تلنگانہ یوم قومی یکجہتی،کل 17 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان
تمام سرکاری دفاتر،سرکاری اور خانگی تعلیمی اداروں کو تعطیل
چیف سیکریٹری سومیش کمار نے جی او جاری کردیا
حیدرآباد: 16۔ستمبر (سحرنیوزڈاٹ کام)
یوم انضمام حیدرآباد کے موقع پرحکومت تلنگانہ نے کل 17ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔اس سلسلہ میں آج شام ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے جی او نمبر G.O.Rt No: 1786 جاری کردیا ہے۔
اس جی او کےتحت کل 17 ستمبر بروز ہفتہ کو تلنگانہ یوم قومی یکجہتی کے ضمن میں ریاست کے تمام سرکاری دفاتر،تمام سرکاری اور خانگی تعلیمی اداروں کو تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
یاد رہےکہ 17 ستمبر 1947ء کو ریاست حیدرآباد کے انڈین یونین میں انضمام کو زعفرانی تنظیموں اور کمیونسٹ جماعتوں کی جانب سے یوم نجات کے طورپر منایا جاتاہے۔اور 2014 میں تشکیل تلنگانہ کےبعد سےحکومت سے بھی ان کا مطالبہ تھا کہ ہرسال 17ستمبر کو یوم نجات منایا جائے۔اور اس سلسلہ میں نواب میر عثمان علی خان بہادر کو ایک ظالم حکمراں اور نظام دؤرحکومت کو سیاہ دور قرار دیا جاتا ہے۔جبکہ حیدرآباد اور اس کے تمام طبقات کی مساوی ترقی اور دور نظام کی کارکردگی آج بھی قابل مثال ہے۔
اس دباؤ اور پروپگنڈہ کے خلاف ریاستی وزیر اعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ نے گزشتہ دنوں اعلان کیا کہ ہرسال ریاست تلنگانہ میں 17ستمبر کو تلنگانہ یوم قومی یکجہتی کے طورپر سرکاری سطح پر منایا جائے گا جس کا ریاست میں آج سے آغاز ہوگیا ہے۔