دو دن میں ملازمین سرکار کے لیے پی آرسی کا اعلان : وزیر اعلیٰ کے سی آر
کوویڈ کے بڑھتے واقعات پر گہری نظر،تعلیمی اداروں کو جاری رکھنے یا بند کردینے پر بھی غور
حیدرآباد:17 مارچ (سحر نیوز ڈیسک)
وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے۔ چندراشیکھر راؤ نے آج اسمبلی کے دونوں ایوانوں سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اندرون دو یوم ملازمین سرکار کو مکمل طورپر مطمئین کرنے والے پی آرسی کا اعلان کیا جائے گا۔

آج بجٹ اجلاس کے دؤران گورنر کے خطبہ پر منعقدہ اظہار تشکر کے مباحثہ کے دؤران دونوں ایوانوں سے اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ کے۔ چندراشیکھر راؤ نے کہا کہ قانون ساز کونسل کی دو نشستوں کے لیے منعقدہ انتخابات کی وجہ سے انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ تھا یہی وجہ رہی کہ پی آرسی کا اعلان کیا نہیں گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ کے۔ چندراشیکھر راؤ نے ایوان سے اپنے خطاب میں انکشاف کیا کہ تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جہاں سرکاری ملازمین کو سب سے زیادہ تنخواہیں ادا کی جاتی ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ سرکاری ملازمین کو مکمل اطمینان بخش پی آر سی دیا جائے گا۔
دونوں ایوانو ں سے اپنے خطاب کے دؤران ریاستی وزیر اعلیٰ کے۔ چندراشیکھر راؤ نے کہا کہ کوویڈ کے بڑھتے واقعات پر حکومت کی گہری نظر ہے اور ایوان کے ارکان کی جانب سے پیش کیے گئے مختلف مشوروں پر بھی سنجیدگی کیساتھ غور کررہی ہے۔ اور ریاست میں کوویڈ کی روک تھام کے لیے حکومت ہر ممکنہ اقدام کرنے میں مصروف ہے۔
ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کووویڈ کے پھیلاؤ کے معاملہ میں دیگر ریاستوں کی بہ نسبت تلنگانہ میں حالات بہتر اور قابو میں ہیں وزیر اعلیٰ کے۔ چندراشیکھر راؤ نے کہا کہ منچریال اسکول کیسا تھ ساتھ چند ہاسٹلس میں کوویڈ کے معاملات زیادہ پیش آئے ہیں۔
ساتھ ہی کوویڈ معاملات کی روک تھام کے لیے مرکزی حکومت سے بھی ربط میں ہیں اور صلاح مشورہ کا عمل مستقل طورپر جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام دستیاب ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے ریاست میں کوویڈ کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔
وہیں دونوں ایوانوں سے اپنے خطاب میں ریاستی وزیر اعلیٰ کے۔ چندراشیکھر راؤ نے کہا کہ اسکولس ، کالجس اور ہاسٹلس میں کوویڈسے متاثر ہونے کے زیادہ معاملات پیش آرہے ہیں ۔ جسے دیکھتے ہوئے اندرون دو ، تین یوم میں فیصلہ کیا جائے گا کہ ریاست میں اسکولس ، کالجس اور ہاسٹلس میں تعلیمی سلسلہ کو جاری رکھا جائے یا بند کردیا جائے !!