تلنگانہ میں آج اور کل شدید بارش کی پیش قیاسی، حیدرآباد اور وقارآبادضلع میں شدید بارش، سیلابی صورتحال،موسیٰ ندی دوبارہ لبریز

تلنگانہ میں آج اور کل شدید بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد اور وقارآباد ضلع میں شدید بارش،سیلابی صورتحال
موسیٰ ندی دوبارہ لبریز،کوٹ پلی،شیواساگر سے زائد پانی کا اخراج
اضلاع نظام آباد اور جگتیال میں سالانہ اوسط سے زیادہ بارش ریکارڈ

حیدرآباد/وقارآباد: 02۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ میں موسمی تغیرات کا انوکھا سلسلہ جاری ہے۔دن بھر شدید دھوپ پھر اچانک شدیدبارش اور رات کے وقت سردی کا احساس۔ دن کے درجہ حرارت میں کبھی اضافہ تو کبھی کمی۔آج منگل کی صبح حیدرآباد میں شدید بارش ہوئی جبکہ بعد دوپہر وقارآبادضلع کے وقارآباد مستقر، مرپلی منڈل،تانڈور،منے گوڑہ کے علاوہ دیگر مقامات پر شدید بارش ہوئی۔اور یہ سلسلہ ہنوز وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔

محکمہ موسمیات حیدرآباد کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی میں کہا گیا ہے کہ آج بروز منگل 2 اگست اور کل چہارشنبہ 3 اگست کو تلنگانہ کے کئی اضلاع میں شدید اور موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

حیدرآباد میں آج صبح اور بعد دوپہر ہونے والی بارش کے باعث خیریت آباد،امیر پیٹ، پنجہ گٹہ،لکڑی کا پل،مشیرآباد،چکڑپلی،کوکٹ پلی،جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز،سکندرآباد،بیگم ،پیٹ،مہدی پٹنم،چادر گھاٹ،دلسکھ نگر،ملک پیٹ،حیات نگرکے علاوہ شہر کےمختلف مقامات پر عام زندگی مفلوج ہوگئی، سڑکیں جھیلوں کا منظر پیش کررہی تھیں اور ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا۔

کل یکم اگست کو بھی تلنگانہ کےمختلف مقامات پر شدید بارش ہوئی۔وقارآباد ضلع کے مستقر اور بنٹارام منڈل میں کل ہوئی بارش کے باعث بشمول کوٹ پلی پراجکٹ دیگر ذخائر آب دوبارہ لبریز ہوگئے اور ان کے پشتوں سے زائد پانی خارج ہوا۔کل وقارآبادضلع کے بنٹارام منڈل میں دوپہر کے وقت زائداز ایک گھنٹہ تک شدید بارش ہوئی جبکہ ضلع کے مختلف مقامات پر بارش نہیں ہوئی۔کل بنٹارام میں 90 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔جبکہ کل حیدرآباد کے ایسٹ آنند نگر اور ویسٹ ماریڈ پلی میں فی کس 80 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

ریاست تلنگانہ میں ماہ جولائی میں سالانہ اوسط سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔نظام آبادضلع میں ماہ جولائی کے دؤران سالانہ اوسط سے 300 فیصد زائد بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔جگتیال ضلع میں 249 فیصد سالانہ اوسط سےزائد بارش ریکارڈ ہوئی۔جہاں ماہ جولائی میں 90سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ریاست تلنگانہ میں ماہ جولائی میں بحیثیت مجموعی سالانہ بارش کا اوسط 281.5 ملی میٹرہے تاہم جاریہ سال ماہ جولائی میں ریاست میں بارش کا اوسط 535.5 ملی میٹر رہا۔

وہیں آج دوپہر سے وقارآبادضلع کے بنٹارام منڈل،وقارآباد اور تانڈور میں شدید بارش ہوئی اور اس کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔اس شدید بارش کے باعث ندیاں،تالاب اور نالے لبریز ہوگئے ہیں ان پر موجود پلوں کے اوپر سےسیلابی پانی کے بہنے سے کئی مقامات پرٹریفک روک دی گئی۔

اسی طرح موسیٰ ندی میں بھی دوبارہ سیلابی پانی ٹھاٹھیں مارتےہوئےحیدرآباد کی جانب رواں ہے۔وقارآباد کاذخیرہ آب شیواساگر تالاب بھی لبریز ہوگیا ہے اس سے بھی زائد پانی کا اخراج جاری ہے۔کئی مقامات پر فصلیں زیر آب آگئی ہیں۔

چنچل پیٹ کی موسیٰ ندی پر موجود ریلوے بریج کے نیچے سے بڑی مقدار میں سیلابی پانی بہہ رہا ہے۔شیواریڈی پیٹ کے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں اور سرکاری اردو میڈیم اسکول کا احاطہ تالاب میں تبدیل ہوگیا ہے۔سڑکوں پر موجود پلوں کے اوپر سے سیلابی پانی کے گزرنے کے باعث کئی مواضعات کا وقارآباد تک سڑک رابطہ منقطع ہے۔کئی کھیتوں میں موجود بورویلس سے خودبخود پانی کا اخراج ہورہا ہے۔