تانڈور یوتھ ویلفیئر اور مہاسیوا کی جانب سے کوویڈ وبا کے دؤران بلِالحاظ مذہبی تفریق خدمات لائق ستائش
وزیرفینانس ہریش راؤ کے ہاتھوں " کوویڈ فرنٹ لائن وارئیرس ” ایوارڈ ،ایچ ایم ٹی وی کی تقریب
وقارآباد/تانڈور:29۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
کورونا وباء کی پہلی اور دوسری لہر میں فوت ہوجانے والے مختلف مذاہب کے 340 سے زائد کوویڈ متاثرین کی موت کے بعد ان کے مذہبی طریقہ سے تدفین اور آخری رسومات کی ادائیگی کے ذریعہ مسلم نوجوانوں پر مشتمل تانڈور یوتھ ویلفیئر نے سید کمال اطہر اور مولانا سہیل احمد عمری کی قیادت میں ضلع وقارآباد ضلع، پڑوسی ریاست کرناٹک اور بالخصوص حلقہ اسمبلی تانڈور میں انسانی خدمات کی ایک بہترین مثال پیش کرتے ہوئے ان تنگ ذہن فرقہ پرست طاقتوں کو ایک پیغام دیا تھا کہ اس ملک کا مسلمان ویسا ہرگز نہیں ہے جیسا کہ اس ملک کا تنگ نظر گودی میڈیا اورتنگ ذہن فرقہ پرست سوشل میڈیا پر محض ووٹوں اور اقتدار کے لیے پروپگنڈہ کرتے ہوئے ہندو۔مسلم منافرت پیدا کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتے!

کوویڈ وباء کی شدت کے دؤران ہر طرف سے تانڈور یوتھ ویلفیئر کی ان خدمات کی زبردست سراہنا کی گئی بعد ازاں جاریہ سال کوویڈ وباء کی دوسری لہر میں کوویڈ متاثرین کی اموات میں اضافہ کے دؤران گوپال کرشنا کی قیادت میں مہاسیوا نامی ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس کے بعد تانڈور یوتھ ویلفیئر اور مہاسیوا نے مشترکہ طور پر کوویڈ سے مرنے والوں کی آخری رسومات انجام دیتے ہوئے اس بات کو مزید تقویت دی کہ اس ملک کا عام ہندو اور مسلمان مل جل کر رہنا چاہتا ہے جیسا کہ صدیوں سے رہتا آیا ہے۔چاہے وہ خوشی کا موقع ہو یا غم کا!! واقعی یہ قابل سراہنا کام تھا۔
ان دونوں ٹیموں نے بلاء مذہبی تفریق تانڈور کے علاوہ ، وقارآباد ،پڑوسی ضلع محبوب نگر کے قریبی مقامات کے بشمول پڑوسی ریاست کرناٹک کے مختلف مقامات اور تانڈور کے اطراف و اکناف کے کئی مواضعات تک پہنچ کر دن اور رات کی تفریق کے بناء کوویڈ سے مرنے والوں کی تدفین اور آخری رسومات بلاء کسی معاوضہ انجام دیں جن میں ہندو،مسلم اور عیسائی شامل ہیں۔

تانڈور یوتھ ویلفیئر اور مہاسیوا کی ان انسانی خدمات پر کئی تنظیموں نے سراہنا کرتے ہوئے انہیں ایوارڈس دئیے اور ان کو تہنیت بھی پیش کی گئی۔
اسی سلسلہ میں کل رات جے بی اے گارڈن،جوبلی ہلز حیدرآباد میں تلنگانہ کے مشہور میڈیا ادارہ ایچ ایم ٹی وی کی جانب سے ” کوویڈ فرنٹ لائن وارئیرس” کی تہنیتی تقریب منعقد کی گئی جس میں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں کوویڈ وباء کے دؤران انسانی خدمت کرنے والوں کو ایوارڈس پیش کیے گئے۔
ان میں تانڈور یوتھ ویلفیئر اور مہاسیوا کو مشترکہ طور پر ریاستی وزیر فینانس ٹی۔ہریش راؤ کے ہاتھوں ایوارڈ اور توصیفی سند عطا کی گئی اس تقریب میں ریاستی وزیر پنچایت ایرابیلی دیاکر راؤ، کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار، تلگو فلم اداکار سری کانت کے علاوہ دیگر ممتازشخصیتیں شریک تھیں۔

اس موقع پر ریاستی وزیر فینانس ٹی۔ہریش راؤ نے کوویڈ وباء کے دؤران تانڈور یوتھ ویلفیئر اور مہاسیوا کی خدمات کی ستائش کی کہ کوویڈ وباء کے دؤران نفسا نفسی کا عالم تھا اور کوویڈ سے مرنے والے زیادہ تر افراد کی نعشیں لینے سے بھی ان کے افراد خاندان انکار کررہے تھے اور ایسے حالات میں تانڈور یوتھ ویلفیئر اور مہا سیوا کی جانب سے بلاء معاوضہ اور بناء کسی مذہبی تفریق ان نعشوں کی آخری رسومات ادا کرنا ایک لائق ستائش اور انسانی خدمت کی عظیم مثال ہے۔
تانڈور یوتھ ویلفیئر کے ذمہ دار سید کمال اطہر کے علاوہ اس ٹیم کے ارکان سید معین،اصغر حسین،حافظ توفیق،محمد شوکت،عمران علی،سید نوید،سیدثاقب میر، محمدصابر،سید احمد اور مہاسیواٹیم کے ذمہ دار گوپالا کرشنا اور ان کی ٹیم کے ارکان رمیش ٹیلر،سری سیلم،پرانئے چندرا،نوین،بالراج اوربالونے ریاستی وزیر فینانس ٹی۔ ہریش راؤ کے ہاتھوں یہ ایوارڈ حاصل کیا۔
Video Courtesy : hmtv
یاد رہے کہ گزشتہ سال سے جاریہ سال کوویڈ اموات کے دؤران تانڈور یوتھ ویلفیئر کی ٹیم نے 85 کوویڈ سے مرنے والوں کی آخری رسومات انجام دی تھیں بعد ازاں مہاسیوا کے ساتھ مل کر ان دونوں ٹیموں نے جاریہ سال کوویڈ وباء کی دوسری لہر کے دؤران 255 کوویڈ مہلوکین کی تدفین و آخری رسومات انجام دیں۔اس طرح جملہ 340 کوویڈ مہلوکین کی آخری رسومات ان دونوں ٹیموں نے انجام دیں۔
