مِنرل ڈیولپمنٹ فنڈ سے 62کروڑ روپئے کے صرفہ سے ضلع وقارآباد کی ترقی کے اقدامات جاری :سبیتاریڈی

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

مِنرل ڈیولپمنٹ فنڈ سے 62 کروڑ روپئے کے صرفہ سے ضلع وقارآباد کی ترقی کے اقدامات جاری
گوگل میٹ کے ذریعہ رکن پارلیمان،ضلع کے ارکان اسمبلی اور عہدیداروں سے وزیرتعلیم سبیتا ریڈی کا خطاب

وقارآباد/تانڈور: 27۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاستی وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہا ہے کہ 2017ء سے منرل فنڈ کے ذریعہ 62 کروڑ روپئے کے صرفہ سے ضلع وقارآباد کی ترقی کے اقدامات جاری ہیں وہ کل شام گوگل میٹ کے ذریعہ اپنے دفتر واقع حیدرآباد سے ڈسٹرکٹ منرل فاؤنڈیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔

جس میں رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔ رنجیت ریڈی ،رکن قانون ساز کونسل سرابھی وانی دیوی ، ارکان اسمبلی چیوڑلہ ، وقارآباد ، تانڈور کوڑنگل اور پرگی کالے یادیا ،ڈاکٹر میتکو آنند ، پائلٹ روہت ریڈی ، پی۔نریندرریڈی اور مہیش ریڈی کے علاوہ ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو اور متعلقہ عہدیداروں نے اس گوگل میٹ کے ذریعہ اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے اس موقع پر کہا کہ ضلع میں وزیراعلیٰ کے سی آر کی ہدایت پر منرل ڈیولپمنٹ فنڈ سے 7 کروڑ 10 لاکھ روپئے کے صرفہ سے آراینڈ بی کی تباہ شدہ سڑکوں کی مرمت کی جارہی ہے۔

جبکہ کوویڈ وباء کے دوران سی ایم ریلیف فنڈ کو 8 کروڑ 66 لاکھ روپئے منظور کیے گئے ہیں اور حالیہ دنوں میں حلقہ اسمبلی تانڈور کیلئے 14 کروڑ روپئے ، وقارآباد کے شیواساگر پراجکٹ کے کٹہ کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ روپئے اور 30 لاکھ روپئے کے صرفہ سے کوڑنگل میں مختلف ترقیاتی کام انجام دئیے جانے کیلئے کمیٹی نے منظوری دی ہے۔

وزیر تعلیم نے پرگی میں اسٹیڈیم کی تعمیر کیلئے منصوبہ تیار کرنے کی ضلع کلکٹر کو ہدایت دی۔ساتھ ہی انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مانسون کی آمد کے پیش نظر سڑکوں کے مرمتی کاموں اور دیگر کاموں کو فوری مکمل کرلیا جائے۔وزیر تعلیم نے کہا کہ معدنیاتی مواضعات کی ترقی پر خاص توجہ دی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے