وقارآباد ضلع: راجیوگروہا کالونی تانڈورکے قریب موٹرسیکل کو کار کی ٹکر،ایک نوجوان ہلاک،دیگر دو زخمی،حادثہ کےمتعلق شکوک و شبہات!

وقارآباد ضلع: راجیوگروہا کالونی تانڈورکے قریب موٹرسیکل کو کار کی ٹکر
ایک نوجوان ہلاک، دیگر دو زخمی،حادثہ کےمتعلق شکوک و شبہات کا اظہار

وقارآباد/تانڈور:14۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

گزشتہ نصف شب کے قریب وقارآباد ضلع کے تانڈور میں حیدرآباد روڈ پر موجود راجیو گروہا کالونی کے قریب موٹرسیکل کو کار کی ٹکر کے باعث ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی جبکہ اس واقعہ میں دیگر دو نوجوان زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔اس حادثہ کےمتعلق مہلوک اور زخمی نوجوانوں کے افراد خاندان اور تانڈور میں مختلف شکوک و شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے!

اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق اندرماں کالونی،حیدرآباد روڈ کے ساکن عبدالجبار اور راجیو گروہا کالونی کے ساکن ابو سفیان اور محمد سہیل رات چائے پینے کی غرض سے تانڈور آئے تھے۔

بعدازاں نصف شب کے قریب یہ تینوں سہیل کی پلسر موٹرسیکل TS 34 D 3724 پر واپس اپنے مکانات واقع اندرماں کالونی اور راجیو گروہا کالونی لؤٹ رہے تھے کہ تانڈور کی جانب سے آنے والی ایک تیز رفتار کار TS 08 FB 2268نے راجیو گروہا کالونی کے قریب ان کی موٹرسیکل کو پیچھے سے ٹکر دے دی جس کے باعث عبدالجبار 33 سالہ جو کہ پیشہ سے ڈرائیور تھے کی جائے حادثہ پر ہی دلخراش موت واقع ہوگئی جبکہ سہیل اور ابو سفیان زخمی ہوگئے۔

ان دونوں زخمیوں کو فوری طور پر مقامی افراد نے تانڈور کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال منتقل کیا جہاں سے طبی امداد کی فراہمی کے بعد شدید زخمی سہیل کو بہتر علاج کی غرض سے حیدرآباد منتقل کردیا گیا جن کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔وہیں ایک اور زخمی نوجوان ابو سفیان تانڈور کے سرکاری ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

حادثہ کی اطلاع کے بعد پولیس جائے مقام پر پہنچ گئی اور بعد پنچنامہ نعش کو پوسٹ مارٹم کی غرض سے سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب مصدقہ ذرائع سے دستیاب اطلاع کے مطابق موٹرسیکل کو ٹکر دینے والی کار میں تین نوجوان سوار تھے جن میں سے ایک کا تعلق تانڈور سے اور دو نوجوانوں کا تعلق اندرماں کالونی سے بتایا گیا ہے؟۔ 

جو کہ اس حادثہ کے فوری بعد جائے حادثہ سے فرار ہوکر تانڈور پولیس اسٹیشن پہنچے اور خود کو پولیس کے حوالے کردیا!! چونکہ حادثہ کا مقام یالال پولیس اسٹیشن کے حدود میں آتا ہے تو ان تینوں نوجوانوں کو پولیس نے رات ہی یالال پولیس کے حوالے کردیا!!

اس حادثہ کے بعد اندرماں کالونی،راجیوگروہا کالونی اور تانڈور میں اس حادثہ کےمتعلق شکوک و شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے کہ آیا یہ حادثہ ہے یا جان بوجھ کر موٹرسیکل کو عقب سے ٹکر دی گئی ہے؟ تاہم اس سلسلہ میں پولیس نے کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔اس واقعہ کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔بتایا جارہا ہے کہ یہ کار کرایہ پر حاصل کی گئی تھی!

مقامی افراد کے مطابق موٹرسیکل کو یہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ٹکر کے بعد مہلوک عبدالجبار اچھل کر اس کار کے شیشے پر گرگئے اور انہیں اسی طرح کچھ دور تک لے جانے کے بعد کار کو چھوڑکر راہ فراری اختیار کی گئی۔

اس سلسلہ میں یالال پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے کار اور موٹرسیکل کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور اس حادثہ کی تحقیقات میں مصروف ہے۔