سیکریٹری ٹمریز جناب شفیع اللہ نے تانڈور کے اقلیتی اقامتی گرلز اسکول کا دؤرہ کیا
اسکول انتظامیہ اور عملہ کی خدمات کی ستائش ، اقامتی اسکول کی زیر تعمیرعمارت کے کاموں کا مشاہدہ
تانڈور۔22۔فروری (سحر نیوز ڈاٹ کام)
جناب بی۔ شفیع اللہ آئی ایف ایس سیکریٹری تلنگانہ مائنارٹی ریسیڈنشیل انسٹیٹیوشنس سوسائٹی (ٹمریز) نے کل تانڈور میں موجود اقلیتی اقامتی گرلز اسکو ل برائے طالبات کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے اسکول اور نتظامیہ کی کارکردگی کی تفصیلات حاصل کیں۔
انکے ساتھ اکیڈیمک ہیڈ ٹمریز لطیف اطہر ، ڈسٹرکٹ مینارٹی ویلفیئر آفیسر وقارآباد ضلع سدھارانی ،تروپتی ریڈی ، سومیشور ہیڈ اسپورٹس اینڈ گیمس کے علاوہ مقامی اور ضلعی عہدیدار موجود تھے ۔
سیکریٹری تلنگانہ مائنارٹی ریسیڈنشیل انسٹیٹیوشنس سوسائٹی جناب بی۔ شفیع اللہ آئی ایف ایس نے قبل ازیں یہاں 18 ؍ کروڑ کے صرفہ سے زیر تعمیر اقلیتی اقامتی گرلز اسکو ل کی ذاتی عمارت کا تفصیلی مشاہدہ کرتے ہوئے ہدایت دی کہ تعمیراتی کاموں میں سرعت پیدا کرتے ہوئے عمارت کی تعمیر جلد مکمل کرلی جائے۔
اقلیتی اقامتی گرلز اسکول میں سیکریٹری تلنگانہ مائنارٹی ریسیڈنشیل انسٹیٹیوشنس سوسائٹی جناب شفیع اللہ آئی ایف ایس نے زیر تعلیم طالبات سے بات کرتے ہوئے اقامتی اسکول میں دی جانے والی مختلف سہولتوں اور تعلیم کے متعلق تفصیلات حاصل کیں اور ان طالبات کو تلقین کی کہ وہ پوشیدہ صلاحیتوں کے ذریعہ تعلیم حاصل کرتے ہوئے اپنے مستقبل کو روشن بنائیں اورقوم کا اثاثہ بنیں اور ساتھ ہی ریاست اور ملک کا نام روشن کریں۔اس موقع پر جناب شفیع اللہ نے بہترین کارکردگی اور صلاحیتوں پر اس اقامتی اسکول کی طالبات کو تہنیت بھی پیش کی۔
ساتھ ہی جناب شفیع اللہ نے اسکول انتظامیہ اور اسٹاف کو ہدایت دی کہ وہ مکمل ذمہ داری کیساتھ اپنی خدمات انجام دیتے ہوئے ان طالبات کو ہر سطح پر موثر تربیت فراہم کرتے ہوئے زیور تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ ان کا مستقبل روش ہو اس موقع پر انہوں نے اسکول پرنسپل محترمہ محبوب فاطمہ سے بھی بات کرتے ہوئے اس اقامتی اسکول کی کارکردگی کی تفصیلات اور درپیش مسائل سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے سراہنا کی ہے کہ انکی قیادت میں اس گرلز اقامتی اسکول میں ماہرین تعلیم اور ہمدرد عملہ کے ذریعہ اقامتی اسکول کے معیار کو قابل ستائش بنایا گیا ہے۔
سیکریٹری تلنگانہ مائنارٹی ریسیڈنشیل انسٹیٹیوشنس سوسائٹی جناب شفیع اللہ آئی ایف ایس نے ہدایت دی کہ آٹھویں جماعت سے طلبہ کو کیرئیر کونسلنگ اوراسکل ڈیولپمنٹ کی تربیت بھی فراہم کی جارہی ہے اس پر سختی کیساتھ عمل کیا جائے انہوں نے اسکول پرنسپل ، اسٹاف اور طلبہ کو مبارکباد دی کہ وہ اندرون دو یا تین ماہ اسکول کی ذاتی عمارت میں منتقل ہوجائیں گے جہاں حکومت کی ایم ایس ڈی پی اسکیم کے تحت مزید سہولتوں کی فراہمی ممکن ہوگی۔
تانڈور کے اس اقلیتی اقامتی اسکول تانڈور برائے طالبات کی ڈائری میں سیکریٹری تلنگانہ مائنارٹی ریسیڈنشیل انسٹیٹیوشنس سوسائٹی جناب شفیع اللہ آئی ایف ایس نے اسکول کی بہترین کارکردگی پرستائشی کلمات بھی تحریر کیے۔اور پرنسپل کے بشمول اس اقامتی اسکول کے اساتذہ ، معلمات اور دیگر عملہ کیساتھ تصویر بھی کھنچوائی۔