گجرات کے مندرا پورٹ سے 17 کروڑ روپئے مالیتی غیر ملکی سگریٹ ضبط، جاریہ سال 100کروڑ کے سگریٹ ضبط کیے گئے

گجرات کے مندرا پورٹ سے 17 کروڑ روپئے مالیتی
غیر ملکی سگریٹ ضبط، جاریہ سال 100 کروڑ کے سگریٹ ضبط کیے گئے

احمدآباد: 14۔اکتوبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

ڈائرکٹوریٹ آف ریونیوانٹلی جنس(DRI#)،احمدآباد کےعہدیداروں کی ایک ٹیم نے اپنی ایک خصوصی کارروائی میں گجرات کے مشہور مندراپورٹ پر ایک کنٹینر کو روک کر اس کی تلاشی لیتے ہوئے غیر ملکی”مانچسٹر برانڈ” کے 850 کارٹن باکس ضبط کیے۔ان کارٹن باکس میں اسمگل کیےجارہے مذکورہ غیر ملکی کمپنی مانچسٹر کے 85 لاکھ 50 ہزار سگریٹ موجود تھے جنہیں ضبط کرلیا گیا۔ان سگریٹوں کی قیمت 17 کروڑ روپئے بتائی گئی ہے۔

11 اکتوبر کو کی گئی اس کارروائی کے سلسلہ میں ڈائرکٹوریٹ آف ریونیوانٹلی جنس نے کسٹم ایکٹ کے تحت کیس درج کرتے ہوئے ایجنسی کی جانب سے درآمد کنندہ سے پوچھ تاچھ میں مصروف ہے۔میڈیا اطلاعات کے مطابق جاریہ مالی سال کے دؤران ڈائرکٹوریٹ آف ریونیوانٹلی جنس نے اب تک 100 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اسمگل شدہ سگریٹ اور ای۔سگریٹ ضبط کیے ہیں۔ 

یاد رہے کہ گجرات کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے 8 اکتوبر کو ہندوستانی کوسٹ گارڈ (آئی سی جی) کے ساتھ مشترکہ طور پرسمندر کے درمیان انجام دئیے گئے مشترکہ آپریشن میں ایک پاکستانی کشتی کو تحویل میں لیتے ہوئے 50 کلو ہیروئن (منشیات) برآمد کی تھی جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت 350 کروڑ روپئے ہے اور اس کشتی کے عملے کے 6 ارکان کو گرفتارکرلیا گیا تھا۔

بعدازاں گجرات کے ڈی جی پی آشیش بھاٹیہ نے میڈیا نمائندوں کو بتایاتھا کہ ہماری ٹیم کومصدقہ ذرائع سے اطلاع حاصل ہوچکی تھی کہ پاکستان میں کراچی سے کارگو لوڈ کیاجارہا ہے اور یہ منشیات کی حوالگی گجرات میں ہونے والی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ دستیاب اطلاعات کے مطابق منشیات کی یہ کھیپ پاکستان میں مقیم ایک منشیات فروش محمد قادر نے منتقل کی تھی۔اور اس کا لین دین درمیانی سمندر میں ہونے والا تھا۔

وہیں گزشتہ ماہ ستمبر کے اوائل میں بھی اسی طرح کی مشترکہ کارروائی کرتےہوئے گجرات کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے ہندوستانی کوسٹ گارڈ (آئی سی جی) کے ساتھ انجام دی گئی مشترکہ کارروائی میں 6 پاکستانی شہریوں کو پکڑکر ان کے قبضے سے زائداز 200 کروڑ روپئے مالیتی 40 کلو گرام منشیات ضبط کی تھی۔

جبکہ ماہ جون میں 9 پاکستانی شہریوں کو انسداد دہشت گردی اسکواڈ(اے ٹی ایس) نے ہندوستانی کوسٹ گارڈ (آئی سی جی) کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں گرفتار کیا تھا جب کہ وہ سمندری راستے سے 280 کروڑ مالیت کی ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

گجرات کاساحل منشیات کی اسمگلنگ کےلیے ایک پسندیدہ اور آسان راستہ بن گیاہے۔اس لیے آئی سی جی اور اے ٹی ایس بندرگاہوں پر یا درمیان سمندر باقاعدہ وقفہ وقفہ سے منشیات کے سامان کو ضبط کرتے رہتے ہیں۔ان دونوں ایجنسیوں کے درمیان مناسب تال میل کے ذریعہ اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے نتیجے میں سمندر کےوسط میں انجام دی گئیں کارروائیوں میں بھاری مقدار میں منشیات ضبط کی گئی ہیں۔8 اکتوبر کو کی گئی کارروائی ان دونوں ایجنسیوں کی یہ چھٹی مشترکہ کامیاب کارروائی رہی اور بڑی مقدار میں منشیات کی ضبطی انجام دی گئی ہے۔