شرجیل امام کو دہلی کی ایک عدالت نے بغاوت کے کیس میں ضمانت منظور کی
نئی دہلی:30۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
دہلی کی ایک عدالت نے آج جمعہ کوجے این یو کےسابق طالب علم شرجیل امام کو بغاوت کے ایک کیس میں ضمانت منظور کی جس میں ان پر 2019ء میں شہریت ترمیمی قانون (CAA#) کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے کا الزام ہے۔
تاہم شرجیل امام ہنوزحراست میں ہی رہیں گے۔کیونکہ ان کےخلاف زیر التوا UAPA# مقدمات میں انہیں ابھی ضمانت حاصل نہیں ہوئی ہے ۔لائیو لا کےمطابق،این ایف سی پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر242/2019 میں شرجیل امام کوآج معزز ایڈیشنل سیشن جج انوج اگروال ضمانت دی ہے۔
سٹی پولیس نے الزام عائد کیا تھا کہ شرجیل امام کی تقریر نے 2019 میں دہلی کےجامعہ نگر علاقہ میں زبردست احتجاج کاسبب بناتھا۔شرجیل امام اس ایف آئی آر کے بعد ڈھائی سال سے زائد عرصہ سے قید میں ہیں۔یہ پیشرفت دہلی ہائی کورٹ کی جانب سے ٹرائل کورٹ سےشرجیل امام کی درخواست پر غور کرنے کے ایک دن بعد ہوئی ہے۔سیکشن 436-A سی آر پی سی کے تحت اس بنیاد پر راحت طلب کی گئی تھی کہ وہ ایف آئی آر کے مطابق 31 ماہ سے زیر حراست ہیں۔جب کہ ان کی ضمانت کی درخواست ہائی کورٹ میں زیر التوا تھی،شرجیل امام نےحال ہی میں دفعہ 436-A کے تحت ٹرائل کورٹ میں ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

اسی معاملے میں اکتوبر 2021 میں ساکیت کی عدالت نےشرجیل امام کوباقاعدہ ضمانت دینے سےیہ کہتے ہوئے انکار کردیا تھاکہ ان کی آگ لگانے والی تقریر کے لہجے اور تناؤ،عوامی سکون،امن اور معاشرے کی ہم آہنگی پر کمزور اثر پڑتا ہے۔

