حیدرآباد:عصمت ریزی اور قتل کی متاثرہ لڑکی کے والدین کو حکومت نے 20 لاکھ روپئے کی ایکس گریشیا دی

ریاستی خبریں

حیدرآباد:عصمت ریزی اور قتل کی متاثرہ لڑکی کے والدین کو حکومت نے 20لاکھ روپئے کی ایکس گریشیاء دی
وزیر داخلہ محمدمحمودعلی اور ریاستی وزیر ستیہ وتی راتھوڑ نے والدین سے ملاقات کرکے چیک حوالے کیا

حیدرآباد:16۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاستی وزیر داخلہ محمدمحمود علی اور ریاستی وزیر بہبودی خواتین واطفال ستیہ وتی راتھوڑ نے آج جمعرات کی صبح سعید آباد کی سنگارینی کالونی میں عصمت ریزی اور قتل کی شکار 6 سالہ لڑکی کے والدین سے ان کے گھر پر ملاقات کرتے ہوئے انہیں پرسہ دیا اور افسوسناک واقعہ کی مذمت کی۔

ریاستی وزیر داخلہ کے دفتر سے آج دوپہر جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان دونوں وزراء نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے بطور ایکس گریشیا اس متاثرہ لڑکی کے والدین کو 20 لاکھ روپئے کا چیک حوالے کیا اور تیقن دیا کہ ان کی ہر طرح سے مدد کی جائے گی اور اس واقعہ میں ملوث راجو کو گرفتار کرتے ہوئے سخت سزا کو یقینی بنایا جائے گا۔

یاد رہے کہ حیدرآباد کے سعید آباد علاقہ کی سنگارینی کالونی میں 9 ستمبر کو ایک 6 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کا واقعہ پیش آیا تھا۔اس لڑکی کی نعش اس کے پڑوسی راجو 30 سالہ کے مقفل مکان سے بوریہ میں لپٹی ہوئی دستیاب ہوئی تھی اور راجو مفرور تھا۔

اس واقعہ کے خلاف مقامی عوام نے کئی گھنٹوں تک زبردست احتجاج منظم کرتے ہوئے راجو کی فوری گرفتاری اوراس کے انکاؤنٹر کا مطالبہ کیا تھا عوام کی برہمی کو دیکھتے ہوئے اس وقت ضلع کلکٹر حیدرآباد ایل۔شرمن،ڈی سی پی ایسٹ زون رمیش ریڈی سنگارینی کالونی پہنچ گئے تھے اور متاثرہ لڑکی کے والدین اورمقامی احتجاجی عوام سے بات کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ فوری طور پر متاثرہ لڑکی کے والدین کو 50 ہزار روپئے کی ابتدائی نقد امداد دی جائے گی،خاندان کے ایک فرد کو ملازمت فراہم کی جائے گی، ایک ڈبل بیڈروم مکان دیا جائے گا اور اس واقعہ میں ملوث راجو کو جلد گرفتار کرتے ہوئے سزاء کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس کے بعد 14 ستمبر کو مفرور ملزم راجو کی گرفتاری کے لیے اس سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر حیدرآباد سٹی پولیس نے دس لاکھ روپئے کے انعام کا اعلان کرتے ہوئے مختلف زاویوں سے مفرور راجو کی تصاویر جاری کی تھیں۔

اسی دؤران آج صبح 45-8 بجے جنگاؤں ضلع کے اسٹیشن گھناپور پولیس اسٹیشن کے حدود میں پولیس کو ریل کی پٹریوں پر خودکشی کرلینے والے ایک شخص کی نعش دستیاب ہوئی تھی بعد ازاں ریاستی ڈی جی پی ایم۔مہندرریڈی نے ٹوئٹر پر تصدیق کی کہ خودکشی کرلینے والا شخص سعید آباد کی سنگارینی کالونی میں 6 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کا ملزم راجو ہے۔

وہیں کل 15 ستمبر کی سہء پہر ریاستی وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے سعید آباد کی سنگارینی کالونی میں پیش آئےعصمت ریزی اور قتل کے اس واقعہ پر ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس طلب کیاتھا۔

جس میں ریاستی ڈی جی پی ڈاکٹر ایم۔مہندر ریڈی،حیدرآباد پولیس کمشنر انجنی کمار،ایڈیشنل پولیس کمشنرشیکھا گوئل، ڈی سی پی نارتھ زون کلمیشور، ڈی سی پی ساؤتھ زون گجا راؤ،جوائنٹ پولیس کمشنر (ایسٹ زون) رمیش،جوائنٹ پولیس کمشنر (سنٹرل زون) وسوا پرساد، ڈی سی پی (ٹاسک فورس) چکرا ورتی،اے سی پی ملک پیٹ وینکٹ رمنا شریک تھے اس اجلاس میں وزیر داخلہ نے واقعہ کے ملزم راجو کی فوری گرفتاری کی ہدایت دی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے