رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کو ای ڈی کا جھٹکا
تاریخ میں توسیع کا مطالبہ مسترد، آج ہی حاضر ہونے کی ہدایت
حیدرآباد: 19۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں برسراقتدار بی آر ایس پارٹی کے رکن اسمبلی حلقہ تانڈور،وقارآبادضلع پائلٹ روہت ریڈی کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) نے آج اس وقت جھٹکہ دیا جب انہوں ای ڈی کی نوٹس پر آج 19 ڈسمبر کو 10 بجے صبح پیش ہونے سے عین قبل ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے گزارش کی کہ انہیں بہت کم وقت میں نوٹس روانہ کی گئی ہےاس لیے انہیں 31 ڈسمبر تک کا وقت دیا جائے۔
انہوں نے اپنے مکتوب میں بتایا کہ انہیں 16 ڈسمبر کو نوٹس موصول ہوئی تھی تاہم اس دؤران بینکس کو تعطیلات تھیں۔تاہم ای ڈی نے ان کی اس اپیل کو مسترد کرتے ہوئے ہدایت دی کہ انہیں آج 19 ڈسمبر کو ہی سہء پہر 3 بجے ای ڈی کے دفتر واقع حیدرآباد میں حاضر ہونا ہوگا۔
اطلاعات کے مطابق رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے ای ڈی کے روبرو پیش نہ ہوکر پرگتی بھون میں وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ سے ملاقات کی۔
یادرہے کہ رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی ) نے 16 ڈسمبر کو ایک نوٹس جاری کرتےہوئے انہیں 19 ڈسمبر کواس کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت دی تھی۔مانا جارہا ہے کہ گزشتہ سال منظر عام پر آنے والے بنگلورو منشیات معاملہ میں ای ڈی نے یہ نوٹس جاری کی ہے اور اس سلسلہ میں ان سے پوچھ تاچھ کرنے والی ہے۔
دوسری جانب رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے سحرنیوز اور دیگر میڈیا سےبات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ای ڈی کی اس نوٹس میں واضح نہیں کیا گیا ہے کہ ای ڈی ان سے کس معاملہ میں پوچھ تاچھ کرنا چاہتی ہے۔؟ تاہم انہوں نے بتایا کہ اس نوٹس میں ای ڈی کی جانب سے انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ 19 ڈسمبر کو وہ اپنے ساتھ اپنے کاروبار،آئی ٹی ریٹرن دستاویزات،ان کے اور ان کے افراد خاندان کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات،آدھار کارڈز، پان کارڈز اور افراد خاندان کی مکمل تفصیلات لے کر آئیں۔
پائلٹ روہت ریڈی کو ای ڈی کی نوٹس کے بعد بی آر ایس (سابق ٹی آر ایس ) اور بی جے پی کے درمیان بیان بازی اور الزامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔اس معاملہ میں پائلٹ روہت ریڈی نے کہا تھا کہ بنگلورو منشیات معاملہ سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے اور ماضی میں انہیں کوئی نوٹس ملی تھی اور نہ ان سے پوچھ تاچھ ہی کی گئی تھی۔
ساتھ ہی انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ چونکہ ٹی آر ایس کے چار ارکان اسمبلی کی خریدی کے معاملہ کا انہوں نے پردہ فاش کیا تھا اس لیے بی جے پی انہیں ای ڈی کےذریعہ ہراساں کررہی ہے.پائلٹ روہت ریڈی نے 17 ڈسمبر کو چارمینار کی بھاگیہ لکشمی مندر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار کو چیلنج کیا تھا کہ وہ ثبوت اور شواہد کے ساتھ 24 گھنٹوں میں اسی مندرکو پہنچیں اور اپنے الزامات ثابت کریں۔پھر کل دوبارہ 18 ڈسمبر کو پائلٹ روہت ریڈی چارمینار کی مندر پر پہنچے تھے تاہم بنڈی سنجے کمار نہیں پہنچے۔
ساتھ ہی رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے سوال اٹھایا تھا کہ ایک ہفتہ قبل صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار کو کیسے پتہ چل گیا تھا کہ انہیں ای ڈی کی نوٹس موصول ہونے والی ہے ؟؟
فی الحال اس معاملہ نے ریاست میں سیاسی تپش میں اضافہ کردیا ہے۔اور آج 191 ڈسمبر کی سہء پہر تین بجے پائلٹ روہت ریڈی کو ای ڈی کے سامنے پیش ہونا ہے۔جس پر سب کی نظریں لگی ہوئی ہیں۔