عہدہ کی منتقلی کا فیصلہ پارٹی ہائی کمان کرے گی،رکن اسمبلی پارٹی کو کمزور کررہے ہیں،پولیس تحفظ کا مطالبہ: صدرنشین بلدیہ تانڈور

وقارآبادضلع: عہدہ سے استعفیٰ اور منتقلی کا فیصلہ پارٹی ہائی کمان کے ہاتھ میں
اصلی ٹی آر ایس کارکن ہم ہیں کانگریس سے آنے والے نہیں
رکن اسمبلی پر پارٹی کو کمزور کرنے اور ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام
پولیس سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ،صدرنشین بلدیہ تانڈور سواپنا پریمل کی پریس کانفرنس

وقارآباد/تانڈور:31۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)

صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے کہا ہے کہ صدرنشین بلدیہ کےعہدہ کی منتقلی یا ان کی برقراری کا فیصلہ ٹی آرایس پارٹی ہائی کمان کے ہاتھوں میں ہے۔انہوں نے رکن اسمبلی تانڈورپائلٹ روہت ریڈی کومشورہ دیاکہ وہ غیرضروری اس مسئلہ پر دھمکیوں اور بیان بازیوں  کا سلسلہ بند کریں۔صدرنشین بلدیہ یہاں رکن قانون ساز کونسل و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہیندر ریڈی کی رہائش گاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔

اس پریس کانفرنس میں ٹی آر ایس پارٹی فلور لیڈربلدیہ شوبھارانی،ارکان بلدیہ عبدالرزاق،سیدہ سلمیٰ فاطمہ،نیرجا بال ریڈی،پروین گوڑ،رامو،روی، وینکنا گوڑ،سابق نائب صدر بلدیہ رتنامالا اور دیگر شریک تھے۔صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے رکن اسمبلی کی جانب سے صدرنشین بلدیہ کے عہدہ سے انہیں ہٹانے،رکن قانون ساز کونسل پی۔مہیندرریڈی کی جانب سے وعدہ خلافی اور دیگرالزامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ خود رکن اسمبلی اپوزیشن کے ساتھ مل کر ایک سازش کے تحت ڈھائی سال کے دؤران تانڈور کے بلدی حلقوں کی ترقی میں مختلف طریقوں سے رکاوٹیں پیدا کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیہ تانڈور میں کمشنر کا عہدہ دو سال سے جان بوجھ کر مخلوعہ رکھا گیا اور آر ڈی او تانڈور کو انچارج کمشنر بلدیہ کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔جبکہ آر ڈی او کا عہدہ اور ان کی خدمات کا دائرہ وسیع ہوتا ہے ایسے میں ان پر مزید ذمہ داری عائد کی گئی ہے۔صدرنشین بلدیہ نے واضح طور پر کہا کہ ان سے عہدہ چھوڑنے کا تقاضہ ناقابل قبول ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ رکن اسمبلی اور ان کا گروپ جس طرح پروپگنڈہ میں مصروف ہے اس سے خود پارٹی کو نقصان پہنچے گا اگر پارٹی میں کچھ شخصی اختلافات ہوں تو مل بیٹھ کر حل کرلیا جاتا ہے اس طرح میڈیا اور عوام میں موضوع بحث نہیں بنایا جاتا اورایسے میں رکن اسمبلی کی جانب سے پارٹی قواعد پر عمل کی باتیں مضحکہ خیز ہیں۔

صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈاسواپنا پریمل نے ریمارک کیاکہ وہ اصل ٹی آر ایس پارٹی ہیں اورکانگریس سے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والوں کی جانب سے دھمکیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مشورہ دیا کہ ہر معاملہ میں رکن قانون سازکونسل ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی کے نام کو گھسیٹا نہ جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ صدرنشین بلدیہ تانڈور کے عہدہ کا قطعی فیصلہ پارٹی ہائی کمان کا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی ہمیشہ کہتے ہیں کہ کورونا وبا کے باعث ترقیاتی کام نہیں ہوئے اسی طرح ان کے عہدہ حاصل کرنے کے بعد ہی کورونا وبا کا آغاز ہوا تھا تو ان کے دؤر میں بھی تانڈور میں ترقیاتی کام نہیں ہوپائے۔انہوں نے کہا کہ جو رکن اسمبلی کے ساتھ ہوا ان کے ساتھ بھی یہی ہوا ہے۔صدرنشین بلدیہ نےاس امید کااظہار کیاکہ اس مسئلہ کوسامنے رکھتے ہوئے پارٹی ہائی کمان کافیصلہ ان کے حق میں ہوگا۔

صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے الزام عائد کیا کہ انہیں عہدہ سے ہٹانے کے لئے مختلف ہتھکنڈے اختیار کئے جارہے ہیں اور ان کی ڈھائی سالہ معیاد کے دؤران ترقیاتی کاموں کی انجام دہی میں رکاوٹیں پیدا کی گئیں اور ان کےشوہر پریمل گپتا پرمختلف بے بنیاد الزامات کے ساتھ پولیس میں کیس درج کروائے گئے اور اب رات کے وقت ان کے مکان اور کاروں پر پتھراؤ کیا جارہا ہے۔

صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نےواضح طور پر کہا کہ اگر انہیں اور ان کے شوہرسمیت افراد خاندان کو کچھ ہوتا ہے تو اس کے ذمہ دار رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی ہی ہوںگے۔انہوں نے ضلع ایس پی وقارآباد نندیالا کوٹی ریڈی اور ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ سے مطالبہ کیا کہ انہیں مناسب تحفظ فراہم کیا جائے۔