تلنگانہ میں 50 ہزار ڈاکٹرس، نرسوں اور دیگرطبی عملہ کی خدمات حاصل کرنے حکومت کا فیصلہ
وزیراعلیٰ کے سی آر نے ایم بی بی ایس کی تکمیل کرنے والے ڈاکٹرس سے آگے آنے کی اپیل کی
حیدرآباد: 10۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
گزشتہ سال سے کورونا وائرس کی وباء کے آغاز کے بعد سے مسلسل اپنی خدمات میں مصروف ڈاکٹرس ، نرسوں اور محکمہ صحت کا دیگر طبی عملہ جو کہ کوروناوارئیرس کی حیثیت سے محاذ پر ڈٹا ہوا ہے پر دباؤ کم کرنے کی غرض سے وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے۔ چندرا شیکھر راؤ نے ریاست میں 50,000 ایم بی بی ایس کی تکمیل کرنے والے اہل ڈاکٹرس کے تقررات کا فیصلہ کیا ہے۔
ریاست میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور اس پر قابو پانے کے اقدامات پرکل ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس میں وزیر فینانس ٹی۔ ہریش راؤ، ریاستی چیف سکریٹری سومیش کماراورسیکریٹری محکمہ صحت مرتضیٰ علی رضوی کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔
دو تا تین ماہ کے دؤران ڈاکٹرس، نرسیس، لیاب ٹکنیشنس، فارماسیسٹ اور دیگر پیرامیڈیکل عملہ کا تقرر کرتے ہوئے کورونا کے علاج میں اُن کی خدمات سے استفادہ کرنے کی وزیراعلیٰ کے۔ چندراشیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان تمام کو اعزازی مشاہرہ دیا جائے گا اور ساتھ ہی کورونا کی سنگین صورتحال میں ریاست کے لیے پیش کی جانے والی ان کی خدمات کو مسلمہ حیثیت دی جائے گی اور مستقبل میں ملازمتوں پرمستقل تقررات بھرتی کے لیے اُنہیں ویٹیج نشانات بھی دیئے جائیں گے۔
اس سلسلہ میں خواہشمند ڈاکٹرس http://odls.telangana.gov.in/medicalrecruitment.home.aspx اس ویب سائٹ پر آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے سی آر نے ایم بی بی ایس کی تکمیل کرنے والے نوجوان ڈاکٹرس سے اپیل کی ہے کہ وہ ان مشکل حالات میں ریاست کے عوام کی مدد کے لیے آگے آئیں تاکہ عوام اس وباء کے دؤران علاج کی عدم دستیابی کے خوف سے پریشان نہ ہوں۔
ڈاکٹرس کے علاوہ ریاست میں اہلیت رکھنے والے نرسس،لیاب ٹکنیشنس،فارماسسٹ اور دیگر نیم طبی عملہ سے بھی آگے آنے کی وزیراعلیٰ کے سی آر نے اپیل کی ہے۔
وزیراعلیٰ کے سی آر نے عاد ل آبادکے ریمس کے 250 بستروں کے سوپراسپیشالٹی ہاسپٹل اورورنگل کے کاکتیہ میڈیکل کالج کے احاطہ میں تعمیر کردہ ایم جی ایم سے تعلق رکھنے والے 250 بستروں کے سوپراسپیشالٹی ہاسپٹل میں طبی عملہ کے فوری تقرر اورجلد ہی طبی خدمات کا آغارکرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔
اور اس کے لیے ایم جی ایم کے سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کو 8 کروڑ روپئے اور عادل آباد کے ہاسپٹل کے لیے 20 کروڑ روپے فوری جاری کیے جانے کا بھی وزیراعلیٰ نے اعلان کیا۔اس کے ساتھ ساتھ ورنگل ہسپتال کے لیے 363 اور عادل آباد ہسپتال کے لیے 366 عملہ کے فوری تقررات کے اقدامات کی بھی وزیراعلیٰ کے سی آر نے عہدیداروں کوہدایت دی۔
اس جائزہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے۔ چندراشیکھر راؤ نے ریاست میں آکسیجن کی قلت کو دور کرنے کے لئے مختلف ریاستوں سے حاصل کی جانے والی آکسیجن کی تفصیلات حاصل کیں اور مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست کو منظورہ آکسیجن کے حصول میں تیزی لانے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔
اسی طرح کورونا کے مریضوں کو دیئے جانے والے ریمیڈیسور انجکشن کے علاوہ دیگر ادویات کے اسٹاک سے متعلق تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ریاست کے سرکاری ہسپتالوں میں آکسیجن سمیت تمام ادویات کی قلت پیدا نہ ہو اس کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ کے سی آر کو عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست کے ہسپتالوں میں جملہ 7393 بیڈس خالی ہیں ان میں 2470 آکسیجن والے اور 600 وینٹی لیٹر پر مشتمل بیڈس شامل ہیں اور ادویات کے علاوہ طبی عملہ بھی دستیاب ہے۔وزیراعلیٰ نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ خانگی ہسپتالوں کو ریمیڈیسیور انجکشن تک رسائی کو مزید آسان بنایا جائے۔