پریشان حال عوام کیساتھ پولیس نرمی برتے اور ان کی مدد کو یقینی بنائے : وزیر داخلہ محمد محمودعلی کی ہدایت
عوام غیرضروری اندیشوں کیساتھ آکسیجن یا ادویات کا ذخیرہ نہ کریں،اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد:28۔اپریل(سحر نیوزڈاٹ کام/پریس نوٹ)
وزیر داخلہ ریاست تلنگانہ جناب محمدمحمودعلی نے ریاست کے اعلیٰ پولیس عہدیداران کیساتھ منعقدہ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے ماتحت عملہ کو ہدایت دیں کہ پہلے ہی سے کورونا وائرس سے پریشان حال ریاست کے عوام کیساتھ نرمی برتیں اور ان کی کسی بھی قسم کی مدد کیلئے ہمیشہ تیار رہیں۔
ریاستی وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی آج اپنے دفتر میں محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداران کیساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں پرنسپل سیکریٹری محکمہ داخلہ مسٹر روی گپتا، ڈی جی پی تلنگانہ مسٹر ایم۔ مہندر ریڈی،کمشنرآف پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار، کمشنر آف پولیس راچہ کونڈہ مسٹر مہیش بھاگوت ، کمشنر آف پولیس سائبر آباد مسٹر وی سی سجنارکے علاوہ جوائنٹ کمشنر آف پولیس ٹریفک مسٹر انیل کمار شریک تھے۔
اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں ریاستی وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی نے ریاست اور شہر حیدرآباد کے تمام مقامات کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد ان عہدیداروں سے اپنے خطاب میں کہا افسروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی پولیس اپنی فرینڈلی پولیسنگ کے لیے ملک بھر میں مشہور ہےاور اپنی ایک الگ پہچان رکھتی ہے اور ضرورت ہے کہ جاریہ حالات میں بھی اپنے اس مقام کو پولیس عہدیدار برقرار رکھیں۔
وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی نے اس اجلاس میں اپنے اس احساس کا اظہار کیا کہ عوام غیر ضروری اندیشوں میں گرفتار ہوکر احتیاطی طورپر اپنے مکانات میں آکسیجن سیلنڈرس، ریمیڈیسیورانجکشن اور دیگر ادویات کو محفوظ کر رہے ہیں جبکہ ایسا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ انہی وجوہات کے باعث مارکیٹ میں ان مذکورہ اشیاء کی قلت محسوس کی جارہی ہے۔
جناب محمدمحمودعلی نےاس اجلاس میں کہا کہ ریاست تلنگانہ میں آکسیجن کی کوئی کمی نہیں ہے اور وزیراعلیٰ جناب چندراشیکھرراؤ نے عہدیداروں کو ریمیڈیسیورانجکشن اور کوویڈ ویکسین وافر مقدار میں منگوانے اور کسی بھی حال میں ریاست میں اس کی قلت نہ ہونے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
جناب محمدمحمود علی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں دن بہ دن کوروناوائرس کے معاملات بڑھتے جا رہے ہیں جس کی اہم وجہ پڑوسی ریاستوں کے اکثر و بیشتر لوگوں کی تلنگانہ ریاست میں آمد و رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ اس معاملہ کو سنجیدگی کیساتھ سے حل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق ریاست میں اجتماعات کی اجازت نہیں ہے۔
ساتھ ہی وزیر داخلہ نے کالا بازاری کرنے والوں کو انتباہ دیا ہے کہ آکسیجن سیلنڈرس،ریمیڈیسیورانجکشن یا کوویڈ ویکسین کی بلیک مارکیٹنگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور اس سلسلہ میں کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔
ریاستی وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی نے ریاست کے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ غیر ضروری طور پر اندیشوں کا شکار ہوکر ہرگز خوفزدہ نہ ہوں کیونکہ ریاست میں تمام طبی سہولتیں موجود ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت تلنگانہ سرکاری ہسپتالوں میں بیڈس کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کررہی ہے تاکہ عوام کو فوری طورپر طبی سہولت مہیا ہو اور اس پر عمل آوری کا آغاز بھی کردیا گیا ہے انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر اجتماعات سے پرہیز کریں، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں، ماسک کو لازمی طور پر استعمال کریں اور اپنے ہاتھوں کو وقفہ وقفہ سے سینی ٹائزر یا صابن سے دھو تے رہیں۔
وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی نے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ نمازوں کی ادائیگی کی غرض سے مساجد کو اپنے گھروں سے وضو بنا کر جائیں، مساجد میں بھی سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور ماسک کا استعمال لازمی طورپر کریں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں روزہ داروں کی دعائیں رد نہیں ہوتیں انہوں نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی کہ تمام روزہ دار کوروناوائرس کی جاریہ وباءکے خاتمہ، عوام کی صحت و عافیت اور اور ملک بالخصوص ریاست تلنگانہ کی ترقی، خوشحالی، امن، چین اور سکون کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔
ریاستی وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی نے سوشل میڈیاکے متعلق کہا کہ اس پر جھوٹ پر مبنی ،غیر مصدقہ ، بناوٹی ، قدیم اور عوام کو خوفزدہ کرنے والے ویڈیوس، فوٹوس، آڈیوز اور دیگر مواد کوہرگز نہ پھیلائیں کیونکہ اس سلسلہ میں محکمہ پولیس کی سوشیل میڈیا پر گہری نظر ہے۔ریاستی وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی نے ساتھ ہی انتباہ دیا کہ ایسا مواد سوشیل میڈیا پر پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی
وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی نے ریاست کے عوام سے اپیل کی کہ کورونا قواعد پر سختی کیساتھ عمل کریں،بلاء ضرورت اپنے مکانات سے باہر نہ نکلیں ،بھیڑ بھاڑ اور مجمع سے خود کو دور رکھیں ساتھ ہی ماسک کے استعمال کو خود پر لازمی کرلیں تاکہ اس وبا کو مزیدپھیلنے سے روکا جاسکے اور عوام کی قیمتی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔