قرآن کریم میں ایک نقطہ کی ترمیم و تبدیلی کی بھی گنجائش نہیں
قرآن پاک کی آیتوں کو ختم کرنے کے بارے میں وسیم رضوی کی دریدہ دہنی پر جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا ردعمل
نئی دہلی : 12۔مارچ: (سحرنیوزڈاٹ کام)
قرآن کریم اللہ تعالیٰ کی نازل کی ہوئی کتاب ہے،اس بات پر پوری دنیا کے تمام فرقوں کے مسلمانوں کامکمل اتفاق ہے کہ قران کریم اپنی اصلی نازل شدہ صورت میں پوری دنیا میں موجود ہے ،اور ان شاء اللہ رہتی دنیا تک باقی رہے گا۔
قرآن کی کسی آیت میں تبدیلی کا سوچنا تو دور اس کے زیر و زبر اور ایک نقطہ تک میں بھی ترمیم کی گنجائش نہیں ہے ۔آج تک جتنے لوگوں نے قرآن کریم پر اعتراض کرنے کی کوشش کی انہیں منہ کی کھانی پڑی اور وہ اپنے ارادہ میں ناکام و نامراد ہوئے۔
یوپی کے شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی نے قرآن کریم کی 26 آیتوں کے بارے میں سپریم کورٹ میں پٹیشن داخل کی ہے ، یہ صرف پبلسٹی حاصل کرنے کا ایک اسٹنٹ اور ایسے سیاسی مفادات حاصل کرنے کی غرض سے ہے جو ذاتی نوعیت کے ہیں۔ جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب نے وسیم رضوی کی قرآن کریم کے بارے میں حالیہ بدتمیزیوں کے خلاف کہی ہیں اس سلسلہ میں بورڈ کی جانب سے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے یہ باتیں بتائی گئی ہیں۔
جنرل سکریٹری بورڈ حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب نے مزید کہا کہ وسیم رضوی کی یہ حرکت کوئی نئی نہیں ہے ، ایسی بد تمیزیاں و اسلام ، مسلمانو ں اور شعائر اسلام کے بارے میں ماضی میں بھی کرتے رہے ہیں ، جو لوگ اس سے واقف ہیں اور خبروں پر نگاہ رکھتے ہیں وہ اس کو اچھی طرح جانتے ہیں۔

معاملہ سپریم کورٹ میں ہے ، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی ٹیم اس معاملہ کو شروع سے دیکھ رہی ہے ، اور اس نے ماہرین قانون کے مشورے سے اپنا موقف تیار کرلیا ہے ،پٹیشن تیار ہو رہی ہے، اعلیٰ قانون دانوں کے مشورہ کے مطابق مناسب وقت پر سپریم کورٹ میں پیش کیا جائے گااور پوری مضبوطی سے سپریم کورٹ میں مسلمانوں کا موقف رکھا جائے گا۔

