تلنگانہ : بی آر ایس رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی سے
ای ڈی کی 6 گھنٹوں تک پوچھ تاچھ، کل دوبارہ پیش ہونے کی ہدایت
حیدرآباد: 19۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
تلنگانہ ریاست میں برسراقتدار بی آر ایس پارٹی کے رکن اسمبلی حلقہ تانڈور،وقارآبادضلع پائلٹ روہت ریڈی سےڈائرکٹوریٹ آف انفورسمنٹ (ای ڈی) نے آج 19 ڈسمبر کو 6 گھنٹے طویل پوچھ تاچھ کی۔
یاد رہے کہ ای ڈی نے رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کو 16 ڈسمبر کو ایک نوٹس جاری کرتےہوئے انہیں 19 ڈسمبر کو دس بجے دن اس کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت دی تھی۔مانا جارہا تھا کہ گزشتہ سال منظر عام پر آنے والے بنگلورو منشیات معاملہ میں ای ڈی نے یہ نوٹس جاری کی ہے اور اس سلسلہ میں ان سے پوچھ تاچھ کرنے والی ہے۔!!
تاہم آج 19 ڈسمبر کو 10 بجے صبح پیش ہونے سے عین قبل ای ڈی کے دفتر کو ایک مکتوب روانہ کرتےہوئے رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے ای ڈی سے گزارش کی تھی کہ انہیں بہت کم وقت میں نوٹس روانہ کی گئی ہے اس لیے انہیں 31 ڈسمبر تک کا وقت دیا جائے۔
تاہم ای ڈی نے ان کی اس اپیل کو مسترد کرتے ہوئے ہدایت دی تھی کہ وہ آج 19 ڈسمبر کو ہی سہء پہر 3 بجے ای ڈی کے دفتر واقع بشیر باغ،حیدرآباد میں حاضر ہوں۔
جس کے بعد رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی آج سہء پہر دفتر ای ڈی میں پیش ہوئے۔ان سے 6 گھنٹوں تک ای ڈی کےعہدیداروں نے پوچھ تاچھ کی۔بعدازاں ای ڈی کے دفتر سے باہر آنے کے بعد پائلٹ روہت ریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 6 گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کے دؤران ای ڈی کے عہدیداروں نے ان سے صرف ذاتی تفصیلات حاصل کیں۔رکن اسمبلی نے ایک بار پھر کہا کہ ان کا بائیو ڈاٹا حاصل کیا گیا ہے۔ انہیں ای ڈی کے عہدیداروں نے آج بھی نہیں بتایا کہ ان سے کس معاملہ میں پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔
رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے بتایا کہ ای ڈی نے انہیں کل 20 ڈسمبر کو ساڑھے دس بجے دن دوبارہ پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔



