حیدرآباد اورممبئی کے درمیان بلیٹ ٹرین ایرئیل سروے کیلئے تانڈور کے قریب تین مقامات پر پلّرس کی تعمیر

ریاستی خبریں ضلعی خبریں قومی خبریں

حیدرآباد اورممبئی کے درمیان بلیٹ ٹرین ایرئیل سروے کیلئے تانڈور کے قریب تین مقامات پر پلّرس کی تعمیر
گوگل میاپنگ کے ذریعہ مقامات کی نشاندہی،جی پی ایس کے ذریعہ اندرون دس یوم سروے کا آغاز

وقارآباد/تانڈور : 27۔مئی(سحرنیوز ڈاٹ کام)

ممبئی اور احمد آباد (گجرات) کے درمیان بلیٹ ٹرین کے آغاز کیلئے دو سال قبل سنگ بنیاد رکھے جانے کے بعد نیشنل ہائی اسپیڈ ریل کارپوریشن کی جانب سے ملک کی مزید 6 ؍ریاستوں میں بلیٹ ٹرین کا منصوبہ بنایا گیا تھا اب اس پر عمل آوری کا آغاز ہوگیا ہے۔اس دوسرے مرحلہ میں ممبئی۔حیدرآباد، دہلی۔احمد آباد ، دہلی۔امرتسر ،ناگپور۔چینائی، بنگلور۔میسور اور ممبئی۔ ناسک شامل ہیں۔

حیدرآباد اور ممبئی کے درمیان 711 کلو میٹر طویل فاصلہ پر بلیٹ ٹرین چلانے کے اس منصوبہ کا آغاز کرتے ہوئے نیشنل ہائی اسپیڈ ریل کارپویشن کی جانب سے اندرون دس یوم گلوبل پوزیشننگ سسٹم (جی پی ایس) کی مدد سے ایرئیل سروے کا آغاز کیا جانے والا ہے۔

جس کے لیے ابتدائی سروے کے مطابق گوگل میاپنگ کے ذریعہ پوائنٹس کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔

پدیمول منڈل کے موضع ممباپور کے تالاب کے قریب گوگل میاپنگ کے ذریعہ ایرئیل سروے کی غرض سے پدیمول روڈ پر پلر کی تعمیر۔

نیشنل ہائی اسپیڈ ریل کارپوریشن کی ہدایت پر اس گوگل میاپنگ کی نشاندہی کے ذریعہ ضلع وقارآباد میں موجود حلقہ اسمبلی تانڈور کے پدیمول منڈل کے دو مواضعات ممباپور جو کہ حیدرآباد روڈ پر تانڈور سے 6 کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ہے اور غازی پور موضع میں اور چار کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود تانڈور منڈل کے انتارام موضع میں موجود بھوکیلاش مندر کے قریب پلرس تعمیر کردئیے گئے ہیں۔

پدیمول منڈل کے موضع ممباپور کے تالاب کے قریب گوگل میاپنگ کے ذریعہ ایرئیل سروے کی غرض سے پدیمول روڈ پر پلر کی تعمیر۔

بتایا جاتا ہے کہ گوگل میاپنگ کا یہ عمل اب تکمیل کے قریب ہے۔ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے ترجمان کی جانب سے میڈیا کو بتائی گئیں تفصیلات کے مطابق اندرون دس یوم حیدرآباد۔ممبئی بلیٹ ٹرین کیلئے ایرئیل سروے کا آغاز کردیا جائے گا اور امکان ہے کہ یہ سروے ایک ماہ میں مکمل ہوگا۔

اس سروے کے بعد ہائی اسپیڈ ریل کوریڈر کے تعمیراتی کاموں کا آغاز کردیا جائے گا جسکے تحت حیدرآباد۔ نوی ممبئی کے درمیان موجود 711 کلومیٹر طویل اسپیڈ ٹریک بچھائی جائیں گی اور یہ پراجکٹ چار سال میں مکمل کرلیا جائے گا۔

جسکے بعد ان پٹریوں پر 320 کلومیٹر فی گھنٹہ کی برق رفتاری کیساتھ بلیٹ ٹرین دوڑے گی۔

یاد رہے کہ حیدرآباد اور ممبئی کے درمیان اب مختلف ٹرینیں 15 گھنٹے کا سفر طئے کرتی ہیں جبکہ بلیٹ ٹرین کے آغاز کے بعد یہ سفر صرف ڈھائی تا تین گھنٹوں کا ہوجائے گا!!
اطلاعات کے مطابق نیشنل ہائی اسپیڈ ریل کارپوریشن کی جانب سے مذکورہ بالا 6 کوریڈورس پر بلیٹ ٹرینوں کو چلانے کیلئے 4,109 کلومیٹر طویل اسپیڈ ٹریک بچھائی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے