وقارآباد ضلع میں اردو میڈیم اسکول کی طالبہ کے ساتھ ناشائستہ برتاؤ
ہیڈ ماسٹر پربھو پوکسو ایکٹ کے تحت گرفتار، خدمات سے معطل
وقارآباد : 21/جون (سحر نیوز ڈاٹ کام)
والد کےبعد استاد کی شخصیت کسی بھی لڑکے یا لڑکی کےلیے انتہائی قابل احترام مانی جاتی ہے۔لیکن وقارآبادضلع میں ایک اسکول کےہیڈ ماسٹر نے ایک نابالغ طالبہ کے ساتھ ناشائستہ برتاؤ کرتے ہوئے اس مقدس پیشہ کو داغدار بنا دیا۔ جسے پوکسو ایکٹ کےتحت گرفتار کرتےہوئےخدمات سے معطل کر دیا گیا۔
وقار آباد ضلع کے مومن پیٹ منڈل کے ایک اردو میڈیم ضلع پریشد اسکول میں پیش آئے اس شرمناک واقعہ کی تفصیلات کے مطابق اس اسکول کی ایک طالبہ نے دو دنوں سے اسکول جانا بند کردیا تھا اور ہمیشہ خوفزدہ نظر آنے پر اس کی ماں نے وجہ پوچھی تو طالبہ نے اپنی ماں کو بتایا کہ اسکول کا ہیڈ ماسٹر پربھو دو دن قبل تلنگانہ کے قیام کی دسویں تاسیس کے موقع پر پیر کی شام اسکول میں منعقدہ پروگرام کے اختتام کے بعد اس طالبہ سے کہا کہ وہ اسکول میں رک جائے اور گھر نہ جائے۔
طالبہ نے اپنی ماں کو بتایاکہ جب وہ کلاس روم کی صفائی کررہی تھی تو ہیڈ ماسٹر پربھو وہاں پہنچ گیا اور اس کےساتھ ناشائستہ برتاو کرنے لگا۔ خوفزدہ طالبہ اسکول سے بھاگ کر اپنے مکان پہنچی۔اس طالبہ نے اپنی ماں کو بتایاکہ گذشتہ چند دنوں سے ہیڈ ماسٹر پربھو اس کے ساتھ دو تین مرتبہ ایسا ہی ناشائستہ برتاو کرچکا ہے۔
اس حقیقت سے واقف ہونےکے بعد ماں اور دیگر افراد خاندان نے اسکول پہنچ کر ہیڈ ماسٹر سے پوچھ تاچھ کی۔بعدازاں اس طالبہ کی ماں نے مومن پیٹ پولیس اسٹیشن میں اسکول کے ہیڈ ماسٹر پربھو کے خلاف مذکورہ واقعہ کی شکایت درج کروائی۔جس پر پولیس نے ہیڈماسٹر پربھو کے خلاف پوکسو ایکٹ کے تحت کیس درج رجسٹر کرلیا۔
دوسری جانب اس واقعہ کی اطلاع پر کلکٹر ضلع وقارآباد مسٹر نارائن ریڈی نے ڈی ای او وقارآبادضلع رینوکادیوی کو اس واقعہ کی فوری تحقیقات اور ہیڈماسٹر کےخلاف قانونی،محکمہ جاتی کارروائی کی ہدایت دی۔جس کے بعد اسسٹنٹ محکمہ تعلیمات وقارآباد ضلع عبدالغنی اور منڈل ایجوکیشنل آفیسر نے چہارشنبہ کی رات تک اس واقعہ کی تحقیقات انجام دیں۔
ان کی تحقیقاتی رپورٹ کے بعد اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے ہیڈماسٹر پربھو کو خدمات سےمعطل کیے جانے کے احکام جاری کیے گئے۔مومن پیٹ پولیس نے ہیڈماسٹر پربھو کو پوکسو ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا ہے۔اس معاملہ کی اسسٹنٹ ڈائرکٹر محکمہ تعلیمات وقارآباد ضلع عبدالغنی مزید تحقیقات میں مصروف ہیں۔
اس واقعہ کےمنظر عام پر آنے کےبعد ضلع وقارآباد کی طالبات کے سرپرستوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ہیڈ ماسٹر پربھو کے خلاف سخت کارروائی اور طالبات کے تحفظ کا مطالبہ کیا جارہا ہےکہ ایسے واقعات کا مستقبل میں اعادہ نہ ہو اس کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔

" یہ بھی پڑھیں ”
وقارآباد ضلع : تانڈور میں ایک کلو سے زائد گانجہ ضبط، چار گرفتار

