حیدرآباد میں 6سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اورقتل کے ملزم نے خودکشی کرلی!
نعش اسٹیشن گھناپور کے قریب ریل کی پٹریوں پر دستیاب،ڈی جی پی کی تصدیق
حیدرآباد :16۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد کے سعید آباد علاقہ کی سنگارینی کالونی میں 9 ستمبر کو ایک 6 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کے ملزم پلاکونڈاراجو (30سالہ) نے خودکشی کرلی جس کی نعش آج 45-8 بجے صبح ضلع جنگاؤں کے اسٹیشن گھناپور کے قریب ریل کی پٹریوں سے دستیاب ہوئی ہے۔
اس سلسلہ میں ریاستی ڈی جی پی ایم۔ مہندرریڈی نے تصدیق کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ اس کی اطلاع دی ہے۔نعش کے ہاتھ پر موجود ٹٹو کی مدد سے اس کی شناخت کرلی گئی ہے۔کہاجارہا ہے کہ بھوبنیشور سے ممبئی جارہی کونارک ایکسپریس ٹرین کے ذریعہ اس نے خودکشی کی ہے!
https://twitter.com/TelanganaDGP/status/1438378108575313923
اس کمسن لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کے اس واقعہ نے ریاست کے ساتھ ساتھ سارے ملک میں سنسنی مچادی دی تھی۔اہم شخصیتوں،سیاسی قائدین اور سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد معصوم لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کے بعد مفرور اس ملزم راجو کے بھی دشاکے ملزموں کی طرح انکاؤنٹر کرنے کا مطالبہ کررہی تھی۔(یاد رہے کہ دوسال قبل وٹرنری ڈاکٹر دشا کی عصمت ریزی اور قتل کے چار ملزم پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک ہوگئے تھے اور سپریم کورٹ کی ہدایت پر اس انکاؤنٹر کی تحقیقات جاری ہیں)۔
وہیں دوسری جانب اس انکاؤنٹر کے مطالبہ کی مخالفت بھی کی جارہی تھی کہ ملزموں کو سزا دینے کے لیے قانون اور عدالتیں موجود ہیں۔
سنگارینی کالونی میں 6 سالہ لڑکی کی نعش اس کے پڑوسی راجو کے مقفل مکان سے بوریہ میں لپٹی ہوئی برآمد ہوئی تھی اور پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اس کی تصدیق کی گئی تھی لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل ہوا ہے۔
کمسن لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کے ملزم راجو کی خودکشی کی اطلاع کے بعد ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ راجو کی خودکشی کی اطلاع انہیں ریاستی ڈی جی پی مہندرریڈی نے دی ہے۔
Just been informed by @TelanganaDGP Garu that the beast who raped the child has been traced & found dead on a railway track at station Ghanpur#JusticeForChaithra https://t.co/TCx2BHvVhG
— KTR (@KTRBRS) September 16, 2021
14 ستمبر کو اس 6 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کے ملزم راجو کے سر پر حیدرآباد پولیس نے 10 لاکھ روپئے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔ درجنوں پولیس ٹیمیں مفرور راجو کی تلاش میں سرگرداں تھیں آرٹی سی بسوں،بس اسٹانڈوں،ریلوے اسٹیشنوں میں بھی اسے تلاش کیا جارہا تھا۔
اس لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کے واقعہ کے بعد بشمول کانگریس اور بی جے پی حکومت تلنگانہ کو نشانہ بنارہے تھے کئی اہم قائدین بشمول صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی اور تلگو فلم اداکار و صدر جنا سینا پارٹی پون کلیان نے متاثرہ لڑکی کے مکان واقع سنگارینی کالونی،سعید آباد پہنچ کر اس کے والدین سے ملاقات کرتے ہوئے پرسہ دیا تھا۔
جبکہ ریاستی حکومت نے متاثرہ لڑکی کے والدین کو ایک ڈبل بیڈروم مکان، خاندان کے ایک فرد کو ملازمت کے علاوہ دیگر سہولتوں کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب راجو کی بیوی مونیکا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے اس کے شوہر کو لے جاکر اس کا قتل کیا ہوگا اور اسے خودکشی کا رنگ دیا جارہا ہے!!

اس نے کہا کہ اس کا شوہر راجو ایسی حرکت نہیں کرسکتا اگر واقعی اس نے لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کیا تھا تو اس کو قانون کے مطابق سزا دی جاتی۔ راجو کی بیوی مونیکا نے یہ سنگین الزام بھی عائد کیا کہ واقعہ کے بعد سے اس کا شوہر پولیس کی تحویل میں ہی تھا اور اس کو اذیتیں دے کرقتل کیا گیا ہے!!