگی۔

اسی طرح آج شام 7 بجےسے دکانات اور کاروباری اداروں کو پولیس کی جانب سے بند کروائے جانےکے دوران پرانے شہر حیدرآباد کے چند علاقوں میں ہلکی کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔پولیس نے کہاہے کہ صورتحال قابو میں اور پرامن ہے۔

اسی دؤران حالات کو دیکھتے ہوئے حیدرآباد سٹی پولیس نے حیدرآبادکے پرانے شہر میں احتجاج،جلسوں،جلوسوں اور ریالیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔تاحکم ثانی یہ پابندی عائد رہے گی۔

ڈی سی پی ساؤتھ زون سائی چیتنیانے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور سوشل میڈیا کے ذریعہ پھیلائی جانے والی افواہوں اور اشتعال انگیز مواد کو نظر انداز کریں اور امن و امان کی برقراری میں پولیس سے تعاون کریں۔انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعہ افواہیں اور اشتعال انگیز مواد کو پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ بھی دیا ہے۔

حیدرآباد میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے اور امن و امان برقرار رکھنے کی غرض سے ریاپڈ ایکشن فورس (آراے ایف)، گرے ہاؤنڈز اور خصوصی ریزرو پولیس سمیت اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔شاہ علی بنڈہ سے چندرائن گٹہ تک آج ریپڈ ایکشن فورس نے فلیگ مارچ کیا۔

اطلاع ہے کہ پولیس نےشہر کے ذمہ داران قوم اور علما کرام کےساتھ ایک اجلاس منعقدکرتے ہوئے امن وامان کی بحالی میں تعاون کی اپیل کی ہے۔

پولیس نے حیدرآباد کے ایسٹ زون اور ویسٹ زون میں مختلف پابندیاں عائد کی ہیں۔گوشہ محل جانے والی تمام سڑکوں کو مکمل طورپر بند کردیا ہے۔میرچوک،گوشہ محل،چارمینار اور دیگر علاقوں میں بھاری پولیس بندوبست کیاگیا ہےاور زائد پولیس فورس تعینات کردی گئی ہے۔

وہیں ریاستی وزیرداخلہ محمدمحمودعلی نے بھی حیدرآباد اورریاست کےمسلمانوں سے صبر وتحمل برتنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان کی برقراری پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

ذمہ داران قوم بھی سوشل میڈیاکے ذریعہ مسلمانوں بالخصوص مسلم نوجوانوں سے اپیل کررہےہیں کہ امن وامان کی برقراری میں وہ پولیس سے تعاون کریں۔اشتعال انگیزی سے گریز کریں اور احتجاج کے نام پر انہیں مشتعل کرنے اور اکسانے والوں سے دور رہیں جو کہ ریاست اور شہر حیدرآباد میں امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں!!۔

اسی دؤران حیدرآباد سٹی پولیس نے پرانے شہر اور ساوتھ زون کے علاقوں میں جاری کشیدگی اور احتجاج کے پیش نظر ٹریفک اڈوائزری جاری کی ہے۔جس کی تفصیلات یہاں اس ٹوئٹ میں پیش ہیں۔⬇️

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے