وقار آباد ضلع کے کوٹ پلی پراجکٹ میں تفریح کی غرض سے آئے ہوئے ایک ہی خاندان کے چار نوجوان غرقاب

جرائم و حادثات ریاستی خبریں ضلعی خبریں

وقار آباد ضلع کے کوٹ پلی پراجکٹ میں تفریح کی غرض سے آئے ہوئے
ایک ہی خاندان کے چار نوجوان غرقاب، وزیرتعلیم اور دیگر کا اظہار افسوس

وقارآباد: 16۔جنوری (سحرنیوزڈاٹ کام/نمائندہ)

ریاست تلنگانہ کے وقارآباد ضلع میں موجود آبپاشی کا کوٹ پلی پراجکٹ جو کہ ایک سیاحتی مقام میں تبدیل کیا گیا ہے اور جس میں کشتی رانی کی سہولت بھی موجود ہے،میں آج تفریح کی غرض سے آئےہوئے ایک ہی خاندان کے چار نوجوان غرق ہوگئے۔ان میں تین نوجوانوں کی نعشیں فوری دستیاب ہوئیں تاہم ایک نوجوان کی نعش کو غوطہ خوروں نے تلاش کے بعد پراجکٹ کے پانی سے باہر نکالا۔

حیدرآباد سے 96 کلومیٹر اور وقارآبادضلع مستقر سے 46 کلومیٹر کےفاصلہ پرموجود کوٹ پلی جوکہ متحدہ ضلع رنگاریڈی کا سب سے بڑا آبپاشی پراجکٹ ہے میں تفریح کی غرض سےآج وقارآباد سے حیدرآباد کی جانب 10 کلومیٹر کے فاصلہ پر پرگی حلقہ اسمبلی کے پوڈور منڈل کے منے گوڑہ کا ساکن ایک خاندان تلسنکرانتی تہوار کے بعد تفریح کی غرض سے آیا ہوا تھا۔اتفاقی طور پر چار نوجوان تیراکی کے دؤران کوٹ پلی پراجکٹ میں غرق ہوگئے۔(اس سلسلہ میں سرکاری طور پر پولیس کی جانب سے کوئی بیان اب تک جاری نہیں کیا گیا کہ یہ اموات کس طرح ہوئیں۔؟) 

اس بدقسمت غرقابی کےواقعہ میں ہلاک ہونےوالے نوجوانوں کی شناخت منے گوڑہ کےساکن کیشو(28 سالہ)،جگدیش (24سالہ) راجیش (24 سالہ) سالہ اور وینکٹیش (25 سالہ) کی حیثیت سے کی گئی ہے جن کا ایک ہی خاندان سے تعلق بتایا گیا ہے۔اس اطلاع کے بعد منے گوڑہ میں افسوس اور غم کی لہر دؤڑ گئی ہے۔اس واقعہ کے بعد مختلف مقامات سے تفریح کی غرض سے آئے ہوئے سیاحوں میں بھی غم اور افسوس کے ساتھ خوف کی لہر دؤڑ گئی۔( اس واقعہ کا مکمل ویڈیو نیچے دیکھا جاسکتا ہے )

اس حادثہ کی اطلاع کےساتھ ہی رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر ایم۔آنند اور ڈی ایس پی وقارآباد، کوٹ پلی پراجکٹ پہنچ گئے۔اور واقعہ کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد اس واقعہ پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔بعد ازاں ان چاروں نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم وقارآباد کے ایریا ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔پولیس اس سلسلہ میں کیس درج کرکے مصروف تحقیقات ہے۔یاد رہے کہ وسیع و عریض کوٹ پلی دھارور اور کوٹ پلی پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں آتا ہے۔

وقار آباد ضلع کے کوٹ پلی پراجکٹ میں پیش آئے اس حادثہ میں چار نوجوانوں کی موت پر ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔آج شام جاری کردہ اپنے صحافتی بیان میں وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندرا ریڈی جو کہ وقار آباد ضلع کی انچارج وزیر بھی ہیں نے مہلوک نوجوانوں کے افراد خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس افسوسناک واقعہ کی اطلاع نے انہیں دہلاکررکھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جونہی انہیں کوٹ پلی پراجکٹ میں نوجوانوں کی غرقابی کی اطلاع ملی تھی تو انہوں نے فوری پولیس کو ہدایت دی تھی کہ ان غرقاب نوجوانوں کی تلاشی مہم کا فوری آغاز کیا جائے۔وزیرتعلیم مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا مہلوکین کا ایک ہی خاندان سے تعلق ہے۔اس حادثہ کی اطلاع کے فوری بعد وزیر تعلیم نے کلکٹر ضلع وقار آباد کے۔نکھیلا، ایس پی ضلع وقار آباد نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس، رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر ایم۔آنند اور رکن اسمبلی پرگی مہیشور ریڈی سے فون پر بات کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کیں اور متاثرہ خاندان کی اس موقع پر مدد کی ہدایت دی۔

وہیں رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ کوٹ پلی پراجکٹ میں منے گوڑہ کے ساکن ایک ہی خاندان کے چار نوجوانوں کی غرقابی سے ہونے والی اموات کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے مہلوکین کے افراد خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وقار آباد ضلع کے کوٹ پلی پراجکٹ میں آج پیش آئے اس افسوسناک واقعہ میں چار نوجوانوں کی موت پر سابق رکن پارلیمان چیوڑلہ و بی جے پی قائد کونڈا وشویشور ریڈی نے بھی شدید افسوس ظاہر کرتے ہوئے مہلوکین کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

آج شام جاری کردہ اپنے پریس نوٹ میں سابق رکن پارلیمان و بی جے پی قائد کونڈا وشویشور ریڈی نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہلوک نوجوانوں کے افراد خاندان کو درکار تمام ممکنہ امداد فراہم کی جائے۔ کونڈا وشویشور ریڈی نے سرکل انسپکٹر پولیس دھارور اور کوٹ پلی پراجکٹ کے کشتی راں کو فون کرتے ہوئے اس واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں۔   

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے