تلنگانہ میں 28 اور 29 ستمبر کو ہونے والے ڈگری کے امتحانات ملتوی
عثمانیہ یونیورسٹی اور امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کے پریس نوٹس جاری
حیدرآباد:27۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
گلاب طوفان کے اثرات سے ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے بالخصوص حیدرآباد میں آج صبح سے شدید ترین بارش کے باعث سارا نظام مفلوج ہوگیا ہے اور اس بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج رات،کل بروز منگل اور چہارشنبہ کو بھی حیدرآباد سمیت ریاست کے مختلف اضلاع میں شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔
جاریہ شدید بارش کے پیش نظر ریاست تلنگانہ میں کل سے آغاز ہونے والے انجینئرنگ اور ڈگری کے امتحانات کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

اس سلسلہ میں کنٹرولر آف ایگزامنیشنس عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد نے پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں کل 28 ستمبر اور 29 ستمبر کو ہونے والے ڈگری امتحانات کو ملتوی کیا گیا ہے۔
اس پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ ہر کورس/پروگرام کے امتحانی شیڈول کی نظر ثانی شدہ تاریخیں عثمانیہ یونیورسٹی کی ویب سائٹ https://www.osmania.ac.in پر مقررہ وقت پر پوسٹ کی جائیں گی۔
ملتوی شدہ امتحانات II ,UG (B.A/B.Com/B.Sc./B.B.A/B.S.W) ، اور IV سمسٹر (ریگولر اور بیک لاگ)
اور PGRRCDE-UG امتحانات کے لیے نظر ثانی شدہ ٹائم ٹیبل جلد ہی عثمانیہ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر پوسٹ کیا جائے گا۔
دوسرے امتحانات جو پہلے ہی شروع ہو چکے ہیں اصل شیڈول کے مطابق 30.09.2021 سے منعقد ہوں گے۔
اسی طرح ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں بھی کہا گیا ہے شدید بارش کے پیش نظر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کی جانب سے ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں 28 ستمبر اور 29 ستمبر کو منعقدہ امتحانات کو ملتوی کیا جارہا ہے۔
ان امتحانات کے دوبارہ انعقاد کی تاریخوں کا اوپن یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.braouonline.in یا پھر اسٹڈی سنٹرس کے ذریعہ اعلان کیا جائے گا۔

