سابق ایم پی پی کے شوہر پتھراؤ میں ہلاک، پنچایت کے دؤران واقعہ
سرپنچ کے شوہر پر شبہ!ریت کی منتقلی کا معاملہ قتل کا شاخسانہ! چندافراد پولیس تحویل میں
تانڈور۔22۔فروری (سحرنیوز ڈاٹ کام )
ضلع وقارآباد کے پدیمول منڈل کے موضع ہنماپور میں آج ایک سابق ایم پی پی وانی شری جن کا ٹی آرایس پارٹی سے تعلق ہے کے شوہر ویراپا کو موضع میں تنازعہ کی یکسوئی کی غرض سے طلب کردہ پنچایت کے دؤران ہی چندافراد نے زبردست پتھراؤ کرتے ہوئے ہلاک کردیا۔
حلقہ اسمبلی تانڈور کے پدیمول منڈل کے موضع ہنماپور میں ہنومان مندر کے قریب آج صبح 8؍بجے موضع کے بزرگ اور ذمہ داران افراد کی جانب سے طلب کی گئی پنچایت جاری تھی کہ چند افراد نے اچانک سابق ایم پی پی ہنماپور وانی شری کے شوہر ویراپا پرپتھراؤ کرنا شروع کردیا۔
یہ حملہ اتنا شدید تھا کہ اس میں ویراپا شدید زخمی ہوگئے جنہیں علاج کی غرض سے تانڈور کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ دؤران سفر ہی وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔

شبہ ظاہر کیا جارہا ہے سابق ایم پی پی ہنماپور وانی شری کے شوہر ویراپا پر پتھراؤکرنے میں موضع کی سرپنچ کے شوہر وینکٹیش کے حامی ملوث ہوسکتے ہیں! اور یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ریت کی منتقلی کے معاملہ میں پیدا شدہ تنازعہ پر ہی ویراپا پرحملہ کیا گیا!!
اس سلسلہ میں پدیمول پولیس نے ایک کیس درج رجسٹر کرکے مصروف تحقیقات ہے اور اس سلسلہ میں چند افراد کو پولیس اپنی تحویل میں لیتے ہوئے تفتیش میں مصروف ہے۔