جمعتہ الوداع کے پیش نظر ریاستی وزیر داخلہ محمدمحمود علی کا مسلمانوں کومشورہ
حیدرآباد:6۔مئی (سحرنیوزڈاٹ کام/پریس نوٹ)
ریاستی وزیرداخلہ جناب محمدمحمود علی نے پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے ریاست کے مسلمانوں کو پیغام دیا ہے کہ جمعتہ الوداع کے موقع پر ریاست بھر کی مساجد بالخصوص جامع مساجد اور مکہ مسجد میں کوویڈ قوانین پرمکمل طور پرعمل کرتے ہوئے مساجد کے اندرونی حصوں میں نمازوں کا اہتمام کریں۔
ساتھ وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ مساجد کے اندرونی حصہ میں جگہ نہ ملنے پر اپنے اپنے گھروں میں نمازوں کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ کورونا وباء کافی تیزی سے پھیل رہی ہے جس کی وجہ سے سماج میں بد امنی و بے چینی کا عالم ہے۔
اور کورونا وباء کو روکنے کا اہم ذریعہ ماسک کا استعمال ،سماجی فاصلہ اور ہاتھوں کو سینی ٹائزر یا صابن سے بار بار دھونا ہے۔
وزیرداخلہ جناب محمد محمود علی نے کہا کہ مسلمان جمعتہ الوداع اور شب قدر میں کثیر تعداد میں مساجد کے اندر یا باہر جمع ہونے سے پرہیز کریں اور گھروں میں عبادتیں کرنے کو اہمیت دیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست بھر کی تمام مساجد اور مکہ مسجد میں جمعتہ الوداع کے موقع پر مساجد کے باہری حصہ میں نماز پڑھنے کی اجازت نہیں ہوگی کیونکہ اس سلسلہ میں معزز تلنگانہ ہائی کورٹ نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی مسجد کے باہری حصہ میں نماز پڑھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
جناب محمد محمود علی نے ریاست کے مسلمانوںسے اپیل کی ہے کہ موجودہ صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے جمعتہ الوداع، شب قدر کے علاوہ دیگر نمازوں اورعبادات کا اپنے اپنے گھروں میں ہی اہتمام کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام بالخصوص مسلمان بازاروں میں کسی بھی قسم کے اجتماعات سے پرہیز کریں،ماسک کا استعمال لازمی طورپر کریں ،بھیڑ بھاڑ والے مقامات سے دور رہیں۔
ریاستی وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی نے کہا کہ کورونا وباء کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ہم سب کو مل کر کوویڈ قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی سخت ضرورت ہے۔