ڈرون کے ذریعہ "میڈیسن فرم دی اسکائی” پروگرام دنیا میں پہلی مرتبہ11ستمبر کو تلنگانہ کے وقارآباد میں متعارف ہوگا :ضلع کلکٹر

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

ڈرون کے ذریعہ”میڈیسن فرم دی اسکائی” پروگرام دنیا میں پہلی مرتبہ تلنگانہ کے وقارآباد میں متعارف ہوگا

مرکزی وزیر شہری ہوابازی سندھیا اور ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی آر 11 ستمبر کو افتتاح کریں گے

ضلع کلکٹر نکھیلا نے انتظامات کا جائزہ لیا،ضلع ایس پی نارائنا اور دیگر عہدیداربھی موجود

وقارآباد:09۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

ضلع کلکٹر وقارآباد کے۔نکھیلا نے آج وقارآباد پولیس پریڈگراؤنڈ اور دفتر کلکٹریٹ کی زیرتعمیرعمارت کامشاہدہ کیا۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وقارآباد ضلع ایم۔نارائنا،ایڈیشنل کلکٹران موتی لال، چندریا،ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایم اے رشید،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرتکارام، ای ای محکمہ آراینڈ بی لال سنگھ،آر ٹی او بھدرو نائیک،آرڈی اوز وقارآباد، تانڈور اوپیندراریڈی اور اشوک کمارکے بشمول محکمہ صحت،محکمہ آر اینڈ  بی کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کے ضلعی عہدیدار موجود تھے۔

ضلع کلکٹر اور ضلع ایس پی کے علاوہ ان عہدیداروں نے پولیس پریڈ گراؤنڈ میں 11 ستمبر کو منعقدہونے والے پروگرام کے لیے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔

اور پولیس پریڈ گراؤنڈ میں ڈرون Drone کے ذریعہ ادویات اور ویکسین کی منتقلی کے عملی تجربہ کا مشاہدہ کیا جو کہ کامیاب رہا۔

ضلع کلکٹر وقارآباد کے۔نکھیلا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ان دونوں مقامات پر سخت انتظامات کیے جائیں۔

اس موقع پر ضلع کلکٹر وقارآباد کے۔نکھیلا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 11؍ستمبر کو مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی جیوترآدتیہ سندھیا اور ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم ونسق کے۔تارک راماراؤ شمس آباد ایرپورٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر 20-11بجے دن وقارآباد کے جدید کلکٹریٹ کے احاطہ میں تعمیر کیے گئے ہیلی پیڈ پر پہنچیں گے۔

وہاں سے دونوں وزراء 25-11 بجے پولیس پریڈ گراؤنڈ پر ایک گھنٹہ تک منعقد ہونے والے پروگرام میں ڈرونس کے ذریعہ مواضعات،سڑک کی سہولت سے محروم علاقوں،دوردراز کے مقامات پر موجود پرائمری ہیلتھ سنٹرس یا پھر ہنگامی حالات میں دیگر مقامات تک کم وقت میں ادویات اور ویکسین کی منتقلی کے پروگرام ” میڈیسن فرم دی اسکائی ” (آسمان کے ذریعہ ادویات) نامی اس پراجکٹ کا افتتاح انجام دیں گے اور جلسہ سے بھی خطاب کریں گے۔

کلکٹر ضلع وقارآباد کے۔ نکھیلانے بتایا کہ دنیا بھر میں پہلی مرتبہ ڈرونس کے ذریعہ ادویات اور ویکسین کی منتقلی کو ملک کی ریاست تلنگانہ میں متعارف کیا جارہا ہے اور اس منفرد و مثالی پروگرام کے افتتاح کے لیے وقارآباد ضلع کو منتخب کیا گیا ہے۔

قبل ازیں ضلع کلکٹر نے دفتر کلکٹریٹ میں مختلف محکمہ جات کے ضلعی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ہدایت دی کہ مرکزی وزیر شہری ہوابازی جیوترآدتیہ سندھیا اور ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم نسق کے۔تارک راما راؤ کے منعقد ہونے والے اس پروگرام کے لئے ہیلی پیاڈ کے مقام پر اور پولیس پریڈ گراؤنڈ میں مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

اس پروگرام کے تمام شرکا کے لیے ماسک اور سینی ٹائزر کا نظم لازمی طورپر کیا جائے،ساتھ ہی ضلع کے تمام ہیلتھ سنٹرس پر پروگرام کے دن ڈاکٹرس اور طبی عملہ کو موجود رہنے کی ہدایت دی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے