ریاست تلنگانہ میں خصوصی مہم کے ذریعہ روزآنہ تین لاکھ کوویڈ ویکسین دئیے جائیں
اعلیٰ سطحی اجلاس میں محکمہ صحت کو چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ کی ہدایت
حیدرآباد:12۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھر راؤ نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ریاست کے عوام کو کوویڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی مہم Special Drive کا آغاز کرتے ہوئے روزآنہ تین لاکھ کوویڈ ویکسین دئیے جائیں۔
چیف منسٹر نے کہا کہ ملک میں کوویڈ ویکسین کی بڑے پیمانے پر تیاری ہورہی ہے اور ریاست کو بھی درکار ویکسین فراہم کیے جانے کے امکانات ہیں۔
چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ نے کہا کہ فی الوقت ریاست میں کورونا وائرس مکمل قابو میں ہے تاہم مستقبل میں عوام کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کی غرض سے خصوصی مہم چلائی جائے اور عوام کو کوویڈ ویکسین دی جائے۔
آج اتوار کو چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ نے پرگتی بھون میں محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرتے ہوئے یہ ہدایت دی ہے۔
కరోనా నుండి తెలంగాణ ప్రజలను కాపాడుకోవడానికి రోజుకు 3 లక్షల మందికి #కోవిడ్ వ్యాక్సినేషన్ ఇచ్చేలా స్పెషల్ డ్రైవ్ చేపట్టాలని సీఎం శ్రీ కేసీఆర్ వైద్యశాఖను ఆదేశించారు. దేశంలో వ్యాక్సిన్ ఉత్పత్తి పెరుగుతున్నందున మన రాష్ట్రానికి కూడా సరిపడా వ్యాక్సిన్ సరఫరా అయ్యే అవకాశం ఉందన్నారు. pic.twitter.com/wE0nLOtb4a
— Telangana CMO (@TelanganaCMO) September 12, 2021
اس اجلاس میں محکمہ صحت کے عہدیداروں نے چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ کو بتایا کہ تعلیمی اداروں کے آغاز کے بعد سے ان تعلیمی اداروں پر کورونا وائرس کے کوئی زیادہ اثرات مرتب نہیں ہوئے ہیں اور ساتھ ہی ان عہدیداروں نے کہا کہ مستقبل میں بھی ان تعلیمی اداروں پر کورونا وائرس کے کوئی بڑے اثرات مرتب ہونے کا امکان نہیں ہے۔
اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں ریاستی وزراء ایرا بیلی دیاکر راؤ، سنگی ریڈی نرنجن ریڈی،نائب صدرریاستی منصوبہ بندی کمیشن بی۔ ونود کمار، رکن اسمبلی جی۔وٹھل ریڈی،چیف سیکریٹری سومیش کمار،چیف منسٹر کے پرنسپل سیکریٹری نرسنگ راؤ،سیکریٹریز سمیتا سبھروال،راج شیکھر ریڈی،اسپیشل سیکریٹری محکمہ فینانس راما کرشنا راؤ، ہیلتھ سیکریٹری ایس اے ایم رضوی ،ڈائرکٹر محکمہ صحت سرینواس راؤ،ڈی ایم ای رمیش ریڈی،او ایس ڈی گنگادھر،مینجنگ ڈائرکٹر ٹی ایس ایم ایس آئی ڈی سی چندراشیکھرریڈی،وائس چانسلر ہیلتھ یونیورسٹی کروناکر ریڈی، ڈائرکٹر نظامس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس (نمس) منوہر اور دیگر شریک تھے۔
اس اجلاس میں محکمہ صحت کے عہدیداروں نے چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ کو واقف کروایا کہ ریاست میں کوویڈ ویکسین دئیے جانے کے 18 سال کی عمر سے زائد کے حامل جملہ 2 کروڑ 80 لاکھ افراد موجود ہیں۔
ان میں اب تک ایک کروڑ 42 لاکھ افراد کو کوویڈ ویکسین کا پہلا ٹیکہ دیا جاچکا ہے جبکہ 53 لاکھ افراد کو دوسری کوویڈ ویکسین کا ٹیکہ دیا جاچکا ہے۔اس طرح ریاست میں مزید ایک کروڑ 38 لاکھ افراد کو پہلی کوویڈ ویکسین کا ٹیکہ دیا جانا ہے۔اس اجلاس میں محکمہ صحت کے عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ کوئی بھی حالات پیدا ہوں تو ان سے نمنٹنے کے لیے ریاست میں ادویات اور دیگر سہولتیں دستیاب ہیں۔
اس اجلاس میں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ نے کہا کہ روزآنہ تین لاکھ افراد کو کوویڈ ویکسین دئیے جانے کے لیے شروع کی جانے والی خصوصی مہم میں گرام پنچایتوں کے سرپنچوں،ایم پی ٹی سیز ، وارڈ ممبرس،مواضعات کے سیکریٹریز،ایم پی پیز ،زیڈ پی ٹی سیز اور عوامی نمائندے بڑی تعداد میں حصہ لیں۔اور دیگر عہدیدار بھی اس خصوصی مہم کا حصہ بنتے ہوئے محکمہ صحت کے ملازمین کا ساتھ دیں اور اس مہم کو صد فیصد کامیاب بنائیں۔
چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ نے کہا کہ جب کورونا وبا عروج پر تھی تب سرپنچوں نے مواضعات میں لاک ڈاؤن پر سختی کے ساتھ عمل اور کورونا متاثرین کو اسکولس میں قائم آئسولیشن سنٹر میں رکھتے ہوئے ان کے بہتر علاج کو یقینی بنایا تھا جو کہ لائق ستائش اقدام ہے۔ اور اب ضرورت ہے کہ کوویڈ ویکسین کی اس خصوصی مہم کا بھی تمام حصہ بنیں۔
اس اجلاس میں چیف منسٹر کے چیف سیکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی کہ روزآنہ تین لاکھ کوویڈ ویکسین دئیے جانے کی اس خصوصی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے وہ ضلع کلکٹران اور دیگر عہدیداروں سے وقفہ وقفہ سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ جائزہ لیتے رہیں۔
چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ نے اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں ہدایت دی کہ اس خصوصی مہم کے ذریعہ روزآنہ تین لاکھ کوویڈ ویکسین دئیے جانے کے لیے اسکولوں، کالجوں،رعیتو ویدیکا کی عمارتوں اور سرکاری و خانگی عمارتوں میں ویکسین سنٹرس قائم کیے جائیں اور جہاں ضرورت ہو وہاں ٹینٹ ڈالے جائیں ، کیمپس لگائے جائیں ساتھ ہی ویکسین دینے کی اس خصوصی مہم میں شریک عہدیداروں اور طبی عملہ کے لیے غذا اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کو عہدیداران اور عوامی نمائندے یقینی بنائیں۔
چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ نے عوام سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ کوویڈ کا ٹیکہ جتنا جلد لیا جائے اتنا بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی شدت کے دؤران کوویڈ کی علامات کو محسوس کرتے ہوئے فوری اپنا علاج کروانے والے صحت یاب ہوئے ہیں۔چیف منسٹر نے کہا کہ ایسی رپورٹس بھی ہیں کہ جنہوں نے کوویڈ کی علامات کو نظر انداز کرتے ہوئے تساہلی سے کام لیا ان کی اموات واقع ہوئی ہیں۔
چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ نے عوام کو مشورہ دیا کہ آج بھی کوویڈ کی تھوڑی سی بھی علامات ظاہر ہوں تو فوری قریبی مراکز میں اپنا معائنہ کرواتے ہوئے تمام احتیاطی اقدامات یقینی طور پر کریں چیف منسٹر نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ماسک کا استعمال لازمی طور پر کریں۔
اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ نے واضح طور پر کہا کہ اب حکومت تلنگانہ کی اولین ترجیح تعلیم اور طب کا شعبہ ہوگا۔
چیف منسٹر نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مستقبل میں اگر کوروناوبا،موسمی امراض یا کسی اور امراض کا سامنا کرنا پڑے تو عوام کو بہتر علاج کی فراہمی کے لیے وہ ہمیشہ تیار رہیں اور ساتھ ہی ریاست میں آکسیجن پلانٹس ، ہسپتالوں میں بیڈس کی سہولتوں کے لیے ایک منصوبہ تیار کرتے ہوئے اس پر عمل کیا جائے۔
اس اجلاس میں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے کہا کہ حکومت نے اب تک آبپاشی پراجکٹس اور شعبہ زراعت کی ترقی کو ترجیح دی تھی لیکن اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ شعبہ طب اور تعلیم پر زیادہ توجہ دی جائے۔
انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست میں میڈیکل کالجوں کے قیام، ملٹی سوپر اسپیشالٹی ہسپتالوں کی تعمیر پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے ان کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔اس اجلاس میں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ شعبہ طب میں بہترین خدمات کے حامل ” نظامس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس کے احاطہ میں مزید دو ٹاورس تعمیر کرتے ہوئے طبی خدمات کا دائرہ وسیع کیا جائے۔ساتھ ہی عہدیداروں کو انہوں نے ہدایت دی کہ عوام کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی، صاف صفائی کے معاملہ میں سرکاری ہسپتالوں کو خانگی ہسپتالوں کی طرز پر ترقی دی جائے۔