محکمہ برقی تانڈور کاملازم اے سی بی کے جال میں

ریاستی خبریں

محکمہ برقی تانڈور کاملازم اے سی بی کے جال میں

بیس ہزار روپئے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

تانڈور۔28۔جنوری (سحرنیوزڈاٹ کام ) محکمہ برقی تانڈورکے دفتر پر محکمہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے دھاوے کے دوران محکمہ برقی کے کمپیوٹر آپریٹر سبیل بابا کو اے سی بی کی ٹیم نے 20 ہزار روپئے کی رشوت کی نقد رقم حاصل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑلیا۔

جناب سید فیاض ،ڈی ایس پی محکمہ اینٹی کرپشن بیورو نے اس کارروائی کے بعد میڈیا نمائندوں کوتفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ ملکاپور منڈل تانڈور میں غفار پاشاہ کی پتھر کی معدن کو تانڈور کے ساکن محمد خالد اور محمد سبحان لیز پر حاصل کرکے کانکنی میں مصروف ہیں محمد خالد   نے22؍نومبر 2020ء کو اے ڈی محکمہ برقی تانڈور رام داس کو ایک تحریری درخواست دیتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ موجودہ پتھر صنعت کی ابتر حالت اور کاروبار کے ٹھپ ہونے کی وجہ سے اس معدن میں حاصل کیے گئے 74؍ ایچ پی کے ٹرانسفارمر کو تبدیل کرتے ہوئے اسکے مقام پر49؍ایچ پی کا حامل برقی ٹرانسفارمر نصب کیا جائے کیونکہ انہیں ماہانہ 40؍ہزار روپئے کا برقی بل ادا کرنا پڑرہا ہے۔

درخواست دئیے جانے کے دوماہ بعد بھی اس سلسلہ میں اے ڈی محکمہ برقی تانڈور رام داس ٹال مٹول سے کام لے رہے تھے۔جناب سید فیاض ڈی ایس پی اے سی بی نے بتایا کہ اس معاملہ میں اے ڈی سے سفارش کیلئے اسی دفتر کے کمپیوٹر آپریٹر سبیل بابا نے محمد خالد سے جملہ 30,000؍روپئے کی رشوت طلب کی تھی جس پر درخواست گزار محمد خالد 22 جنوری کو محکمہ اے سی بی سے رجوع ہوتے ہوئے شکایت کی تھی۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے آج دوپہر جناب سید فیاض ڈی ایس پی محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کی کی قیادت میں اے سی بی عہدیداروں کی ٹیم نے محکمہ برقی تانڈور کے دفتر پر اپنا جال بچھایاتھاکہ کمپیوٹر آپریٹر سبیل بابا کو محمد خالد کے پاس سے بطور رشوت 20,000؍ روپئے نقد رقم حاصل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑلیا گیا۔

ڈی ایس پی اے سی بی جناب سید فیاض نے بتایا کہ ساتھ ہی سبیل بابا کے ٹیبل کے دراز سے 13,500روپئے بھی اے سی بی نے ضبط کرلیے ہیں کیونکہ اس رقم کی واضح تفصیلات سبیل بابا نہیں دے پائے کہ یہ رقم کہاں کی ہے اور انکے ٹیبل کے دراز میں کیوں رکھی ہوئی ہے ؟ اس سلسلہ میں محکمہ اے سی بی مزید تحقیقات میں مصروف ہے !

جناب سید فیاض ڈی ایس پی محکمہ اینٹی کرپشن بیورو نے اس موقع پر عوام سے کہا ہیکہ اگر کسی بھی سرکاری محکمہ میں کسی بھی کام کیلئے کوئی بھی سرکاری عہدیدار رشوت طلب کرتا ہے تو بلاء خوف وخطر اے سی بی کے ٹول فری نمبر 1064 پر اطلاع دی جائے تو ایسے رشوت خور عہدیداروں کیخلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔محکمہ برقی تانڈور کے دفترپر آج کیے گئے اے سی بی ٹیم کے دھاوے میں چارسرکل انسپکٹران اے سی بی ہریش کمار،سدرشن ، ناگاراجو ،ستیش کمارکے بشمول چار سب انسپکٹران اے سی بی نے حصہ لیا۔

وہیں آج اے سی بی کے ہاتھوں کمپیوٹر آپریٹر سبیل باباکے پھنسنے کی اطلاعات کے بعد یہاں عوام میں یہ سوال زیرگشت ہیکہ ٹرانسفارمرس کی تبدیلی اوردیگر احکام کیلئے صرف اے ڈی رام داس ہی مجاز ہوتے ہیں تو ایسے میں رشوت کی رقم سبیل بابا نے کیوں طلب اور قبول کی ؟

اس سلسلہ میں یہ اطلاع بھی ہیکہ ڈی ایس پی محکمہ اینٹی کرپشن بیورو جناب سید فیاض کی قیادت میں محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کی ٹیم نے اے ڈی محکمہ برقی تانڈور رام داس سے بھی اس معاملہ میں تفتیش کی ہے ! اور دفتر میں موجود چندفائلوں کا تفصیلی مشاہدہ بھی کیا؟

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے