رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کو ای ڈی کی نوٹس ، 19 ڈسمبر کو پیش ہونے کی ہدایت

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کو ای ڈی کی نوٹس
19 ڈسمبر کو پیش ہونے کی ہدایت،اداکارہ نکل پریت سنگھ کو بھی نوٹس
نوٹس موصول ہونے کی رکن اسمبلی نے تصدیق کی

حیدرآباد: 16۔ڈسمبر(سحر نیوزڈاٹ کام)

تلنگانہ کےچار ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کی خریدی کی کوشش کا پردہ فاش ہونے کےمعاملہ کے دیڑھ ماہ بعد وقارآبادضلع کےرکن اسمبلی حلقہ تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کا نام آج دوبارہ شہ سرخیوں میں آگیاہے۔آج جمعہ کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی)نے رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کو نوٹس جاری کی ہے۔

جس کے بعد تلنگانہ میں بی آر ایس (سابق ٹی آر ایس ) اور بی جے پی کے درمیان جاری سیاسی محاذ آرائی میں حالات مزیدسنسنی خیز ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے " نمائندہ سحرنیوز ڈاٹ کام ” سے فون پر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ انہیں ای ڈی کی نوٹس موصول ہوئی ہے اور انہیں 19 ڈسمبر،بروز پیر صبح 10 بجے،ای ڈی کے دفتر واقع حیدرآباد میں پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ساتھ ہی رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے سحرنیوز کو بتایا کہ ای ڈی کی اس نوٹس میں اشارہ نہیں دیاگیا ہے کہ ای ڈی ان سے کس معاملہ میں پوچھ تاچھ کرنا چاہتی ہے۔؟تاہم انہوں نے بتایا کہ اس نوٹس میں ای ڈی کی جانب سے انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ 19 ڈسمبر کو وہ اپنے ساتھ اپنے کاروبار،آئی ٹی ریٹرن دستاویزات،ان کے اور ان کے افراد خاندان کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات،آدھار کارڈز ، پان کارڈز اور افراد خاندان کی مکمل تفصیلات لے کر آئیں۔

رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کےساتھ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی )نے فلم اداکارہ نکل پریت سنگھ کوبھی اس کے سامنے پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کی ہے۔

دوسری جانب میڈیا میں ایسی اطلاعات زیرگشت ہیں کہ گزشتہ سال منظر عام پر آنے والے بنگلور و منشیات معاملہ میں ان کےرول کےلیےای ڈی نے رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کیا ہے۔!!

یاد رہے کہ گزشتہ سال فروری میں بنگلورو منشیات معاملہ میں رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کا نام بھی زیرگشت تھا۔تاہم اس وقت انہوں نے ان الزامات کو مسترد کردیا تھا۔

اس بنگلورو منشیات معاملہ میں ریاست تلنگانہ میں بھی نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی تحقیقات اور چند نامور افراد سے پوچھ تاچھ نے سنسنی پھیلادی تھی۔اس معاملہ میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے جنوبی ہند کی دو اداکاراؤں کو نوٹس دیکر طلب کرتے ہوئے ان سے تفتیش بھی کی تھی۔ اس وقت ایسےسنسنی خیز الزامات بھی سامنے آئےتھے کہ اس بنگلورو ڈرگس معاملہ میں چند ٹی آر ایس ارکان اسمبلی بھی ملوث ہیں۔!میڈیا اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ اس معاملہ میں چند ارکان اسمبلی کو نوٹس بھی جاری کی گئی ہے۔!!

 

” بنگلورو منشیات معاملہ میں 3 اپریل 2021ء کی سحر نیوز ڈاٹ کام کی خصوصی رپورٹ اس لنک پر "

بنگلور منشیات معاملہ میں سنسنی خیز انکشافات،تلنگانہ کے تین ارکان اسمبلی اور دیگر چند افراد شک کے دائرہ میں