وزیراعلیٰ تلنگانہ نے چیف سیکریٹری کو کوویڈ معاملات پر ذاتی طورپر نگرانی کی ہدایت دی
حیدرآباد :یکم۔مئی(سحر نیوزڈاٹ کام)
ریاستی وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نے آج ریاستی وزیرصحت کا قلمدان وزیرصحت ایٹالہ راجندر سے حاصل کرلینے کے بعد ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاست میں جاری کورونا وباء کے دؤران ان تمام معاملات کی وہ ذاتی طورپر نگرانی کریں۔اور یہ بھی ہدایت دی ہے کہ وہ اس پر بہت زیادہ توجہ دیں۔
یاد رہے کہ آج ہفتہ کی دوپہر ریاستی گورنر محترمہ تملسائی سندرراجن نے وزیراعلیٰ کے سی آر کی سفارش پر وزارت صحت و فیملی ویلفیئر کا قلمدان فوری عمل آوری کیساتھ ایٹالہ راجندر سے وزیراعلیٰ کےسی آر کو منتقل کردیاتھا۔

کل وزیرصحت ایٹالہ راجندر پر میدک ضلع کے موسائی پیٹ منڈل کے اچم پیٹ کے کسانوں کی جانب سے اسائنڈ اراضیات پر قبضہ کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے سی آر کو ایک شکایتی مکتوب لکھے جانے پر وزیراعلیٰ کے سی آر نے فوری تحقیقات کا حکم دیا تھا جس کی تحقیقات کا آج آغاز بھی کردیا گیا ہے۔
ریاستی وزیر اعلیٰ کے سی آر نے ساتھ ہی ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہر تین دن میں ایک مرتبہ حالات کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں واقف کروائیں ۔
اور ریاست میں آکسیجن ، ریمیڈیسیور، مختلف ادویات کیساتھ ساتھ ہسپتالوں میں بیڈس کی قلت نہ ہو اسکے لیے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنانے کی بھی وزیر اعلیٰ نے چیف سیکریٹری کو ہدات دی ہے۔
ساتھ ہی وزیر اعلیٰ کے سی آر نے سیکریٹری دفتر چیف منسٹر تلنگانہ راج شیکھر ریڈی کو کوویڈکے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کیے جانے والے اقدامات اور نگرانی کی زائد ذمہ داری تفویض کی ہے۔وزیر اعلیٰ کے سی آر نے محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ انتہائی چوکس رہیں اور ریاست میں کورونا وائرس کی وباء کے خاتمہ اور کمی کیلئے موثر اقداما ت کریں۔