مولانا محمد رحیم الدین انصاری ناظم جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد و سابق چیئرمین تلنگانہ اردو اکیڈیمی کا انتقال پرُ ملال

ریاستی خبریں

مولانا محمد رحیم الدین انصاری ناظم جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد
و سابق چیئرمین تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کا انتقال پُرملال

حیدرآباد: 27۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

مولانا ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری،ناظم اعلیٰ جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد کا آج انتقال پُرملال ہوگیا۔وہ گزشتہ چند ماہ سے علیل تھے۔ان کے انتقال کی اطلاع کےساتھ ہی حیدرآباد،ریاست تلنگانہ کےعلاوہ ملک وبیرون ممالک کےمسلم طبقہ میں غم کی لہردؤڑگئی۔مولانامحمد رحیم الدین انصاری کی دینی اور ملی خدمات قابل خراج ہیں۔مرحوم حضرت مولانا حمید الدین عاقل صاحبؒ حسامی کے داماد تھے۔

مولانا ڈاکٹرمحمدرحیم الدین انصاری دو مرتبہ تلنگانہ اسٹیٹ اردواکیڈیمی کےصدرنشین کے عہدہ پر بھی فائز رہے۔تین ماہ قبل ان کے عہدہ کی معیاد مکمل ہوگئی تھی۔

مولانا ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری کے پہلے دؤر صدارت میں میں متحدہ ریاست آندھرپردیش اور پھر 2018ءسے ان کی دوسری معیاد کے دؤران ریاست تلنگانہ میں اردو زبان کو بے پناہ فروغ حاصل ہوا تھا۔

بے شمار شعراءکے مجموعوں کی اشاعت اردو ہال عمارتوں کی تعمیر،اردو لائبریریوں کا قیام،اردو اور دینی مدارس میں کمپیوٹرز کی تقسیم، وظائف، ای ٹی وی اردو پر ایک سال تک روزانہ ایک گھنٹہ ” آؤ اردو سیکھیں ” پروگرام کا آغاز،اردو اکیڈمی کی جانب سے ریاست میں اردوکمپیوٹر سنٹرز کا قیام قابل ذکر ہے۔

مولانا ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری کی نماز جنازہ کل 28 ستمبر،بروز چہارشنبہ،بعد نماز ظہر احاطہ جامعہ اسلامیہ دارالعلوم،حیدرآباد کے احاطہ میں ادا کی جائے گی۔نماز ظہر 30-1 بجے دن ادا کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے