اراضی کا تنازعہ، وقار آباد ضلع میں باپ کے ہاتھوں بیٹے کا قتل

جرائم و حادثات ریاستی خبریں ضلعی خبریں

اراضی کا تنازعہ،وقار آباد ضلع میں باپ کے ہاتھوں بیٹے کا قتل

وقارآباد: یکم۔ڈسمبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

وقار آبادضلع میں بالخصوص اراضی کی تقسیم اورمالی لین دین کےمعاملہ میں افسوسناک طور پر خاندانوں میں ہی قتل کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔اندرون ایک ماہ ضلع وقارآباد میں رقمی تقسیم کے معاملہ میں بھائی کے ہاتھوں بھائی کا قتل،خاندانی جھگڑے میں ماں اور دادا کے ساتھ مل کر چھوٹےبھائی کے ہاتھوں تین دن قبل ہی بڑے بھائی کے قتل کا واقعہ تازہ تھا کہ آج وقارآبادضلع میں اسی اراضی کےتنازعہ میں ایک باپ نے اپنے ہی بیٹے کا قتل کردیا۔مسلم معاشرہ میں پیش آئے اس گھناؤنے واقعہ سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کس طرح صرف مال اور دولت کے لیے خونی رشتے کمزور ہوتے جارہے ہیں۔!!

حلقہ اسمبلی تانڈور کے پدیمول منڈل میں آج باپ کے ہاتھوں ہونے والے بیٹے کےاس قتل کی واردات نےسنسنی کی لہر دؤڑا دی ہے۔باپ جیسے رشتہ کی اہمیت اورحیثیت کو پامال کردینےوالا یہ واقعہ موضع اندور میں پیش آیا ہے۔

پولیس اور مقامی افراد کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق موضع اندور کے ساکن جانی میاں کی دوبیویاں ہیں۔ان کی دوسری بیوی کا بیٹا گورے میاں (29سالہ) حیدرآباد کے ایک پولٹری فارم میں ملازمت کیا کرتا تھا۔گزشتہ چند دنوں سے جانی میاں کے خاندان میں اراضی کی تقسیم کو لے کر تنازعہ چل رہا تھا۔

گزشتہ رات اسی اراضی کی تقسیم کے مسئلہ پر جھگڑا جاری تھا کہ باپ جانی میاں نے اپنے بیٹے گورے میاں کے سر پرلکڑی سے پہ در پہ حملہ کردیا۔حملہ اتنا خوفناک تھا کہ جانی میاں کے فرزند گورے میاں کی جائے مقام پر ہی موت واقع ہوگئی۔

پولیس کو شبہ ہے کہ گورے میاں کے قتل میں باپ جانی میاں کی پہلی بیوی بھی ملوث ہوسکتی ہے؟بیٹے کے قتل کے بعد باپ جانی میاں فرار ہے۔وہیں موضع اندور کے چند افراد کا کہناہے کہ باپ جانی میاں نے اپنی دوسری بیوی کے فرزند گورے میاں کےقتل کا اعتراف کرلیا ہے اور وہ بیدر فرار ہوئے ہیں۔اور وہ موضع اندور واپس ہوکر خود کو پدیمول پولیس کےحوالے کرنےوالے ہیں۔اس سلسلہ میں پدیمول پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے مصروف تحقیقات ہے۔

یاد رہے کہ 28 نومبر کو پدیمول منڈل کے ہی پاشاہ پور تانڈہ میں شراب نوشی اورروزآنہ کے جھگڑوں سے تنگ آکر چھوٹے بھائی کمار نے اپنے سوتیلے بڑے بھائی سریش(30 سالہ) پر مسالہ پیسنے کےپتھر سےحملہ کرتے ہوئے قتل کردیا تھا اور مقتول کو اس کی ماں دیوی بائی اور دادا ہریہ نائیک نے پکڑ رکھا تھا۔!!

وہیں 18 نومبر کو بھی وقارآبادضلع کے تانڈور منڈل کےموضع گونور کے ساکن بڑے بھائی سرینواس (40سالہ) کو اس کے چھوٹے بھائی شیوا کمار نے اس وقت تولیہ سے گلا گھونٹ کرقتل کردیاتھاجب وہ اپنے کھیت میں زرعی کاموں میں مصروف تھا۔اس وقت پولیس اورافراد خاندان نے بتایا تھا کہ والدین کی ملکیت 9 ایکڑ زرعی اراضی میں سے ایک ایکڑ اراضی فروخت کیےجانے سے حاصل ہونےوالے 40 لاکھ روپیوں کی تقسیم کے معاملہ میں ہی چھوٹے بھائی نے اپنے بڑے بھائی کا قتل کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے