وقارآباد میں آرٹی پی سی آر لیاب،اننت گیری ہلز اور تانڈور میں جنگی پیمانے پرآئسولیشن سنٹر کے قیام کی تیاریاں

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

وقارآباد میں آرٹی پی سی آر لیاب،اننت گیری ہلز اور تانڈور میں جنگی پیمانے پرآئسولیشن سنٹر کے قیام کی تیاریاں

 ضلع کلکٹر  پوسومی باسو نے دونوں مقامات اور تانڈور کا دؤرہ کیا،جاریہ کاموں کا مشاہدہ ،جلد تکمیل کی ہدایت

وقارآباد/تانڈور۔3مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

کوویڈ کی جانچ کیلئے حکومت کی جانب سے ضلع وقارآباد کو منظورہ آرٹی پی سی آرلیاب وقارآباد کے ایریا ہسپتال میں قائم کیا جارہا ہے اوراس لیاب کے قیام کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔

ضلع کلکٹر وقارآباد، وقارآباد میں قائم کیے جارہے آرٹی پی سی آر لیاب کے کاموں کا مشاہدہ کرتے ہوئے۔

اس سلسلہ میں کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی باسو نے آج وقارآباد کے ایریا ہسپتال میں قائم کیے جارہے آرٹی پی سی آر لیاب کے کاموں کا مشاہدہ کیا اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ 7 مئی تک وقارآباد کے اس آرٹی پی سی آر لیاب کو کارکرد بنانے کیلئے کاموں میں سرعت پیدا کی جائے۔

ساتھ ہی ضلع کلکٹر نے اس ایریا ہسپتال میں مرد اور خواتین کیلئے علحدہ علحدہ قائم آئسولیشن سنٹر اور 58 بیڈس پرمشتمل قائم کیے جارہے آئی سی یو وارڈس اور آکسیجن کی سہولت کے حامل بیڈس کا بھی مشاہدہ کیا جہاں دیگر تمام ضروری سہولتیں بھی بہم پہنچائی جارہی ہیں۔ ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے یہاں بھی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ان کاموں کی فوری تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔

ضلع کلکٹر اننت گیری ہلز کے ٹی ہسپتال میں قائم کیے جارہے ہیں آئسولیشن سنٹر میں آکسیجن کنکشن کا مشاہدہ کرتے ہوئے۔

بعدازاں ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو نے اننت گیری ہلز پر موجود ٹی بی ہسپتال میں کورونا وائرس متاثرین کیلئے قائم کیے گئے 40 بیڈس کے حامل آئسولیشن سنٹر کے وارڈس کا بھی معائنہ کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ان تمام بیڈس کیساتھ آکسیجن کی سہولت کا بھی نظم کیا جائے۔

اننت گیری ہلز پر موجود ٹی بی ہسپتال میں کورونا وائرس متاثرین کیلئے قائم کیے گئے 40 بیڈس کے حامل آئسولیشن سنٹر کے وارڈس کا منظر۔

ضلع کلکٹر نے بتایا کہ اس آئسولیشن سنٹر میں 20 بیڈس خواتین کیلئے اور 20 بیڈس مردوں کیلئے مختص کیے گئے ہیں۔ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو نے بتا یا کہ اس اننت گیری ہلز کے ٹی بی ہسپتال میں قائم کیے گئے آئسولیشن سنٹر میں انٹرنیٹ کی سہولت کیساتھ ساتھ ڈاکٹرس،نرسیں،دیکھ بھال کرنے والا عملہ اور دیگر ملازمین 24گھنٹوں کے دؤران تین شفٹوں میں خدمات انجام دیں گے۔

دونوں مقامات پر ضلع کلکٹر کے دؤرہ کے موقع پر ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر سدھاکر شنڈے،ڈاکٹر رمیا شری،ڈاکٹر للیتا ،ڈی ای رویندرکے علاوہ محکمہ ہیلتھ کے دیگر عہدیداران موجود تھے۔

ضلع کلکٹر تانڈور میں مدر اینڈ چائلڈ کیئرسنٹر میں 100 بستروں کے حامل آئسولیشن سنٹر کے قیام کے جاریہ کاموں کا جائزہ لیا لیتے ہوئے۔

بعد ازاں ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو اچانک تانڈور پہنچ گئیں اور یہاں حیدرآباد روڈ پر تعمیر کردہ مدر اینڈچائلڈ کیئر سنٹر میں 100 بستروں کے حامل آئسولیشن سنٹر کے قیام کے جاریہ کاموں کا جائزہ لیا جہاں برقی اورآبی سربراہی کے کاموں کی تکمیل کرلی گئی ہے۔ضلع کلکٹر نے ہدایت دی کہ اس مرکز پر جنریٹر کی تنصیب بھی فوری طورپر کی جائے۔

اس موقع پر ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو نے بتایا کہ ضلع کے کوویڈ سے زیادہ طور پر متاثر ہونے والے افراد کو بہتر علاج کی غرض سے پڑوسی ضلع محبوب نگر روانہ کیا جارہا تھا تاہم اب ان کوویڈ متاثرین کو ضلع وقارآباد میں ہی بہتر علاج فراہم کیا جائے گا اور اسکے لیے ضلع کے تمام سرکاری اور خانگی ہسپتالوں میں مکمل انتظامات کرلیے گئے ہیں۔

ضلع کلکٹر پوسومی باسو مدر اینڈ چائلڈ کیئر سنٹر تانڈور میں میڈیکل عہدیداروں کیساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے۔

بعد ازاں ضلع کلکٹر نے مدراینڈ چائلڈ کیئر سنٹر تانڈور میں ضلع کے میڈیکل عہدیداروں کیساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ضلع وقارآباد میں روزآنہ 500 کورونا کیس درج ہورہے ہیں جن میں سے 25 متاثرین علاج کی غرض سے ہسپتالوں میں شریک ہورہے ہیں۔ضلع کلکٹر نے بتایا کہ زائد از 14,000 کیس میں 6,000 ایکٹیو کیس ہیں۔

ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو نے بتایا کہ کورونا وائرس کے متاثرین کو بہتر علاج کی فراہمی کیلئے ضلع کے سرکاری اور خانگی ہسپتالوں میں 427 کوویڈ بیڈس کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ 74 آکسیجن بیڈس قائم کیے جارہے ہیں اور مزید 126 آکسیجن بیڈس قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فی الوقت ضلع میں 81 آکسیجن سیلنڈرس دستیاب ہیں اور ان سب میں آکسیجن کی بھرتی کے بعد جہاں ضرورت ہو وہاں استعمال کرنے کا فوری نظم کیا جائے گا۔

ضلع کلکٹر وقارآباد عہدیداروں سے وقارآباد میں قائم کیے جارہے آرٹی پی سی آر لیاب کے کاموں کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے۔

ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے بتایا کہ تانڈور کے مدراینڈ چائلڈ کیئر سنٹر میں قائم کیے جارہے کوویڈ کیئر سنٹر میں ہمہ وقت 9 ڈاکٹرس کی خدمات حاصل رہیں گی انکے ساتھ ساتھ نرسیں اور دیگر اسٹاف انکے متعینہ اؤقات میں 24 گھنٹے خدمات انجام دیں گے۔

انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اس کوویڈ کیئر سنٹر میں سیکورٹی اسٹاف اور صاف صفائی کے ملازمین کا فوری تقرر کرلیا جائے اور اس کوویڈ کیئر سنٹر کو جمعرات6 مئی تک تیار کرلیا جائے۔

اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر چندریا ،اسپیشل آفیسر ہنمنت راؤ کے علاوہ ڈاکٹر ملک ارجن، ڈاکٹر چیتنیاکے علاوہ دیگر عہدیدارموجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے