تلنگانہ/سنگاریڈی ضلع: کوویڈ ویکسین لینے سے انکار،خوفزدہ نوجوان املی کے پیڑ پر چڑھ گیا،محکمہ صحت کے عہدیدار پریشان: ویڈیووائرل

ارے اُتر رے باوا !!
تلنگانہ: کوویڈ ویکسین لینے سے انکار،خوفزدہ نوجوان املی کے پیڑ پر چڑھ گیا
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

حیدرآباد؍سنگاریڈی: 09۔ڈسمبر(سحرنیوز ڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ میں دن بہ دن تشویشناک حد تک کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔دوسری جانب جنوبی آفریقہ میں دریافت کوروناوائرس کی دوسری شکل "اومی کرون Omicron# ساری دنیا کو پریشان کیے ہوئے ہے۔

26 نومبر کو ” ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن WHO ” کی جانب سے دنیا کے تمام ممالک کودئیے گئے انتباہ کے بعدخبررساں ادارہ رائٹرس کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی رپورٹ کے مطابق اومی کرون اندرون دو ہفتہ دنیا کے 57 ممالک تک پہنچ گیا ہے ساتھ ہی ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے یہ انتباہ بھی دیا ہے کہ اومی کرون کے مزید ممالک تک پہنچنے کے امکانات ہیں۔

ہندوستان میں اب تک چار ریاستوں مہاراشٹرا،راجستھان، کرناٹک اور گجرات میں دو درجن سے زائد اومی کرون کے مریضوں کی شناخت ہوئی ہے جو کہ ان ممالک سے پہنچے تھے جہاں اومی کرون کی وبا پھیلی ہوئی ہے۔

ان میں سب سے زیادہ ممبئی میں 10 افراد اومی کرون سے متاثر پائے گئے ہیں جبکہ راجستھان میں9، کرناٹک میں 2 اور گجرات میں ایک شخص اومی کرون سے متاثر پایا گیا ہے۔

اومی کرون کے انتباہ کے بعد ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ کے مطابق ریاست تلنگانہ اب تک اومی کرون کا ایک بھی کیس درج نہیں ہوا ہے۔

ایسے میں تلنگانہ حکومت نے کوویڈ ٹیکہ اندازی میں تیزی پیدا کردی ہے اور اس سلسلہ میں خصوصی مہم کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔

ریاستی وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ نے ریاستی محکمہ صحت،ضلع کلکٹران اور متعلقہ عہدیداروں کوسخت ہدایت دی ہے کہ جاریہ ماہ ڈسمبر کے اواخر تک ریاست میں کوویڈ ٹیکہ اندازی کے صد فیصد نشانہ کو مکمل کرلیا جائے اور اس کے لیے خصوصی کیمپ بھی منعقد کیے جائیں۔

وہیں کوویڈ ویکسین کے معاملہ میں آج بھی عوام کی زیادہ تعداد ذہنی تحفظات اورمختلف اندیشوں کا شکار ہے،اس پر رہی سہی کسر سوشل میڈیا بالخصوص واٹس ایپ پورا کررہا ہے۔جس میں زیرگشت مختلف غیر مصدقہ ویڈیوس اور آڈیوس عوام کے خوف میں مزید اضافہ کا باعث بن رہے ہیں۔

کوویڈ ٹیکہ اندازی مہم کے دؤران محکمہ صحت کے عہدیداروں کو سنگاریڈی ضلع میں اس وقت پریشانی کے ساتھ ساتھ عجیب حالات سے دوچار ہونا پڑا جب وہ کوویڈ ویکسین دینے کے لیے موضع میں پہنچے تو کوویڈ ٹیکہ لینے سے انکار کرتے ہوئے ایک نوجوان گاؤں میں موجود املی کے پیڑ پر چڑھ گیا۔

” اس واقعہ کا ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے "

کوویڈ ٹیکہ اندازی کی خصوصی مہم کے دؤران محکمہ صحت کے عہدیدارسنگاریڈی ضلع کے نیال کل منڈل پہنچے اور رے جنتل موضع میں اپنی عمر کے 18 سال مکمل کرچکے افراد کو کوویڈ ٹیکہ دینے میں مصروف تھے۔

محکمہ صحت کے عہدیداروں نے جب وہاں موجود غوث الدین نامی نوجوان سے کہا کہ وہ بھی کوویڈ ٹیکہ لے تو انکار کرتے ہوئے موضع کا نوجوان غوث الدین وہاں سے فرار ہوگیا۔اور قریب ہی موجود ایک املی کے گھنے پیڑ پر چڑھ کر بیٹھ گیا۔

یہ منظر وہاں موجود محکمہ صحت کے عہدیداروں،نرسوں اور موضع کے عوام کے لیے جہاں ہنسنے کے لیے مجبور کررہا تھا وہیں اس نوجوان کی اس حرکت پر سب پریشان تھے۔نیچے سے کوئی اس نوجوان سے  کہہ رہے تھے کہ ” ارے اُتر رے باوا ” (باوا: باپ)

بہت کوشش اور سمجھانے کے باؤجود یہ نوجوان پیڑ سے اس وقت تک نیچے نہیں اترا جب تک کہ ٹیکہ دینے والے وہاں سے چلے نہیں گئے۔اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔