تلنگانہ میں ڈگری اور پی جی کے امتحانات تا حکم ثانی ملتوی
حیدرآباد :24۔مارچ (سحرنیوز ڈاٹ کام)
آج 24 مارچ کو چیئر مین کونسل فار ہائیر ایجوکیشن پروفیسر پاپی ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں تمام ڈگری اور پی جی کے امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں اس طرح یاست تلنگانہ کی تمام یونیورسٹیز کے تحت منعقد ہونے والے ڈگری اور پی جی کے سمسٹر امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ امتحانات کے دوبارہ انعقاد کیلئے نئی تاریخ کاحالات کے تحت اعلان کیا جائے گا۔
اسی دؤران آج 24 مارچ کو کنٹرولر آف ایگزامنیشنس عثمانیہ یونیورسٹی ،حیدرآباد کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت تلنگانہ کی ہدایت پر عثمانیہ یونیورسٹی کے تعلیمی سال کے آغاز شدہ امتحانات کو ملتوی کردیا گیا ہے ۔ بعد ازاں ان امتحانات کیلئے نیا شیڈول جاری کیا جائے گا۔اس طرح آج سے آغاز شدہ عثمانیہ یونیورسٹی کے ڈگری سیکنڈ ایئر اور تھرڈ ائیر کے امتحانات منعقد نہیں ہونگے۔
یاد رہے کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں کورونا وائرس کے جاری دوبارہ قہر اور خود ریاست تلنگانہ کے چند اسکولس اور ہاسٹلس میں بڑی تعداد میں طلبہ ، اساتذہ اور دیگر عملہ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے اور کوروناکے بڑھتے معاملات کے پیش نظرکل 23 مارچ کو ریاستی وزیر اعلیٰ کے سی آر نے
وزیر تعلیم پی۔ سبیتا اندرا ریڈی سمیت محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں کا ایک اجلاس طلب کرنے کے بعد وزیر تعلیم کو ہدایت دی تھی کہ ریاست میں سوائے میڈیکل کالجس کے تمام سرکاری اور خانگی اسکولس ، کالجس ، اقامتی اسکولس ، گروکل ہاسٹل اورتمام ہاسٹلوں کو غیر معینہ مدت کیلئے 24 مارچ بروز چہارشنبہ سے مکمل طورپر بند کردینے کی ہدایت دی تھی۔جس کے بعد کل شام ریاستی اسمبلی میں وزیر تعلیم پی۔ سبیتا اندراریڈی نے اس کا اعلان کیا تھا۔
تاہم کل 23 مارچ کی شام دیر گئےکنٹرولر آف ایگزامنیشنس عثمانیہ یونیورسٹی ،حیدرآباد کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں کہا گیا تھا کہ عثمانیہ یونیورسٹی کے تعلیمی سال کے تمام طئے شدہ امتحانات کوویڈ سے تحفظ کے تمام اقدامات کیساتھ حسب معمول منعقد کیے جائیں گے ۔اس کے بعد آج 24 مارچ کو طلبہ نے ان امتحانات میں شرکت بھی کی۔