باغباں نے خود آگ دی آشیانے کو!
وقارآبادضلع میں باپ نے اپنے ہی بیٹے کے کھانے میں زہر ملادیا
اراضی فروخت کرنے سے روکنے پرگھناؤنی حرکت
ماں کی شکایت کے بعد پولیس مصروف تحقیقات
وقارآباد:27۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
باپ اولاد کا ایک مضبوط سہارا ہوتا ہے۔جو خود لاکھ مصیبتوں کا سامنا کرکے اپنی اؤلاد کے لیے کچھ بھی کرگزر جانے کےلیے ہمیشہ تیار رہتا ہے۔لیکن ریاست تلنگانہ کے وقارآباد ضلع میں آج ایک ایسا شرمناک واقعہ منظر عام پر آیا ہے جہاں اس وقت ایک بیٹے کے لیے باپ نامی رشتہ ایک گالی بن کر رہ گیا جب اس ظالم باپ نے اپنے ہی بیٹے کے کھانے میں زہر ملادیا۔کیونکہ اپنے غلط شوق پورے کرنے کے لیے باپ کی جانب سے اراضی سے فروخت کیے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے یہ بیٹا مداخلت کررہا تھا۔
وقارآبادضلع کے مومن پیٹ منڈل کے تحت موجود اینکا تلا موضع میں پیش آئے اس شرمناک اور باپ بیٹے کی قربانیوں اور رشتہ کے تقدس کو پامال کرنے والے اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق موضع کے ساکن باپ اوپری پینٹیا جو کہ شراب نوشی اور دیگر غلط شوق کا عادی بتایا جاتا ہے کو دو بیٹے ہیں جن میں سے ایک بیٹا دیگر مقام پر رہ کر زندگی بسر کررہا ہے۔جبکہ ایک اور بیٹا وینکٹیشم اپنے ماں باپ کے ساتھ موضع میں ہی رہتا ہے۔
گزشتہ چند دنوں سے باپ پینٹیا اپنے شوق پورے کرنے کےلیے اس کی پانچ ایکڑ اراضی میں سے اراضی کا ایک حصہ فروخت کرنے کی کوشش کررہا تھا۔تاہم دونوں بیٹے اس کی مخالفت کرتے ہوئے اسے ایسا کرنے سے روک رہے تھے۔جس پر باپ پینٹیا دونوں بیٹوں سے ناراض ہوکر لڑائی جھگڑے میں مصروف ہے۔
باپ پینٹیا نے زمین کی فروخت میں رکاوٹ بننے والے اپنے دوسرے بیٹے وینکٹیشم کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا اور 24ستمبر کو اپنے بیٹے وینکٹیشم کے کھانے میں زہر ملادیا۔ کھانا کھانے کے دؤران شبہ اور کھانے کے ذائقہ کومحسوس کرتے ہوئے وینکٹیشم کو شک ہوا اور وہ فوری ہسپتال پہنچ گیا۔جہاں علاج کےبعد اس کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔اطلاعات کےمطابق وینکٹیشم کےپیٹ سے ڈاکٹرز نے جراثیم کش دوا نکالی ہے!
اس سلسلہ میں وینکٹیشم کی ماں کی جانب سےمومن پیٹ پولیس اسٹیشن میں اپنے شوہر کے خلاف اپنے ہی بیٹے کو پینٹیا کی جانب سےزہر دئیے جانے کی شکایت درج کروائے جانے کے بعد پولیس اس معاملہ کی تحقیقات میں مصروف ہے۔