بلدیہ تانڈور کا پہلا اجلاس، تمام بلدی حلقوں کی مساوی ترقی کو اولین ترجیح: رکن اسمبلی منوہر ریڈی کا خطاب

بلدیہ تانڈور کا پہلا اجلاس ،تمام بلدی حلقوں کی مساوی ترقی کو اولین ترجیح
رکن اسمبلی منوہر ریڈی کا خطاب ،13نکاتی ایجنڈہ منظور

وقارآباد/تانڈور:9۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام)

رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی نے کہا ہے کہ بناء کسی سیاسی تفریق کے تمام بلدی حلقوں کی ترقی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔ رکن اسمبلی آج 9 مارچ کو صدر نشین بلدیہ پٹلولا نیرجا بال ریڈی کی زیر صدارت منعقدہ بلدیہ تانڈور کے پہلے اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے خطاب کررہے تھے۔
13 فروری کو بلدی انتخابات کے نتائج اور 16؍فروری کو صدر نشین اورنائب صدرنشین بلدیہ کے علاوہ دیگر 34 ارکان بلدیہ کی حلف برداری کے بعد بلدیہ تانڈور کا آج یہ پہلا اجلاس تھا۔اس اجلاس میں عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے خاتون ارکان بلدیہ ،آر پیز، وارڈ آفیسرس اور بلدی ملازمین کو تہنیت پیش کی گئی۔
یاد رہے کہ 36 رکنی بلدیہ تانڈور کے لیے 20 خاتون ارکان بلدیہ منتخب ہوئی ہیں ان میں صدرنشین بلدیہ پٹلولا نیرجا بال ریڈی، نائب صدرنشین بلدیہ عبدلرزاق، بی آر ایس فلور لیڈر پٹلولا دیپا نرسملو اور راما کرشنا کو چھوڑ کر دیگر 32 نومنتخب ارکان بلدیہ پہلی مرتبہ منتخب ہوئے ہیں۔
بلدیہ کے اس اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈہ کو منظوری دی گئی جس میں تانڈور کو خوبصورت بنانے کے لیے سوچھ بھارت مشن(اربن) کے لیے 8 لاکھ 70 ہزار 585 روپئے مختص کیے گئے۔

اسی طرح جاریہ موسم گرما میں پانی کی قلت سےنمٹنے کی غرض سے 11 مختلف کاموں کے لیے 55 لاکھ روپئے،جے سی بی مشین کی مرمت اور اس کے پارٹس کی خریدی کے لیے 4 لاکھ 86 ہزار روپئے اور اسٹریٹ لائٹس کی خریدی اور مرمت کے لیے تین لاکھ روپئے مختص کیے گئے۔
اس کے علاوہ دیگر کاموں کی انجام دہی کے لیےبھی اس ایجنڈہ کے ذریعہ کونسل نےمنظوری دی۔ساتھ ہی ٹنڈر کے ذریعہ ہائیڈرالک کرین کی خریدی کی غرض سے 55 لاکھ روپئے کے تخمینے کو جنرل فنڈ سے خرچ کرنے لیے بھی اس اجلاس میں منظوری دی گئی۔
اس اجلاس سے اپنے خطاب میں رکن اسمبلی بویانی منوہر ریڈی نے کہا کہ سیاسی وابستگی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تانڈور کی ترقی ان کی اولین ترجیح ہے اور اس کو ممکن بنانے کے لیے تمام کا تعاون ضروری ہے، انہوں نے تیقن دیا کہ بلدیہ کو درکار فنڈس کی اجرائی کو وہ یقینی بنائیں گے ۔
اس اجلاس میں نائب صدرنشین بلدیہ عبدالرزاق، کمشنر بلدیہ مدھو سدھن ریڈی، مینیجئر بلدیہ نریندر ریڈی،ڈی ای ای ایس۔منی پال، اے ای محمد خواجہ حسین،ادئے کمارکے علاوہ نومنتخب ارکان بلدیہ بھی شریک تھے جنہوں نے اپنے اپنے بلدی حلقوں کے مسائل کو پیش کرتے ہوئے انہیں حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

بعدازاں بی آر ایس پارٹی کے چار ارکان بلدیہ نے فلورلیڈر بلدیہ دیپانرسملو کی قیادت میں کمشنر بلدیہ مدھوسدھن ریڈی کو بلدی ایجنڈہ کے نکتہ 4 اور 10 پر اعتراض کرتے ہوئے ایک نوٹس حوالے کیا جس میں لکھا گیا ہے کہ جے سی بی کی مرمت کے لیے آج کے ایجنڈہ میں 4 لاکھ 86 ہزار روپئے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ اسی جے سی بی کی مرمت کی غرض سے گذشتہ اجلاس میں 13 لاکھ روپئے مختص کیے گئے تھے۔