تلنگانہ کی سینما تھیٹرس میں روزآنہ پانچ شوز کی اجازت کے مطالبہ پر حکومت کا غور:تلسانی سرینواس یادو

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

تلنگانہ کی سینما تھیٹرس میں روزآنہ پانچ شوز کی اجازت کے مطالبہ پر حکومت کا غور

فلم انڈسٹری کو درپیش مسائل پر ریاستی وزیر تلسانی سرینواس یادو کی صدارت میں اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس

حیدرآباد: 10۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاستی وزیر سینما آٹوگرافی، انیمل ہسبنڈری و فشریز تلسانی سرینواس یادو نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر اپنی منفرد شناخت کے حامل شہر حیدرآباد کو فلمی ہب کے طور پر بھی ترقی دینے کے لیے ریاستی وزیر اعلیٰ کے۔ چندراشیکھر راؤ کوشاں ہیں۔

آج ریاستی وزیرتلسانی سرینواس یادو کی صدارت میں عارضی سیکریٹریٹ بی آر کے آر بھون میں فلم انڈسٹری کی ترقی،مسائل اور ان کے حل پر غور وخوص کے لیے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔

اس اجلاس میں ریاستی وزیر سینما آٹوگرافی، انیمل ہسبنڈری و فشریز تلسانی سرینواس یادو نے کہا کہ فلموں کی شوٹنگ کےدؤران درپیش مسائل اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے سنگل ونڈوکے تحت اجازت دی جارہی ہے۔

اس اجلاس میں فلم ڈسٹری بیوٹرس نے ریاستی وزیر سرینواس یادو سے خواہش کی کہ گزشتہ سال سے کورونا وباء کے باعث نقصانات اور مشکلات کو دیکھتے ہوئے فلمی صنعت کے تحفظ کی غرض سے سینما تھیٹرس میں روزآنہ پانچ شو چلانے کی اجازت دی جائے جس پر ریاستی وزیر سینما آٹوگرافی، انیمل ہسبنڈری و فشریز تلسانی سرینواس یادو نے ان ڈسٹری بیوٹرس کو تیقن دیا کہ اس مطالبہ پر آئندہ اجلاس میں فیصلہ لیا جائے گا۔

ریاستی وزیر نے اجلاس کو بتایا کہ کورونا وباء کے باعث اور لاک ڈاؤن کے دؤران سنیما تھیٹرس بند رکھے جانے پر برقی بلوں اور جائداد ٹیکس میں کمی /منسوخی کے بشمول دیگر سفارشات وہ ریاستی حکومت کو روانہ کرچکے ہیں۔

اور اس مسئلہ کو ریاستی وزیراعلیٰ کے۔چندرا شیکھر راؤسے رجوع کرتے ہوئے اس کا فیصلہ بھی آئندہ اجلاس میں لیا جائے گا۔

ریاستی وزیر سینما آٹوگرافی، انیمل ہسبنڈری و فشریز تلسانی سرینواس یادو نے اس اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں کہا کہ فلمی صنعت کی ترقی کے لیے ریاستی حکومت تمام ممکنہ تعاون کررہی ہے۔اس جائزہ اجلاس میں ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے