وقارآبادضلع میں شدید بارش، کار ندی میں بہہ گئی
کار میں سوار جوڑے نے درخت کو پکڑکر اپنی جان بچائی
706 ملی میٹر بارش ریکارڈ، تمام ذخائرآب لبریز
وقارآباد:06۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
محکمہ موسمیات کی جانب سے آج 6 اکتوبر کوتلنگانہ کے جن اضلاع میں شدیدبارش کی پیش قیاسی کی گئی ہےان میں وقارآبادضلع بھی شامل ہے۔گزشتہ رات 11 بجے سے ضلع وقارآباد کے اسمبلی حلقہ جات وقارآباد،تانڈور،پرگی اور کوڑنگل کے مختلف منڈلات اور مواضعات میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا آغاز ہوا تاہم رات ایک بجے کے بعد سے دھواں دھار بارش نےضلع کے تمام ذخائر آب کو لبریز کردیا۔آج سہء پہر تک بھی ضلع کےمختلف مقامات پر ہلکی اور تیزبارش کاسلسلہ ہنوزجاری ہے۔گزشتہ رات سےآج صبح 30-8بجے تک ضلع وقارآباد میں 706.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
وقارآباد کے دھارور منڈل میں ایک کار ندی میں بہہ گئی جس میں ایک جوڑا سوار تھا۔خوش قسمتی ان دونوں نے پانی میں بہہ جانےکے دؤران ندی میں موجود ایک درخت کو پکڑ کر اپنی جان بچائی۔
دھارور منڈل کے ناگارم کےقریب پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق موضع ڈورنال کے ساکن دیونور شیوا پنی بیوی مونیکا کے ساتھ دسہرہ تہوار کے موقع پر اپنے آبائی مقام گئے ہوئے تھے۔آج صبح دونوں اپنی کار کے ذریعہ وقارآباد آرہے تھے کہ رات ہونے والی شدید بارش کے باعث ناگارام موضع کے قریب موجود سیلابی پانی سے لبریز ندی کے بریج کے اوپر سے پانی بہہ رہا تھا۔تاہم اس جوڑے نے اسی سیلابی پانی میں سے اپنی کار گزارنے کی کوشش کی اسی دؤران سیلابی پانی میں ان کی کار بہہ گئی۔خوش قسمتی سے ندی میں موجود ایک درخت کو پکڑکر ان دونوں نے اپنی جان بچائی اور درخت پر چڑھ گئے۔اور کار بھی اسی درخت سے ٹکراکر رک گئی۔بعدازاں موضع کےعوام اور پولیس نے رسیوں کی مدد سے شیوا اوران کی بیوی مونیکاکو بحفاظت سیلابی پانی میں سے باہر نکال لیا۔
” ضلع وقارآباد میں پیش آئے کار کے واقعہ کے علاوہ مختلف مقامات پر سیلابی پانی کے بہاؤ اور لبریز ذخائر آب اس ویڈیو میں "
بعدازاں آج دوپہر پولیس اور محکمہ مال کے عہدیداروں نے اس کار کوجے سی بی مشین کی مدد سے باہر نکالا۔دوسری جانب ضلع میں جاری شدید بارش کے باعث تمام ذخائر آب لبریز ہوکر اپنی سطح سے اوپر بہہ رہے ہیں۔سیلابی پانی کئی ندیوں اور نالوں کےاوپر موجود پُلوں کے اوپر سے بہہ رہا ہے۔جس کے باعث کئی مواضعات کےلیے راستے بند ہوگئے ہیں۔وہیں تانڈور کی کاگناندی میں بھی شدید سیلابی پانی ٹھاٹھیں مار رہا ہے۔اس ندی میں موجود قدیم بریج کا ایک حصہ گزشتہ ماہ ٹوٹ کر بہہ گیا تھا اب یہ قدیم بریج مکمل طور پر پانی میں غرق ہوگیا ہے۔
گزشتہ رات سےآج صبح 30-8 بجے تک ضلع وقارآباد کےکوڑنگل میں سے سب زیادہ 93.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔جبکہ پرگی میں 74.6 ملی میٹر،پوڈور میں 71.5 ملی میٹر، دھارور میں 68.8 ملی میٹر،کلک چیرلہ میں61.9 ملی میٹر،وقارآباد میں 52.1 ملی میٹر،یالال میں 37.6،نواب پیٹ 35 ملی میٹر،چوڈا پور میں 32 ملی میٹر،بھمرس پیٹ میں 31 ملی میٹر،دؤلت آباد میں 30 ملی میٹر،تانڈور میں 28.8 ملی میٹر،کوٹ پلی میں 27.5 ملی میٹر،دوما منڈل میں 25.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ضلع میں رات سےہونےوالی بارش سے عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے،سڑکیں اور نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔


